’سلمان اور ایشوریہ ایک ساتھ‘

رنویر سنگھ تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption فلم 'پدما وتی' میں رنویر سنگھ نے دور سلطنت کے معروف بادشاہ علاؤالدین خلجی کا کردار ادا کیا ہے

آج کل سوشل میڈیا تنازعوں کا گڑھ بن چکا ہے جہاں بالی وڈ کی بڑی شخصیات کو سب سے زیادہ نشانہ بنایا جاتا ہے۔ کبھی ان کے سیاسی یا سماجی نقطۂ نظر کے حوالے سے تو کبھی ان کے لباس پر اور کبھی ذاتی زندگی کے حوالے سے۔

اس وقت فلم 'پدما وتی' سوشل میڈیا کا نیا شکار ہے۔ اس فلم میں رانی پدما وتی اور دلی کے بادشاہ علاؤالدین خلجی کے کرداروں اور ان کی کہانی پر پہلے ہی خاصا ہنگامہ ہو چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

٭ ’میرا دل سلمان خان کے لیے دھڑکتا ہے‘

٭ ’مقصد ایشوریہ کے ساتھ رومانس کرنا نہیں‘

٭ خلجی اور ملک کافور کا رشتہ کیا تھا؟

فلم کے سیٹ پر توڑ پھوڑ سے لے کر فلم کے ڈائریکٹر سنجے لیلا بھنسالی پر تشدد تک کیا گیا۔ بیچارے بھنسالی کئی مرتبہ فلم اور کہانی کے بارے میں صفائی پیش کر چکے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter/DeepikaPadukone
Image caption دیپکا پاڈوکون نے فلم میں رانی پدماوتی کا کردار ادا کیا ہے

لیکن لگتا ہے کہ اس سب سے فلم میں علاؤالدین خلجی کا کردار نبھانے والے رنویر سنگھ کا دل نہیں بھرا اور شاید اسی لیے تو انھوں نے ٹوئٹر پر یہ لکھ کر 'میں اپنا مذہب کھو رہا ہوں' مصیبت کو دعوت دے ڈالی۔

اب پورے ہندوستان کے 'بھکت' رنویر سنگھ کو دھرم کا پاٹھ پڑھانے اور شرمسار کرنے کے نیک کام میں لگ گئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر ٹرولز کا مزہ لینے والے رنویر سنگھ کو شاید فلم ’پدما وتی‘ کے لیے اور پبلسٹی کی ضرورت تھی لیکن کہیں یہ پبلسٹی انھیں مہنگی نہ پڑ جائے۔

کیا عید پر سلمان اور ایشوریہ مد مقابل ہوں گے؟

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption سلمان خان اور ایشوریہ رائے ایک وقت ایک دوسرے کے بہت قریبی دوست کہے جاتے تھے

لگتا ہے اگلی عید پر سلمان خان اور ایشوریہ رائے کا آمنا سامنا ہونے والا ہے۔ حقیقت میں تو دونوں ایک دوسرے کے سامنے آنے سے پہلے ہی اپنے راستے بدل لیتے ہیں لیکن اگلی عید پر باکس آفس پر دونوں ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گے۔

سلمان خان کی فلم 'ریس تھری' کی شوٹنگ شروع ہو چکی ہے۔ ریس تھری ایک کامیاب فرینچائز کی تیسری قسط ہے اور فلم کی ریلیز اگلے سال عید پر ہوگی۔

ادھر ایشوریہ رائے کی فلم 'فینی خان' کی شوٹنگ بھی زوروں پر ہے اور اس فلم کی ریلیز کے لیے بھی عید کا انتخاب کیا گیا ہے۔ سلمان کے ساتھ فلم میں جیکلین فرنانڈیز ہیں جبکہ ایشوریہ کے ساتھ راجکمار راؤ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

٭ سلمان خان کو صرف ایک تاریخ یاد رہتی ہے

٭ ایشوریہ اداکارہ یا سابقہ مس ورلڈ؟

٭ بالی وڈ میں موسم معافی تلافی کا

ویسے تو پہلے بھی کئی فلمیں یا یوں کہیں کہ بڑی فلمیں ایک ساتھ ریلیز ہو چکی ہیں لیکن سلمان اور ایشوریہ کی فلمیں ایک ساتھ ریلیز ہونے کی خبر لوگوں کے لیے خاصی دلچسپی کا باعث ہے کیونکہ بریک اپ کے بعد سے دونوں پردے پر تو ایک ساتھ نظر نہیں آئے تو باکس آفس پر ہی سہی۔ دیکھتے ہیں کس میں کتنا ہے دم؟

نوازالدین کے خلاف دو کروڑ ہرجانے کا مقدمہ

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption اداکار نوازالدین صدیقی نے نے اپنی کتاب اورڈینیری لائف واپس لے لی ہے تاہم اس کی بازگشت جاری ہے

کہتے ہیں جب کوئی نامور انسان اپنی زندگی پر کتاب لکھتا ہے اس کی شہرت اور دولت میں اضافہ ہوتا ہے لیکن نواز الدین صدیقی تو اپنی کہانی لکھ کر ایسے پھنسے کہ لینے کے دینے پڑ گئے۔

ان کی ایک سابق گرل فرینڈ نہاریکا سنگھ نے تو انھیں صرف لتاڑا ہے لیکن ایک اور سابق گرل فرینڈ سنیتا رجوار جنھیں نواز الدین نے اپنی کتاب میں پہلا پیار کہہ کر پکارا تھا نے ان کے خلاف کیس ٹھونک ڈالا اور دو کروڑ روپے کے معاوضے کا مطالبہ بھی کیا۔

اگرچہ نوازالدین نے معافی مانگتے ہوئے اپنی کتاب 'آرڈینری لائف' یعنی ایک 'عام سی زندگی' کو واپس بھی لے لیا ہے لیکن جس طرح کمان سے نکلا ہوا تیر واپس نہیں آتا اسی طرح نواز بھائی کی عام سی زندگی اب ایک خاص کہانی بنتی جا رہی ہے۔ دیکھتے ہیں آگے آگے ہوتا ہے کیا!

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں