’انڈین آئیڈل‘ کے فاتح سلمان علی سے ملیے

سلمان علی نے انڈیا میں گلوکاری کے معروف پروگرام ’انڈین آئیڈل‘ میں کئی ہفتوں تک اپنی آواز سے لوگوں کو اپنا مداح بنایا اور آخر کار اتوار کی رات لوگوں کا ووٹ حاصل کر کے وہ اس شو کے دسویں سیزن کے فاتح قرار پائے۔

مقامی میڈیا کے مطابق 20 سالہ سلمان علی کو انعام میں ٹرافی کے علاوہ 25 لاکھ روپے اور ایک ڈاٹسن گاڑی بھی ملی ہے۔

سلمان علی کا تعلق ہریانہ کے ایک چھوٹے سے گاؤں سے ہے اور ان کا خاندان شادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں گلوکاری کر کے اپنا روزگار کماتا ہے۔

سلمان علی نے پروگرام کے آغاز سے ہی اپنی گائیکی کے جوہر دکھانا شروع کر دیے تھے اور پروگرام میں مہمان کے طور پر آنے والے تقریباً سبھی نامور گلوکاروں نے ان کے متعلق شروع سے کہنا شروع کر دیا تھا کہ وہ ایک بہت مضبوط مدِ مقابل ہیں۔ پروگرام میں شامل اس وقت کے ججوں میں سے ایک انو ملک نے تو پروگرام کے روایتی طریقے سے انحراف کرتے ہوئے ایک اونچی عمارت کی چھت کی پانی کی ٹینکی پر چڑھ کر لوگوں سے اپیل کی تھی کہ وہ سلمان علی کو وٹ دیں کیونکہ یہ بہت بہتر فنکار ہیں۔

سلمان علی نے چھوٹی عمر سے ہی اپنے گھر کی کفالت شروع کی تھی اور بقول ان کے وہ روزانہ چھ میل دور پیدل جا کر بچوں کو میوزک پڑھاتے تھے حالانکہ ان کی ایک ٹانگ میں سریا لگا ہوا ہے اور ان کو چلنے میں بہت تکلیف ہوتی تھی۔

ان کا کہنا تھا ’روزانہ جب میں واپس آتا تھا تو میرے پاؤں پھول جاتے تھے۔‘

انعام میں ملنے والی رقم کے بارے میں سلمان علی کا کہنا تھا کہ’میرا تعلق ایک غریب گھرانے سے ہے۔ میرے گھر کی حالت بھی خستہ ہے اور اس کی چھت کی مرمت ہونے والی ہے۔ ہم نے قرض بھی لے رکھا ہے تو میں یہ رقم اس سب کے لیے خرچ کروں گا۔ اس پیسے سے اپنی زندگی کو آگے لے کر چلوں گا۔‘

سلمان نے انڈین آئیڈل سیزن 10 کے آخری شو میں یہ بھی بتایا کہ کیونکہ وہ گھر کی کفالت کرتے تھے اور انڈین آئیڈل شو میں ایک لمبے عرصے رہنے کی وجہ سے یہ ممکن نہیں تھا لیکن پھر بھی ’شو کی ایک جج نیہا ککڑ نے انہیں سہارا دیا اور ان کے گھر راشن بھیجتی رہیں۔‘

انھوں نے شو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہی ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جس نے ایک نامعلوم شخص کو اتنا نام دیا اور وہ جہاں بھی جاتے ہیں لوگ ان کی عزت کرتے ہیں۔

سلمان علی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’انھوں نے کبھی ہار نہیں مانی اس لیے آج یہ ٹرافی ان کی ہے‘۔

تصویر کے کاپی رائٹ SUJIT JAISWAL/Getty images
Image caption شو میں سلمان علی نے شاہ رخ خان کے لیے گانا گایا۔ شو کے فائنل میں اپنی فلم ’زیرو‘ کی تشہیر کے لیے شاہ رخ خان، قطرینہ کیف اور انوشکا شرما نے بھی حصہ لیا

وہ اب ممبئی میں رہنا چاہتے ہیں اور پرامید ہیں کہ بالی وڈ میں انھیں کام ملے گا۔

شو کے فائنل میں ان کی ملاقات بالی وڈ کے سپر سٹار شاہ رخ خان سے ہوئی جس بارے میں ان کا کہنا تھا کہ انھیں یقین نہیں آ رہا تھا کہ وہ شاہ رخ خان کے لیے گانا گا رہے ہیں اور یہ سب ان کے لیے ایک خواب کی طرح تھا۔

روزنامہ ہندوستان ٹائمز کے مطابق وہ ورن دھون اور انوشکا کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم سوئئ دھاگہ کے لیے گانا گا بھی چکے ہیں۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں