جارج کلونی نے 14 دوستوں کو 10،10 لاکھ ڈالر کیوں دیے؟

جارج کلونی کا دوست ہونا غالباً بہت ہی زبردست ہے۔

حال ہی میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ امریکی اداکار جارج کلونی نے اپنے 14 قریبی دوستوں میں سے ہر ایک کو 10، 10 لاکھ ڈالر اپنی مدد کرنے کے جواب میں بطور شکریہ دیے۔

رینڈ گربر نے جو کہ ایک طویل عرصے سے ان کے قریبی دوست ہیں، ایم ایس این بی سی کو بتایا کہ انھوں نے ’سنہ 2013 میں ایسا کر کے مجھے سرپرائز دیا‘۔

انھوں نے یاد کرتے ہوئے بتایا کہ جارج کلونی نے سب سے کہا تھا کہ ’یہ میرے لیے بہت اہم ہے کہ ابھی ہم سب جب آج بھی اکھٹے ہیں تو میں تم لوگوں کو کچھ واپس لوٹا دوں‘۔

مزید پڑھیے

امل اور جارج کلونی کے ہاں ’جڑواں بچوں کی پیدائش متوقع‘

جارج کلونی نے بے گھر افراد کے کیفے کا دورہ کیا

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption رینڈ نے سپر ماڈل سنڈے رکیفورڈ سے شادی کی تھی

رینڈ کا کہنا ہے کہ ’ہمارا ایک گروپ ہے جسے ہم ’دی بوائز‘ کے نام سے پکارتے ہیں‘۔

جارج کلونی نے مجھے اور دی بوائز کو بلایا اور کہا ’اپنے کلینڈر پر 27 ستمبر سنہ 2013 پر نشان لگا دو‘۔

رینڈ گربر انٹرٹینمینٹ انڈسٹری کی ایک کاروباری شخصیت ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ’جارج نے کہا کہ اس دن ہر کوئی میرے گھر پر کھانے پر مدعو ہے‘۔

ان کا کہنا ہے کہ ’جب ہمارا گروپ ان کے گھر پہنچا تو وہاں ٹیبل پر سوٹ کیس پڑے ہوئے تھے‘۔

جارج نے کہا ’سنو میں تم لوگوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ تم میرے لیے اور میری زندگی میں کتنے اہم ہو‘۔

’میں لاس اینجلس آیا اور تمھارے سوفے پر سویا۔ میں بہت خوش قسمت ہوں کہ میری زندگی میں تم سب ہو۔ اور میں آج جس مقام پر ہوں وہ تم سب کے بغیر ممکن نہیں تھا‘۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption جارج نے سنہ 2014 میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی وکیل امل سے شادی کر لی تھی

رینڈ کہتے ہیں کہ جب ان سب نے وہ سوٹ کیس کھولے تو ہر ایک میں 10 لاکھ ڈالر موجود تھے اور یہ رقم 20، 20 ڈالر کے نوٹوں پر مشتمل تھی۔

’ہم کل 14 دوست تھے اور ہر ایک کو دس، دس لاکھ ڈالر ملے۔ ہم میں سے ہر ایک حیرت میں گھرا ہوا تھا کہ ’یہ کیا ہے۔‘

جارج نے اپنی بات جاری رکھی اور کہا ’مجھے معلوم ہے کہ تم سب مشکل وقت سے گزرے ہو اور تم میں سے بعض اب بھی ایسی صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں۔‘

’تم اپنے بچوں کے بارے میں فکر مت کرو، سکول کے بارے میں پریشان نہیں ہو، تمھیں اپنی آخری رسومات کے لیے رقم کی ادائیگی کی فکر نہیں ہونی چاہیے‘۔

رینڈ گربر نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ جارج نے اپنے دوستوں کو دی جانے والی رقم کا سالانہ ٹیکس بھی ادا کر دیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption جارج کو سنہ 1994 میں ٹی وی سیرئیل میں ڈاکٹر ڈوگ کے کردار کے باعث بہت شہرت ملی

انھوں نے بتایا کہ ہمارا ایک دوست ٹیکساس کے ہوائی اڈے پر ایک بار میں کام کر کے اپنے کنبے کی کفالت کرتا ہے۔ وہ روزانہ سائیکل کے ذریعے کام پر جاتا ہے۔

رینڈ کہتے ہیں کہ یہ وہ لوگ ہیں جنھوں نے جارج کا خیال رکھا اور اب وہ ان سب کو واپس لوٹا رہا ہے۔

رینڈ کے مطابق انھوں نے جارج کو یہ پیسے واپس دینے کی کوشش کی تو انھوں نے انکار کر دیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption جارج سبربیکان فلم کے ڈائریکٹر ہیں۔ اس تصویر میں ان کے ہمراہ فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار میٹ ڈیم اور جولیانا مورے کے ہمراہ

سنہ 2015 میں سنڈے ٹائمز میں امیر ترین افراد کی فہرست میں جارج اور ان کی اہلیہ کا نام بھی شامل تھا جن کی کل دولت تقریباً 121 ملین ڈالر بتائی گئی۔

رواں برس کے آغاز میں جارج کلونی نے اپنے دوست رینڈے کے ساتھ شراکت میں قائم کی جانے والی شراب بنانے والی کمپنی کاسامیگوس کو تقریباً ایک ارب ڈالر میں فروخت کر دیا تھا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں