#Batman: کیا رابرٹ پیٹنسن اب دنیا کے سب سے مشہور سپر ہیرو کے روپ میں نظر آئیں گے؟

رابرٹ پیٹنسن تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption لوگوں کو یقین نہیں آ رہا کہ ’ٹوائی لائٹ‘ جیسی رومانوی فلم کے اداکار رابرٹ پیٹنسن کا نام ڈی سی کامکس کے سب سے مشہور سپر ہیرو ’بیٹ مین‘ کے کردار کے لیے تجویز کیا جا رہا ہے

آج کل سپر ہیروز کی کہانیوں پر مبنی فلمیں بہت مقبول ہو رہی ہیں اور ہالی وڈ کے تقریباً ہر اداکار کی کوشش ہے کہ وہ کسی نہ کسی کامک بک فرینچائز کے ساتھ منسلک ہو جائیں۔

لیکن کامک بکس کے مداح بھی عجیب ہی مخلوق ہیں اور کم ہی فلم سٹوڈیوز کے کسی بھی فیصلے سے خوش نظر آتے ہیں۔ خاص طور پر اگر وہ فیصلہ کسی مشہور کردار کی کاسٹنگ کا ہو۔

ڈی سی کامکس کے ’بیٹ مین‘ کا شمار بھی ایسے ہی کرداروں میں ہوتا ہے جن کے مداحوں کو خوش کرنا مشکل ہی نہیں، ناممکن بھی لگتا ہے۔

سوشل میڈیا پر نظر ڈالیں تو ایک کہرام برپا ہے اور #Batman کے ساتھ ساتھ فلم ’ٹوائی لائٹ‘ سے شہرت پانے والے اداکار رابرٹ پیٹنسن کا نام بھی ٹرینڈ کر رہا ہے۔

ماجرا کیا ہے؟

دراصل فلم سٹوڈیو وارنر برادرز نے اپنی اگلی ’بیٹ مین‘ فلم کے لیے اداکاروں کے انتخاب کا عمل شروع کر دیا ہے اور معروف امریکی میگزین ’ورائٹی‘ کے مطابق رابرٹ پیٹنسن اس کردار کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔

’ورائٹی‘ کے مطابق فلم کی شوٹنگ اس سال کے آخر یا اگلے سال سے شروع ہوگی اور اس بار ہدایت کاری کے فرائض ’پلینٹ آف دی ایپس‘ کے ڈائریکٹر میٹ ریوز سرانجام دیں گے۔

لیکن ’بیٹ مین‘ سیریز کے مداحوں نے حسبِ معمول رابرٹ پیٹنسن کے انتخاب کی خبر آتے ہی فلم انڈسٹری کے زوال پر لب کشائی شروع کر دی اور اپنے جذبات کو میمز کی شکل میں سوشل میڈیا پر نشر کرنا شروع کر دیا۔

کئی لوگوں نے اس بات کو مذاق میں اڑایا تو کچھ کافی سنجیدگی سے بیچارے رابرٹ کی اداکاری کا پوسٹ مارٹم کرتے رہے۔

چند لوگوں نے رابرٹ پیٹنسن کی پرانی فلموں کے میمز پر ’بیٹ مین‘ کا تڑکا لگا کر پیش کیا۔۔۔

کئی لوگ تو یہ خبر سن کر صدمے میں چلے گئے!

ایک صارف نے یہ بھی بتانے کی کوشش کی کہ اس پوری بحث کے دوران بیٹ مین پر کیا گزر رہی ہوگی۔۔۔

تاہم اس بار ان دل جلے فینز کے مقابلے میں رابرٹ پیٹنسن کا فین کلب بھی متحرک ہو گیا اور انھوں نے 31 سالہ فلم سٹار کی تعریفوں کے پل باندھ دیے۔

بعض مداحوں نے ان کی پرانی فلموں کے حوالے دیتے ہوئے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی کہ رابرٹ پیٹنسن انتہائی ورسٹائل اداکار ہیں۔

جبکہ کچھ لوگوں نے رابرٹ کی پرانی تصاویر کو کامک بکس کے برووس وئین سے تشبیح دینا شروع کر دی۔

ایک صارف نے تو لکھ دیا کہ کوئی بھی نوجوان اداکار جس نے رومانوی فلمیں کر کے شہرت پائی ہو کبھی بھی کسی سپر ہیرو کے کردار میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔ لیکن ساتھ لگی تصویر نے یہ واضح کر دیا کہ وہ طنز کر رہے ہیں۔

کبھی خوشی، کبھی غم

یہ بہلی بار نہیں کہ فینز کی طرف سے ’بیٹ مین‘ کا کردار نبھانے والے کسی اداکار پر تنقید کی گئی ہو۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption 1960 کی دہائی میں نشر ہونے والی ’بیٹ مین‘ سیریز کے مرکزی کردار ایڈم ویسٹ اور رابن کا کردار ادا کرنے والے برٹ وارڈ کے درمیان کافی تناؤ رہا اور یہ شو بھی صرف تین سیزن تک چل پایا تھا۔ تاہم اس کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ یہ پروگرام آج بھی مختلف چیلنز پر نشر ہوتا ہے
تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption 1989 میں ریلیز ہونے والی بیٹ مین کی فلم میں مرکزی کردار مائکل کیٹن نے ادا کیا تھا اور فلم کی ہدایت کاری کے فرائض مشہور ڈائریکٹر ٹم برٹن نے سرانجام دیے تھے۔ جہاں کچھ لوگ آج بھی اس فلم کو بیٹ مین سیریز کی بہترین قسط مانتے ہیں، وہیں کئی مداحوں کا خیال ہے کہ یہ فلم بہت ’ڈارک‘ تھی
تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption 1992 کی ’بیٹ مین ریٹرنز‘ میں اداکارہ مشیل فائفر ’کیٹ ومین‘ کے کردار میں نظر آئیں۔ ان کی مقبولیت کی وجہ سے فلم سٹوڈیو نے علیدہ سے اس کردار پر ایک فلم بنانے کا فیصلہ کیا۔ تاہم اس فلم کو بننے میں 10 سال لگ گئے اور بالآخر آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ ہیلی بیری نے اس فلم میں ’کیٹ ومین‘ کا رول کیا تھا
تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption 1995 میں یہ رول ویل کلمر کو سونپ دیا گیا۔ اگرچہ ’بیٹ مین فار ایور‘ کے نام سے بننے والی تیسری فلم کی کاسٹ میں کافی جانے پہچانے چہرے تھے، لیکن مداحوں کو ویل کلمر ’بیٹ مین‘ کے روپ میں زیادہ پسند نہیں آئے
تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption کرس او ڈانل، جارج کلونی اور الیشا سلورسٹون کی ٹیم 1997 میں ریلیز ہونے والی ’بیٹ مین اینڈ رابن‘ کو نہ بچا سکی اور اسے فینز آج بھی پوری سیریز کی سب سے ’تھکی ہوئی‘ فلم تصور کرتے ہیں
تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption کئی مداح تو کرسچن بیل کے انتخاب سے بھی خوش نہیں تھے، لیکن ڈائریکٹر کرسٹوفر نولن کی تین فلموں پر مبنی سیریز اب تک بڑی سکرین پر بیٹ مین کی سب سے اچھی عکاسی کرنے میں کامیاب ہوئیں
تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption جب سے ڈی سی کامکس نے ’جسٹس لیگ‘ کے کرداروں کو بڑی سکرین پر متعارف کروایا ہے تب سے ان فلموں اور بین ایفلیک کے کردار کے بارے میں لوگوں کی رائے منقسم ہے

اسی بارے میں