شوبز ڈائری: 'کرن جوہر اینڈ گینگ میرے خلاف منفی خبریں پھیلانے کا کام کرتا ہے'

کنگنا رناوت تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption کنگنا کی فلم منی کارنیکا نے سو کروڑ کا بزنس کیا

اس ہفتے کنگنا رناوت نے ایک بار پھر انڈسٹری کے 'نامور' لوگوں کو کھل کر دھویا۔

روزنامہ مِڈ ڈے کے پروگرام سِٹ ود دی ہٹ لِسٹ میں بات کرتے ہوئے کنگنا نے اپنی ہٹ لِسٹ میں شامل تمام لوگوں کی جم کر دھنائی کی جن میں ظاہر ہے سب سے پہلا نمبر بےچارے کرن جوہر کا تھا۔

کنگنا کا کہنا تھا 'کرن جوہر اینڈ گینگ ان کے خلاف منفی خبریں پھیلانے کا کام کرتا ہے۔‘

اس بار کنگنا نے فلمساز پہلاج نہلانی کو بھی ملزمان کے کٹھرے میں لا کھڑا کیا۔ پہلاج کے بارے میں مبینہ طور کہا جاتا ہے کہ وہ نیم فحش فلمیں بنانے کے لیے بدنام ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

کنگنا رناوت کی بایو پک بالی وڈ میں کئی بم پھوڑے گی

اگلے سال بالی ووڈ میں کس کس کی شادی ہو سکتی ہے

’عورتوں کو پہلے خود سے محبت کرنی چاہیے‘

کنگنا نے بتایا کہ جب وہ انڈسٹری میں نئی تھیں تب پہلاج نہلانی نے ایک فلم کے آڈیشن کے لیے انھیں اس طرح کا لباس پہنایا کہ وہ دوبارہ ان کے سیٹ کی جانب رخ نہ کر سکیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ EPA

بالی وڈ کے تلخ حقائق بیان کرنے کا کنگنا کا انداز تلخ ضرور ہے لیکن می ٹو مہم نے ایسے تاریک اور تلخ پہلوؤں پر سے پردہ ضرور اٹھایا ہے۔

کنگنا اس طرح کے واقعات پہلے بھی کئی بار میڈیا کے سامنے رکھ چکی ہیں لیکن پروگرام سِٹ ود دی ہٹ لِسٹ میں ان سے کیے جانے والے سوال اور اینکر کے انداز سے صاف ظاہر ہو رہا تھا کہ وہ گڑے مردے اکھاڑ کر کوئی چٹ پٹی ’گوسِپ‘ نکالنے کی کوشش میں ہیں۔

اور ایسا ہوا بھی کیونکہ اب کنگنا کا یہ انٹرویو تمام اخبارات میں مختلف رنگ اور انداز میں انتہائی چٹ پٹے انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔

کنگنا کا یہ بیان بھی کافی مرچ مصالحے کے ساتھ پیش کیا جا رہا ہے جس میں انھوں نے کہا تھا کہ رنبیر 37 سال کے اور عالیہ 27 سال کی ہیں تو انھیں انڈسٹری کے بچے کہنا بند کریں۔ 27 سال کی عمر میں میری ماں کے دو بچے تھے۔

دیکھنا ہے کہ اب جوابی فائرنگ کہاں کہاں سے کون کون کرنے والا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ INSTAGRAM

ویسے عالیہ اور رنبیر کپور سے یاد آیا کہ حال ہی میں ان دونوں نے فلم فیئر ایوارڈ میں بہترین اداکار اور بہترین اداکارہ کا ایوارڈ حاصل کیا ہے۔ جس پر نیتو ممی نے سوشل میڈیا پر دونوں کی ڈھیر ساری بلائیں لے ڈالیں۔

ایوارڈ فنکشن میں بھی ساتھ بیٹھے تھے اور ساتھ والی نشست پر رنویر سنگھ اور ان کی بیگم دپیکا تھیں۔

کچھ دیر بعد کترینہ کیف بھی وہاں نظر آئیں اور انھہوں نے رنبیر سے ہاتھ ملایا اور عالیہ کو پیاری سی جادو کی جھپی دی۔ وہاں موجود بہت سے لوگوں نے اس تاریخی منظر کو اپنے کیمرے میں قید کیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

پچھلے دو ہفتوں سے یہ افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ ملائکہ اروڑہ اور ارجن کپور انیس اپریل کو شادی کر رہے ہیں اور یہ شادی مسیحی رسم و رواج کے مطابق ہو گی۔

میڈیا میں مہمانوں کی فہرست تک جاری کر دی گئی ہے جن میں کرینہ، کرشمہ کے ساتھ رنویر سنگھ اور ان کی بیگم دپیکا پادوکون کا نام بھی شامل ہے۔ ارجن اور ملائکہ اپنی شادی یا رشتے کو میڈیا کے سامنے نہ تو تسلیم کرتے ہیں اور نہ ہی اس سے انکار کرتے ہیں حالانکہ ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ان کی پوری کہانی بیان کر رہے ہیں۔

لیکن کل بمبئی ٹائمز کے ساتھ بات چیت میں اس بارے میں ملائکہ نے واضح طور پر کہا' یہ سچ نہیں ہے'۔

ملائکہ کے اس جواب کے بعد بھی یہ افواہیں تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہیں۔ حالانکہ ارجن کے پاپا بونی کپور بھی اس خبر کی تردید کر چکے ہیں لیکن میڈیا ہے کہ ان دونوں کی شادی کروانے پر تلا ہوا ہے۔

اسے کہتے ہیں خواہش کو خبر بنانا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں