کولڈ پلے کا امجد صابری کو خراجِ عقیدت: نئی البم کے گانے میں ’جگہ جی لگانے کی دنیا نہیں ہے‘ کا استعمال

امجد صابری تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

امجد صابری کو ہم سے بچھڑے ہوئے تین سال سے زیادہ ہو چکے ہیں لیکن ان کی آواز کا جادو اب بھی دنیا بھر میں موسیقی سے محبت کرنے والوں کو اپنی طرف کھینچ لاتا ہے۔

مشہور قوال اور صوفی گلوکار کے مداحوں میں تازہ ترین اضافہ کسی تعارف کا محتاج نہیں اور سنہ 1996 میں منظر عام پر آنے والے مشہور برطانوی گروپ ’کولڈ پلے‘ کے گلوکار کرس مارٹن نے بھی حال ہی میں انکشاف کیا کہ وہ بھی امجد صابری کے چاہنے والوں میں سے ہیں۔

امجد صابری کے لیے ان کی عقیدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ کولڈ پلے نے اپنی حال ہی میں ریلیز ہونے والی تازہ البم 'ایوری ڈے لائف' یا ’روز مرہ زندگی‘ میں پاکستانی قوال کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے کلام ’جگہ جی لگانے کی دنیا نہیں ہے‘ کا ایک حصہ البم کے دوسرے نغمے ’چرچ‘ میں شامل کیا ہے۔

کرس مارٹن نے یوٹیوب چینل ’انٹرکوم‘ کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں اس گانے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ’چرچ‘ ان کی البم کا دوسرا گانا ہے۔

’میں کسی اور گانے پر کام کر رہا تھا جو بہت اچھا تھا۔۔۔ پھر یکایک اس گانے کی آسمان سے آمد ہوئی۔ اس میں صرف چار منٹ لگے، لیکن اسے ریکارڈ کرنے میں ڈھائی سال لگ گئے۔‘

کرس مارٹن کے مطابق یہ گیت ایک ’لوو سانگ‘ یعنی پیار کا نغمہ ہے۔ ’اس میں میرے علاوہ بھی دو زبردست گلوکار ہیں۔ ان میں سے ایک پاکستانی گلوکار امجد صابری ہیں جن کو بدقسمتی سے ایسے لوگوں نے قتل کر دیا جو ان کے عقائد کو پسند نہیں کرتے تھے۔‘

یہ بھی پڑھیے

’امجد صابری کو سلمان خان کا فون آیا اور معاملات طے پاگئے‘

قوال امجد صابری کے قتل میں ملوث دو ملزمان گرفتار

لندن ٹیوب میں کوک سٹوڈیو

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter/@coldplay

امجـد صابری کے علاوہ اس گانے میں عرب گلوکارہ نورا شکور بھی شامل ہیں۔ انٹرویو میں کرس مارٹن نے ہنستے ہنستے کہا ’میں اس گانے میں تیسرا سب سے اچھا گلوکار ہوں!‘

امـجد صابری کی اہلیہ نادیہ صابری نے بی بی سی کی سارہ عتیق کو بتایا کہ انھیں اس بات پر فخر ہے کہ اتنے بڑے بینڈ نے امجد صابری کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

کولڈ پلے کی جانب سے منتخب کیے گئے کلام ’جگہ جی لگانے کی دنیا نہیں ہے‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے نادیہ صابری نے بتایا کہ یہ قوال امجد صابری کے پسندیدہ کلاموں میں سے تھا اور وہ اس کو بطور سبق اپنے بچوں کو پڑھ کر سنایا کرتے تھے۔

امجد صابری کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ ان کے خاوند کا خیال تھا کہ یہ کلام ہر سننے اور پڑھنے والے کے لیے ایک سبق ہے جس میں اس دنیا سے دل نہ لگانے کا پیغام پوشیدہ ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter/@coldplay
Image caption کولڈ پلے کے نغمے میں عرب گلوکارہ نورا شکور کا کلام بھی موجود ہے

تاہم ان کا گِلہ تھا کہ ’انھیں ہمیں اس بارے میں بتانا چاہیے تھا۔ بینڈ کی جانب سے نہ ہمیں اس بارے میں بتایا گیا اور نہ ہی ہم سے کسی قسم کی اجازت لی گئی۔‘

البتہ امجد صابری کے اس کلام کے کاپی رائٹس رکھنے والے لیبل ہیرا میڈیا کے ترجمان وقاص الماس نے مقامی ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ بینڈ نے ان سے امجد صابری کا کلام استعمال کرنے سے پہلے باقاعدہ اجازت مانگی تھی۔

نادیہ صابری کا کہنا تھا کہ وہ اسے کہیں چیلنج نہیں کریں گی لیکن وہ سمجھتی ہیں کہ بینڈ کو احتراماً ان سے اجازت لینی چاہیے تھی۔ ’یا کم سے کم آگاہ ہی کر دیتے۔۔۔ ہمیں اس بارے میں دوسروں سے پتا چلا۔‘

22 نومبر کو ریلیز ہونے والی کولڈ پلے کی البم ’ایوری ڈے لائف‘ عالمی میوزک چارٹس پر پہلے نمبر پر ہے۔ اس البم کے دو حصے ہیں، پہلے حصے کو ’سن رائز‘ یعنی طلوع آفتاب جبکہ دوسرے حصے کو ’سن سیٹ‘ یعنی غروب آفتاب سے منسوب کیا گیا ہے۔

اس البم کی خاص بات اس میں عربی زبان اور گلوکاروں کی شمولیت ہے۔ اس البم کے کوور پر ناصرف اس کا نام عربی زبان میں ’الحیاہ الیومیہ‘ درج ہے، بلکہ ’بنی آدم‘ نامی ایک گانا بھی اس کا حصہ ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں