بالی وڈ ڈائری: شادیوں کا موسم اور شاہ رخ خان تارے توڑ لائے

  • نصرت جہاں
  • بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
پرینکا چوپڑہ، نیتو سنگھ اور سونالی بیندرے

،تصویر کا ذریعہInstagram@iamsonalibendre

،تصویر کا کیپشن

پرینکا چوپڑہ، نیتو سنگھ اور سونالی بیندرے کو نیویارک میں منعقدہ ایک تقریب میں دیکھا جا سکتا ہے

اس وقت بالی وڈ میں شادیوں کا موسم ہے۔ رنویر سنگھ اور دیپکا پاڈوکون تو شادی کی تاریخ کا اعلان کر چکے ہیں لیکن پرینکا چوپڑا منگنی کے بعد سے شادی کی تیاریوں میں مصروف تو ہیں لیکن ان کی شادی کی تاریخ ابھی ہوا ہی میں ہے۔

بہر حال شادی تو جب ہو گی تب ہو گی، اس ہفتے پرینکا نے نیو یارک میں اپنے'برائیڈل شاور' کا اہتمام کیا جس میں ہالی وڈ کی کئی بڑی ہستیوں کے ساتھ نیتو سنگھ اور سونالی بیندرے نے بھی شرکت کی۔

سونالی اس وقت کینسر کے علاج کے سلسلے میں امریکہ میں ہیں، انھوں نے نیتو سنگھ اور پرینکا کے ساتھ سرخ لباس میں ایک تصویر انسٹا گرام پر شیئر کی جس پر لکھا تھا کہ ’پرینکا کا 'برائیڈل شاور' میرے لیے سپیشل لمحہ تھا اور میں ان کی خوشیوں میں شریک ہو کر بہت خوش ہوئی۔‘

،تصویر کا ذریعہ@iamsrk

،تصویر کا کیپشن

شاہ رخ خان اپنی رہائش منت کی بالکونی سے اپنے مداحوں کا خیر مقدم کرتے نظر آ رہے ہیں

بالی وڈ کنگ کہلانے والے شاہ رخ خان نے ایک فلم میں کہا تھا 'چاند تارے توڑ لاؤں، ساری دنیا پر میں چھاؤں، بس اتنا سا خواب ہے۔'

اس فلم میں تو شارخ کے یہ خواب گانے تک ہی محدود رہے لیکن اصل زندگی میں دنیا پر چھانے کی ان کی خواہش پوری ہوگئی۔ اس ہفتے شاہ رخ نے اپنی 53 ویں سالگرہ منائی۔

اس موقعے پر ان کی رہائش گاہ 'منت' کے باہر کا منظر ان کی فلم 'فین کی یاد دلا رہا تھا جہاں شاہ رخ کے حقیقی مداحوں کا سیلاب ان کی ایک جھلک کا منتظر تھا اور شاہ رخ نے کسی شہشناہ کی طرح اپنے مداحوں کے رو برو پیش ہوکر ان کی خواہش کو سر آنکھوں پر رکھا۔

یہ بھی پڑھیے

شاہ رخ خان 26 یا 27 سال سے لوگوں کو تفریح مہیا کر رہے ہیں۔ بالی وڈ میں جہاں لوگ 'شہنشاہ جذبات' کے طور پر دلیپ کمار کو یاد کرتے ہیں وہیں شاہ رخ کو رومانس کا شہنشاہ کہا جاتا ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images

شاہ رخ خان کی سالگرہ کی تصاویر کے ساتھ ساتھ اداکار سنجے کپور کی بیٹی شنایا کپور کی سالگرہ کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہی تھیں جن میں شنایا کے ساتھ بالی وڈ کی نئی نسل سہانا خان، جھانوی کپور، خوشی کپور اور چنکی پانڈے کی بیٹی عنایہ پانڈے بھی نظر آئیں۔

یہ بھی پڑھیے

یوں بھی اداکاروں کی یہ نئی نسل اب آہستہ آہستہ اپنی موجودگی کا احساس دلانے لگی ہے جن میں شاہ رخ کے بیٹے آرین خان، سیف کے صاحبزادے، ابراہیم کی خبریں اور تصاویر نوجوانوں کی دلچسپی کا سبب بنتی ہیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP

پرانی نسل سے یاد آیا کہ اسی ہفتے سابق مس ورلڈ ایشوریہ رائے بچن نے بھی اپنی 45ویں سالگرہ منائی اور ان کے ساتھ حسینہ کائنات کا خطاب جیتنے والی سشمیتا سین اپنے ہی گھر کی دیوار پر اپنے نئے دوست کے ساتھ لٹکی نظر آئیں۔

دراصل سشمیتا نے اپنے انسٹا گرام پر ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ اور ان کے نئے ماڈل دوست رومن شوال ہینڈ سٹینڈ کر رہے تھے۔ ساتھ انھوں نے لکھا: 'یہ لمبے اور جوان ہیں اور میں ذہین اور مضبوط، محبت کا نام نظم و ضبط بھی ہے۔'

سشمیتا اور رومن کچھ عرصے سے ایک دوسرے کے ساتھ نظر آ رہے ہیں اور حال ہی میں دونوں کی کئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوئیں۔

اب سشمیتا سین اس تصویر کے ذریعے جو کچھ کہنا چاہ رہی ہیں وہ لوگو ں کی سمجھ میں تو آ رہا ہے لیکن ساتھ ہی یہ خیال بھی کہ بھائی اب آگے کیا؟