دنگل کی گیتا کا ہراساں کیے جانے کا الزام، ’کیا لڑکیوں کے ساتھ ایسا سلوک کیا جائے گا؟‘

انڈیا تصویر کے کاپی رائٹ Spice pr

فلم ’دنگل‘ میں گیتا کے کردار سے شہرت حاصل کرنے والی بالی وڈ کی 17 سالہ اداکارہ زائرہ وسیم کی جانب سے سوشل میڈیا پر ویڈیو کلپ جاری ہوا ہے جس میں انھوں نے ایک شخص کی جانب سے دوران پرواز ہراساں کیے جانے کا الزام لگایا ہے۔

ویڈیو میں واضح ہے کہ زائرہ وسیم کافی جذباتی اور آبدیدہ ہیں اور وہ کہہ رہی ہیں کہ 'یہ بالکل نامناسب ہے، یہ نہیں ہونا چاہیے، کسی بھی لڑکی کے ساتھ ایسا نہیں ہونا چاہیے کیونکہ یہ شدید برا محسوس ہوتا ہے۔ کیا لڑکیوں کے ساتھ ایسا سلوک کیا جائے گا؟ ہماری کوئی مدد نہیں کرے گا اگر ہم اپنی مدد خود نہیں کریں گے۔'

مزید پڑھیے

’پاکستان سے فلم کی پیشکش ہوئی تو ضرور کروں گی‘

برقعے پر تبصرہ، ’دنگل گرل‘ کا وزیرِ کھیل کو جواب

زائرہ وسیم نے ایک اور ویڈیو جاری کی جس میں انھوں نے اپنے ساتھ ہونے والے واقعے کے بارے میں مزید بتایا کہ کیونکہ دہلی سے ممبئی جانے والی پرواز میں روشنی کم تھی اس لیے وہ واضح طور پر اس شخص کی ویڈیو نہیں بنا سکیں۔

Image caption زائرہ وسیم نے سوشل میڈیا پر ویڈیو جاری کی جس میں جہاز پر ہونے والے ناخوشگوار واقعے کے بارے میں بتایا

'میں صرف یہ ویڈیو ہی بنا سکی (جس میں اس شخص کا پاؤں نظر آ رہا ہے)۔ وہ میرے کندھے اور میری کمر پر بار بار اپنا پاؤں لگا رہا تھا اور یہ پانچ سے دس منٹ تک ہوتا رہا۔ لگتا ہے کہ یہ شخص تمیز سے نہیں بیٹھ سکتا۔۔۔'

زائرہ نے مزید کہا کہ ائیر لائن وسٹارا کے عملے میں سے کوئی بھی ان کی مدد کے لیے نہیں آیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter
Image caption فضائی کمپنی ائیر وسٹارا کی زائرہ وسیم کے ساتھ ہونے والے واقعے کے بعد ٹویٹ

دوسری جانب ائیر وسٹارا نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ انھوں نے زائرہ وسیم کے ساتھ ہونے والے واقعے کی خبریں پڑھیں ہیں اور وہ اس بارے میں تحقیقات کر رہے ہیں اور مزید وضاحت کے لیے عملے سے بات کر رہے ہیں۔

زائرہ کی ٹویٹ کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی حمایت پر کئی لوگوں نے اپنے پیغامات جاری کیے ہیں اور اس وقت زائرہ وسیم کے نام کا ہیش ٹیگ ٹوئٹر پر انڈیا کا سب سے مقبول ہیش ٹیگ ہے۔

اسی بارے میں