’سنجو‘ کے ٹریلر پر بحث کیوں؟

سنجو تصویر کے کاپی رائٹ Twitter

انڈین اداکار سنجے دت کی زندگی پر مبنی فلم ’سنجو‘ کی پہلی جھلک آخرکار سامنے آ ہی گئی۔ ہدایتکار راج کمار ہیرانی کی اس فلم کا لمبے عرصے سے انتظار کیا جا رہا ہے۔

اس فلم میں اداکار رنبیر کپور سنجے دت کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق انہوں نے سنجے دت کی چال ڈھال سیکھنے کے لیے میمکری آرٹسٹ سنکیت بھوسلے سے ٹریننگ لی ہے۔

سنجو میں سنجے دت کی زندگی کے پانچ مختلف دور مختلف کپڑوں اور سٹائلنگ کی مدد سے دکھائے گئے ہیں۔ اس میں لمبے بالوں والے سنجے دت سے لیکر کرتا پہنے، سفید داڑھی والے سنجے تک کا حلیہ شامل ہے۔

ٹریلر دیکھنے کے بعد رنبیر کپور کی اداکاری کی خاص طور پر تعریف کی جا رہی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ TWITTER

’سنجو‘ بنا ٹاپ ٹرینڈ

صرف انڈیا ہی نہیں پاکستان میں بھی فلموں کے مداح ہیش ٹیگ #SANJU کے ساتھ بہت کچھ لکھ رہے ہیں۔

پک چِک پک راجہ بابو ٹوئٹر ہینڈل نے سنجو کے پوسٹر کے ساتھ ٹویٹ کیا ہے کہ ’جب ایکس آپ کو بلاک کر دے تو اسے دیکھنے کے لیے مختلف پروفائل ایسے بنائے جاتے ہیں۔‘

یہ بھی پڑھیے

'چھپ کر سگریٹ پینے پر جوتے پڑے تھے'

مداح کا بینک اکاؤنٹ سنجے دت کے نام

ماس سکندر ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا ہے کہ ’یہ فلم کا پوسٹر ہے یا کپڑوں کا اشتہار؟‘

تصویر کے کاپی رائٹ TWITTER

جیا اِن دی ووڈز اُن ٹوئٹر ہینڈلز میں شامل ہے جنہوں نے ٹریلر کو ناپسند کیا ہے۔ اس ہینڈل سے لکھا گیا ہے کہ ’سویگ ایک قدرتی چیز ہوتی ہے اسے بنایا نہیں جا سکتا ہے۔ آپ سنجے دت کو دیکھیے ان میں ایک قدرتی سویگ ہے۔ ان میں سستی اور اداسی بھری ہوئی محسوس ہوتی ہے۔ اور منیشا کوئرالا کو رنبیر کی ماں کے کردار میں کیسے لے لیا گیا؟ یہ ان کے ہنر کی بے عزتی ہے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ TWITTER

فلم انڈسٹری سے ملی تعریفیں

بالی وڈ سے وابستہ متعدد ہستیوں نے سنجو کے ٹریلر کی تعریف کی ہے۔ یہ بھی لکھا گیا ہے کہ یہ ٹریلر فلم کے بارے میں تجسس پیدا کرتا ہے۔ ساتھ ہی رنبیر کپور نے جس طرح خود کو سنجے دت کے کردار میں ڈھال لیا ہے وہ قابل تعریف ہے۔

اداکار ریتیش دیش مکھ نے لکھا ہے کہ ’سنجو کا ٹیزر دیکھا، بہت شاندار ہے۔ انڈیا کے سب سے بہترین ڈائریکٹر راج کمار ہیرانی کے جانب سے بنائی گئی اس بایوپِک کا انتظار ہے۔ مجھے بتایا گیا تھا کہ فلم میں رنبیر کپور ہوں گے۔ لیکن مجھے تو وہ کہیں بھی نہیں دکھائی دیے۔ کہاں تھا رنبیر؟‘

تصویر کے کاپی رائٹ TWITTER

بالی وڈ تجزیہ کار ترن آدرش نے لکھا ہے کہ ’منا بھائی، 3 ایڈیئٹز اور پی کے جیسی فلمیں بنانے والے ہدایتکار راج کمار ہیرانی کی نئی فلم سنجے دت کی بایوپک سے بھی بہت امیدیں ہیں۔ انہوں نے کیا شاندار ٹیزر پیش کیا ہے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ TWITTER

سنجو میں اہم کردار ادا کرنے والی اداکارہ سونم کپور نے لکھا ہے کہ ’ایک شخص جس نے کئی زندگیاں جی ہیں اسے پردے پر دکھانے کا اس سے بہتر طریقہ نہیں ہو سکتا تھا۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ TWITTER

ہدایتکار راج کمار ہیرانی نے اب تک جتنی بھی فلمیں بنائی ہیں وہ سبھی بے حد کامیاب رہی ہیں۔ اب سبھی کو ان کی اگلی فلم سنجو کا انتظار ہے جو 29 جون کو ریلیز کی جائے گی۔

اسی بارے میں