پتہ کرو سی آئی ڈی کیوں بند ہوا، کچھ تو گڑبڑ ہے!

سی آئی ڈی کے کردار تصویر کے کاپی رائٹ Twitter

اے سی پی پردیومن اب ہر تفتیش کی ابتدا سے قبل 'کچھ تو گڑبڑ ہے دَیا' بولتے نظر نہیں آئیں گے اور نہ ہی دَیا دروازہ توڑتے ہوئے نظر آئيں گے۔ کیونکہ سونی ٹی وی چینل کا شو 'سی آئی ڈی' 21 سال چلنے کے بعد روک دیا گیا ہے۔

سنہ 1997 میں پہلی بار نشر ہونے والے اس سیریز سے قبل ٹی وی پر کئی کرائم شو آئے لیکن دیکھتے ہی دیکھتے بی پی سنگھ کی ہدایت میں بننے والا ٹی وی شو 'سی آئی ڈی' اپنے وقت کا سب سے مقبول کرائم شو بن گیا۔

لیکن 21 سال بعد اسے کیوں بند کر دیا گیا؟ اب اس معاملے کی تحقیقات کون کرے گا؟ کچھ تو گڑبڑ ہے دَیا!

چلیے اے سی پی پرادیومن کا کردار اپناتے ہوئے ہم یہ جاننے کی کوشش کرتے ہیں کہ اس شو کے ساتھ کیا 'گڑبڑ' ہوئی۔

'سی آئی ڈی' کیوں بند کیا گيا؟

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter
Image caption اداکار شواجی ستم اے سی پی پردیومن کا کردار نبھاتے تھے

اس شو میں سینیئر انسپکٹر دَیا کا کردار ادا کرنے والے دیانند شیٹی نے بی بی سی سے بات چیت میں بتایا کہ اس شو کے بند کرانے کے پس پشت کون ہیں۔

اگر چہ شو کے پروڈیوسرز نے سی آئی ڈی کے بند ہونے کا اعلان اب کیا لیکن دَیانند کے مطابق دو سال سے اسے بند کرنے کی بات گشت کر رہی تھی۔

انھوں نے کہا کہ سونی چینل اس شو کو بند کرنے کے لیے دو سال سے کوشاں تھا لیکن وہ چاہتا تھا کہ پروڈیوسرز خود ہی اسے بند کردیں اور ان کے سر اسے بند کرنے کا الزام نہیں آئے۔

یہ بھی پڑھیے

'کچن کی سیاست' سے بھرے ٹی وی سیریل

انڈیا: ٹی وی دفاتر پر چھاپے،آزاد میڈیا پر بحث

انھوں نے کہا: 'ہمارا شو جمعہ، سنیچر اور اتوار کو نشر ہوتا تھا۔ پہلے سونی نے اسے جمعے کو نشر کرنا بند کیا اور پھر کبھی سنیچر کو اس کی نشریات بند کر دیتے تو کبھی اتوار کو۔'

اس کے لیے وہ ٹی آر پی کا حوالہ دیتے کہ اسے کم لوگ دیکھ رہے ہیں لیکن دیانند کے مطابق سونی کے دوسرے شوز کے مقابلے میں اس شو کا حال ٹھیک تھا اور یہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا تھا۔

بچہ بچہ 'سی آئی ڈی کا فین'

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter
Image caption سی آئی ڈی 21 سال تک سونی ٹی وی چینل پر پیش کیا گيا

انھوں نے کہا: 'لیکن چینل نے یہ طے کر لیا تھا کہ شو اب پرانا ہو چکا ہے اور اسے بند کر دینا چاہیے۔ جبکہ آج بھی چھوٹے بچے اس شو کو دیکھتے ہیں۔'

جب شو بند ہونے کی خبر آئي تو لوگوں نے سوشل میڈیا پر اپنے تاثرات شیئر کیے۔

لوگوں نے #SaveCID کے ساتھ شو کے بند ہونے کے خلاف مہم میں شرکت کی۔

دیانند شیٹی نے خاص طور پر بچوں کو شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا: 'اس شو کو ابتدا سے ہی بچوں نے پسند کیا اور اب بھی وہ اسے پسند کرتے ہیں۔ انھوں نے ہی اس شو کو جلا بخشی۔'

انھوں نے بتایا کہ ان کے پڑوس میں رہنے والا ایک سات سالہ بچہ اس شو سے اس قدر منسلک تھا کہ اس نے یو ٹیوب سے تلاش کرکے سی آئی ڈی کی پرانے قسطیں بھی دیکھی ہیں۔

لیکن بچوں میں مقبول یہ سیریز 21 سال کا ہو گیا تھا اور اب چینل والوں کو پرانا لگنے لگا تھا۔

کیا سی آئی ڈی ریٹرنز کی امید کر سکتے ہیں؟

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter
Image caption سی آئی ڈی کے اہم کردار

دَیانند شیٹی کہتے ہیں کہ اس شو کے بند ہونے کے بعد وہ سب سے زیادہ سیٹ پر سب کے ساتھ مل بیٹھ کر کھانا کھانے کو بہت یاد کریں گے۔

وہ 'سی آئی ڈی' کو ایک بہت بڑا خاندان کہتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ شو کے بند ہونے کے بعد بھی یہ سب اسی طرح جڑے رہیں گے۔

جب ان سے پوچھا گیا تھا کہ 'سی آئی ڈی‘ کی واپسی کی کوئی امید ہے تو انھوں نے ناامیدی ظاہر کی اور کہا کہ اگر سی آئی ڈی واپس آتا ہے تو سونی پر نہیں آئے گا۔ شاید کسی دوسرے نام سے، مختلف انداز میں ویب سیریز کے طرز پر آ سکتا ہے لیکن ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

تاہم انھوں نے بتایا کہ تخلیقی ٹیم اور شو کے پروڈیوسرز کے درمیان بات چیت چل رہی ہے۔

اسی بارے میں