سیکرٹ سپرسٹار میں زائرہ وسیم برقعے میں لیکن کیا حقیقی زندگی میں ایسا کریں گی؟

تصویر کے کاپی رائٹ Secret Superstar

بالی وڈ کی معروف فلم 'دنگل' اور 'سیکرٹ سپر سٹار' سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی 17 سالہ کشمیری اداکارہ زائرہ وسیم کا کہنا ہے کہ اگر انھیں پاکستانی فلم میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی تو وہ بالکل کریں گی۔

سترہ برس کی عمر میں یا صرف دو برس کے عرصے میں دو بڑی فلموں میں اداکاری اور نیشنل ایوارڈ حاصل کرنے پر زائرہ وسیم نے کہا کہ اتنی جلدی اس مقام پر پہنچنے پر کسی دباؤ میں نہیں بلکہ وہ خود کو بڑی خوش قسمت تصور کرتی ہیں۔

'لازمی نہیں ہر برقعے والی دباؤ میں ہو'

'میں بہت خوش ہوں اور خود کو بہت خوش قسمت تصور کرتی ہوں کہ مجھے اتنے اچھے لوگوں کے ساتھ کام کرنے کو ملا، اور سب سے اہم کہ جن فلموں میں مجھے کام کرنے کا موقع ملا وہ نہ صرف تفریح فراہم کرتی ہیں بلکہ اس کے ساتھ لوگوں تک پیغام بھی پہنچاتی ہیں اور اس پر میں بہت خوش ہوں۔ اور جہاں تک دباؤ کی بات ہے تو میری شخصیت ایسی ہی کہ ہر وقت زیادہ سوچتی رہتی ہوں۔'

اپ کی ڈیوائس پر پلے بیک سپورٹ دستیاب نہیں
’اگر پاکستانی فلم میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی تو وہ بالکل کریں گی‘

زائرہ وسیم کی پہلی ہی فلم'دنگل'بالی وڈ کی تاریخ کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی۔ زائرہ وسیم نے فلم میں انڈیا کی اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی خاتون ریسلر گیتا پھوگاٹ کا کردار ادا کیا اور اس پر بہترین سپورٹنگ اداکارہ کا نیشنل ایوارڈ حاصل کیا۔

دنگل کی کامیابی نے زائرہ کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا اور یہ سلسلہ یہاں پر ہی نہیں رکا بلکہ دنگل میں ان کے والد کا کردار ادا کرنے والے اداکار عامر خان ان کی نئی فلم سیکرٹ سپر سٹار میں پلے بوائے میوزک پروڈیوسر کے کردار میں نظر آتے ہیں۔

سیکرٹ سپر سٹار میں زائرہ وسیم برقعے میں نظر آتی ہیں لیکن کیا حقیقی زندگی میں ایسا کریں گی؟

اس پر انھوں نے کہا کہ ’وہ ایسا کیوں نہیں کریں گی کیونکہ ہر ایک کو آزادی ہونی چاہیے کہ جو وہ کہنا چاہتا ہے یا پہننا چاہتا ہے۔ اس میں مرد اور خواتین دونوں کو یہ حق دینا چاہیے کہ وہ جو بھی چاہیں پہن سکیں ۔‘

برقعے پر تبصرہ، ’دنگل گرل‘ کا وزیرِ کھیل کو جواب

سیکرٹ سپرسٹار میں چھپ چھپ کر گانا گانے کے کردار کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں زائرہ وسیم نے کہا کہ وہ حقیقی زندگی میں بھی کچھ اسی طرح کی ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Secret Superstar

'میری جو رائے ہوتی ہے اور جو محسوس کرتی ہوں اس پر زیادہ بات نہیں کرتی لیکن اس وقت جب مجھے لگتا ہے کہ اپنی رائے بتانی چاہیے اور اس صورتحال میں اپنی رائے کو بتانا ضروری ہے تو ضرور کرتی ہوں لیکن میں خود کو اپنی ذات تک محدود رکھنے والی شخصیت ہوں۔'

زائرہ وسیم کشمیر کی رہائشی ہیں لیکن آج کل ان کا زیادہ وقت ممبئی میں گزرتا ہے۔

اس پر انھوں نے کہا کہ' وہاں کے لوگ بہت یاد آتے ہیں اور وہاں پر میرا خاندان اور دوست ہیں اور سب سے اہم وہاں کا کھانا مجھے بہت یاد آتا ہے جس میں وازوان بہت پسند ہے۔'

پاکستان میں سیکرٹ سپرسٹار پسند کیے جانے پر زائرہ وسیم نے کہا کہ'پہلے تو لوگوں کا فلم کو پیار دینے پر بہت شکریہ اور انھیں فلم ضرور پسند آئی ہو گی اور جنھوں نے نہیں دیکھی وہ جا کر دیکھیں اور پہلے سے دیکھنے والی دوبارہ جا کر دیکھیں اور اگر پاکستان سے فلم کی پیشکش ہوئی تو ہاں ضرور بالکل کریں گی۔'

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں