رنبیر نے مان لیا کہ وہ عالیہ کے بوائے فرینڈ ہیں

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption حال ہی میں سونم کپور کی شادی میں عالیہ اور رنبیر کپور اس انداز میں پہنچے تھے

بالی وڈ اداکار رنبیر کپور نے آخر کار تسلیم کر ہی لیا کہ وہ عالیہ بھٹ کو ڈیٹ کر رہے ہیں اور عالیہ تو پہلے ہی رنبیر کے لیے اپنی پسند ظاہر کر چکی ہیں۔

جی کیو میگزین کے ساتھ انٹرویو میں جب رنبیر سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ عالیہ بھٹ کو ڈیٹ کر رہے ہیں تو انھوں نے اقرار کرتے ہوئے کہا کہ ابھی یہ سب کچھ ابتدائی مراحل میں ہے اور وہ اس رشتے کو کچھ وقت دینا چاہتے ہیں۔

رنبیر نے عالیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بطور اداکارہ اور انسان ان سے متاثر ہیں اور ابھی اس رشتے کو اور آگے بڑھنے دیں گے۔ رنبیر اس سے پہلے دیپکا پاڈوکون اور مبینہ طور پر قطرینہ کیف کے ساتھ رشتے میں رہ چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

رنبیر کے ذکر پر عالیہ بھٹ کا چہرہ لال ہو گيا

دیپکا پاڈوکون اور رنبیر کپور ایک بار پھر ساتھ

ان کے اس نئے رشتے کو پھلنے پھولنے میں جتنا بھی وقت لگے اصل سوال یہ ہے کہ یہ رشتہ چلے گا کتنا؟

تصویر کے کاپی رائٹ AFP/Getty Images
Image caption دیپکا پاڈوکون اور رنویر سنگھ نے ایک ساتھ کئی فلموں میں اداکاری کی ہے

اُدھر رنبیر کی سابق 'دوست' دیپکا جو مبینہ طور پر رنویر سنگھ کے ساتھ اپنی زندگی میں آ گے بڑھ چکی ہیں، مبینہ طور پر شادی کی تیاریاں کر رہی ہیں۔

دیپکا تو شادی کے سوالوں کو گول کر جاتی ہیں لیکن نٹ کھٹ اور بے چین رنویر خود کو روک نہیں پاتے اور اِدھر اُدھر دیپکا سے اپنی شادی کے اشارے دیتے پھرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

’رنبیر کے لیے نہ دیپکا ٹھیک تھیں نہ قطرینہ‘

کیا بالی وڈ میں اب شادیوں کا موسم ہے؟

حال ہی میں انھوں نے اپنے ایک فلمی دوست سے واضح طور پر کہا کہ اس سال ان کی اور دپیکا کی شادی طے ہے۔ انوشکا اور ویراٹ کی شادی اور اب رنبیر اور عالیہ کے رشتے کے رسمی اقرار کے بعد بالی وڈ شائقین کو اس نئی خوش خبری کا انتظار رہے گا۔

سلمان خان اور ظہیر تصویر کے کاپی رائٹ Twitter/@BeingSalmanKhan
Image caption سلمان خان نے یہ تصویر پوسٹ کر کے لوگوں کو اپنے نئے ہیرو کے بارے میں بتایا کہ وہ ظہیر کو لانچ کرنے والے ہیں

سلمان خان کا یہ فلمی مکالمہ کہ 'ایک بار میں کمٹمنٹ کردوں تو پھر میں اپنے آپ کی بھی نہیں سنتا' ان کی اصل زندگی میں بھی لاگو ہوتا ہے۔

سلمان دشمنی کے ساتھ ساتھ دوستی نبھانے میں بھی ماہر ہیں اور اس بار وہ اپنے بچپن کے دوست اقبال کے بیٹے ظہیر اقبال کو لانچ کر رہے ہیں۔ سلمان کا کہنا ہے کہ ظہیر اقبال نے ہمیشہ ان کی مدد کی تھی اور آج وہ ان کے بیٹے کو لانچ کر کے اپنے دوست کا قرض ادا کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

’میں سلمان اور شاہ رخ کے کام کا مداح ہوں‘

مجھے لڑکی مل گئی: سلمان خان

دراصل بدھ کے روز اپنی ٹویٹ میں سلمان نے ظہیر کے بچپن کی تصویر شائع کی جس میں وہ سلمان کی گود میں ہیں اور لکھا کہ اس جمعرات کو وہ ایک نئے اداکار کو لانچ کرنے والے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter/@BeingSalmanKhan
Image caption اس سے قبل سلمان خان نے یہ تصویر پوسٹ کی تھی اور لکھا تھا کہ دیکھتے ہیں کہ اب یہ لڑکا کیسا نظر آتا ہے

سلمان کی اس ٹویٹ کے بعد قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں کہ وہ کون ہے کس کا بیٹا ہے اور پھر جمعرات کو ظہیر کی تازہ تصویر کے ساتھ سلمان نے لکھا کہ وہ نیا چہرہ جس کو وہ لانچ کر رہے ہیں دراصل ظہیر ہے۔

سلمان اپنی پروڈکشن کمپنی کے تحت نئی فلم شروع کرنے جا رہے ہیں جس کا نام ابھی طے نہیں ہوا۔ ظہیر پہلے فرد نہیں جنھیں سلمان خان کی سرپرستی حاصل ہو رہی ہے۔

اس سے پہلے وہ اپنے کئی دوستوں کے بچوں کو لانچ کر چکے ہیں جن میں سورج پنچولی، عطیہ شیٹی اور ارجن کپور جیسے فلمی بچے شامل ہیں۔ یعنی سلمان بالی وڈ میں اقربا پروری کی جیتی جاگتی مثال ہیں۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں