بالی وڈ ڈائری: کس کے ذکر پر عالیہ بھٹ کے چہرے کا رنگ لال ہو گيا؟

تصویر کے کاپی رائٹ AFP/Getty Images

اس ہفتے سونم کپور کی شادی میں بالی وڈ کے سبھی بڑے ستارے جگمگائے لیکن سب کی نظریں صرف ایک جوڑے پر جا کر نہ صرف ٹھہریں بلکہ خبریں بھی بنیں اور یہ جوڑی تھی عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی۔

سبز رنگ کے خوبصورت جوڑے میں عالیہ بھٹ رنبیر کا ہاتھ تھام کر جب سونم کے گھر میں داخل ہونے لگیں تو جیسے میڈیا کو پرفیکٹ پکچر اور لکھنے والوں کو مصالحہ مل گیا ہو۔ رنبیر نے سفید رنگ کی شیروانی پہن رکھی تھی۔

ساتھ ہی یو ٹیوب پر عالیہ کے اس انٹرویو کے بھی بڑے چرچے ہیں جس میں انھوں نے رنبیر کے نام پر اپنے چہرے کا رنگ لال ہونے کی بات کہی۔ رجت شرما کے شو 'آپ کی عدالت' میں جب ان سے پوچھا گیا کہ ان کا نام مختلف جوڑوں کے ساتھ جوڑا جاتا ہے کبھی ورون دھون تو کبھی سدھارتھ ملہوترہ اور آجکل ان کا نام کسی اور کے ساتھ لیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

٭ سونم کی شادی میں فلمی ستاروں کا تانتا

٭ کیا عالیہ اور رنبیر صرف دوست ہیں؟

اس کے جواب میں عالیہ نے پوچھا کہ کس کے ساتھ؟ جواب میں رجت شرما نے رنبیر کپور کا نام لیا تو عالیہ نے شرماتے ہوئے دونوں ہاتھوں سے اپنا چہرہ چھپا لیا اور ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ اگر افیئر ہوگا تو بھی میں سب کے سامنے قبول نہیں کروں گی۔ ویسے عالیہ قبول کریں یا نہ کریں ان کا چہرہ اور آنکھیں کافی کچھ کہہ رہی تھیں۔

دیپکا تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

اس وقت بالی وڈ کی تمام چھوٹی بڑی اور پُرانی ہیروئنز 71 ویں کانز فیسٹیول کی شان بڑھانے میں مصروف ہیں۔ ایشوریہ رائے بچن تو کانز فیسٹیول میں جیسے ڈگری لے چکی ہیں۔ اس بار بھی وہ اپنی ننھی بیٹی ارادھیا کے ساتھ کانز جا پہنچی ہیں۔

سونم کپور بھی اپنی شادی نپٹا کر جلدی سے فرانس پہنچ گئی ہیں۔ اب پتہ نہیں وہ ریڈ کارپٹ پر کوئی سٹائلش گاؤن پہننے والی ہیں یا پھر اپنے ولیمے کا جوڑا پہنیں گی۔ بہرحال اس بار دپیکا سب سے زیادہ خبروں میں ہیں جنھوں نے پچھلے سال ہی اس فیسٹول میں اینٹری لی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

٭ کانز فلمی میلے میں ایشوریہ کے 15 برس

٭ کانز فلم فیسٹیول کی 70 سالہ تاریخ کے دلچسپ لمحات

ان کی کئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں۔ کچھ ان کی خوبصورتی کی وجہ سے اور کچھ رنویر سنگھ کے کمنٹس کے سبب بہرحال اس وقت دپیکا کے علاوہ کنگنا راناوت، ہما قریشی، ایشوریہ رائے اور کانز کی رونق ملکہ شیراوت اپنے اپنے گاؤنز اور ملبوسات کا بڑھ چڑھ کر مظاہرہ کر رہی ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP/Getty Images
Image caption ارجن کپور اپنی بہنوں کے ساتھ

اداکار ارجن کپور کہتے ہیں عورتوں کو اسی وقت با اختیار بنایا جا سکتا ہے جب مردوں کا نظریہ تبدیل ہو۔ ارجن کا کہنا ہے کہ عورتوں کی مدد اور حمایت انھیں با اختیار بنانے کے لیے کافی نہیں ہے۔

ارجن کپور لڑکیوں کو با اختیار بنانے کی ایک مہم سے وابستہ ہیں۔ ارجن کہتے ہیں 'عورتوں کو با اختیار بنانے' کی اصطلاح کو آج کل کچھ زیادہ ہی استعمال کا جاتا ہے اس کے برعکس اس سمت میں کام کچھ نہیں ہوتا۔

ارجن نے فلم 'کا اینڈ کی' میں کچھ ایسا ہی کردار ادا کیا تھا۔ ارجن کا کہنا ہے کہ اصل مرد یا ہیرو وہ ہے جو اصل زندگی میں اپنی بیوی، بہن یا بیٹی کو آگے بڑھنے کی ترغیب دے اور ان کی مدد کرے۔

ارجن کی بات سے بہت سے لوگ اتفاق کریں گے کہ اس اصطلاح کا استعمال اب فیشن بن گیا ہے اب اس سمت میں عملاً کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں