ٹام کروز کی خلا میں شوٹنگ کی تیاریاں اور ان کے چار یادگار سٹنٹس

ٹام کروز بین الاقوامی خلائی سٹیشن کے متعلق دستاویزی فلم کے لیے اپنی آواز دینے کے بعد خلابازوں کے ساتھ تصویر بنوا رہے ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشن

ٹام کروز بین الاقوامی خلائی سٹیشن کے متعلق دستاویزی فلم کے لیے اپنی آواز دینے کے بعد خلابازوں کے ساتھ تصویر بنوا رہے ہیں

ٹام کروز کو امید ہے کہ وہ تاریخ میں پہلی مرتبہ خلا میں ایکشن فلم کی عکس بندی کر کے ہالی ووڈ میں نئے ریکارڈ بنائیں گے۔

ٹام کروز کی نئی ایکشن فلم کو بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر فلمانے کے لیے ناسا ان کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔

فلم کے حوالے سے کوئی تفصیلات نہیں مل پائی ہیں مگر یہ خبر پہلی مرتبہ دینے والی ویب سائٹ ڈیڈلائن کے مطابق یہ مشن ’امپوسیبل‘ سیریز کی نئی فلم نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیے

خبر میں یہ بھی کہا گیا کہ 57 سالہ اداکار سپیس ایکس کے بانی ایلون مسک کے ساتھ بھی کام کر رہے ہیں۔ سپیس ایکس رواں ماہ کے اواخر میں ناسا کے لیے دو امریکی خلا بازوں کو بین الاقوامی خلائی سٹیشن تک پہنچائے گا۔

ناسا کے ایڈمنسٹریٹر جم بریڈنسٹائن نے ٹوئٹر پر لکھا 'ناسا ٹام کروز کے ساتھ خلائی سٹیشن پر فلم بنانے کے لیے پُرجوش ہے۔'

ایلون مسک نے جواباً کہا کہ اس منصوبے میں 'بہت مزا آئے گا۔'

Presentational white space

کروز نے 2013 میں ریلیز ہونے والی فلم ’اوبلیویئن‘ میں خلا باز کا کردار ادا کیا تھا اور فلم میں وہ زمین پر حملہ آور خلائی مخلوق سے قدرتی وسائل کی حفاظت کرتے ہیں۔

اس کے علاوہ انھوں نے 2002 میں آئی میکس دستاویزی فلم سپیس سٹیشن تھری ڈی کے لیے اپنی آواز دی تھی۔ فی الوقت یہ معلوم نہیں ہے کہ ٹام کروز اصل میں بین الاقوامی خلائی سٹیشن کب جائیں گے۔

وبا کے باوجود سپیس ایکس کا خائی جہاز ’کریو ڈریگن‘ 27 مئی کو ناسا کے خلابازوں بوب بینکین اور ڈوگ ہرلی کو بین الاقوامی خلائی سٹیشن لے جانے کے لیے تیار ہے۔ اس خلائی جہاز میں سات لوگوں کی جگہ ہے۔

short presentational grey line

ٹام کروز کے کریئر کے چار دلیرانہ سٹنٹس

ایئن ینگز، انٹرٹینمنٹ رپورٹر

ہالی ووڈ کے سب سے مشہور ایکشن ہیروز میں سے ایک ہونے کے علاوہ ٹام کروز کو ایسے دلیر اداکار کے طور پر بھی جانا جاتا ہے جو اپنے زیادہ تر سٹنٹس خود کرتے ہیں۔

ٹاپ گن کی نئی فلم کے بارے میں ایک انٹرویو میں ان کے ساتھی اداکار مائیلز ٹیلر نے کہا 'مجھے لگتا ہے کہ جب ٹام سنتے ہیں کہ کوئی چیز ناممکن ہے یا نہیں کی جا سکتی، تب وہ فوراً اس پر کام پر لگ جاتے ہیں۔'

یہ سننے میں ان کے مشن امپوسیبل کے کردار ایتھین ہنٹ جیسا ہی لگتا ہے جو کئی خطرناک مناظر میں دکھائی دیتا ہے۔

1: چھت سے چھلانگ لگانا (اور ٹخنہ تڑوانا)

2017 میں انھوں نے مشن امپوسیبل (فال آؤٹ) کے لیے (رسی کی مدد سے) ایک چھت سے دوسری پر چھلانگ لگاتے ہوئے اپنا ٹخنہ تڑوا لیا تھا۔

انھیں فوراً ہی علم ہوگیا تھا کہ وہ زخمی ہوچکے ہیں لیکن اس کے باوجود وہ اگلی چھت تک پہنچے اور دوڑنا شروع کر دیا۔

انھوں نے بعد میں برطانوی گراہم نورٹن شو میں کہا کہ 'مجھے پتا تھا کہ یہ ٹوٹ گیا ہے۔ میں نے صرف آہ بھری اور کیمرے کے سامنے سے بھاگتا ہوا گزر گیا۔ ہمیں شاٹ مل گیا، یہ فلم میں شامل ہے۔

ان کے ساتھی اداکار سائمن پیگ نے مذاقاً کہا 'جب آپ اٹھے اور بھاگنے لگے، تو سب نے کہا کہ یہ صرف آپ کی ہی خاصیت ہے۔ ٹوٹے ہوئے پیر کے ساتھ شاٹ صرف آپ ہی مکمل کر سکتے ہیں۔'

2: آسمان کو چھوتی عمارت پر چڑھنا

2011 میں ریلیز ہونے والی فلم ’مشن امپوسیبل: گوسٹ پروٹوکول‘ میں ایتھن ہنٹ (ٹام کروز) کو دبئی میں واقع دنیا کی بلند ترین عمارت بُرج خلیفہ پر باہر سے چڑھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

اس کے لیے کروز کو چار ماہ تک تربیت دی گئی تھی اور انھیں رسیوں سے باندھا گیا تھا جنھیں ایڈٹ کر کے نکال دیا گیا، لیکن وہ کہتے ہیں کہ انھیں تیز ہواؤں کی وجہ سے کافی جدوجہد کرنی پڑی۔

انھوں نے کہا، 'یہ سمجھنے میں کچھ وقت لگا کہ پہلے سر کو عمارت سے ٹکرانے سے کیسے بچایا جائے۔'

3: ٹیک آف کے دوران طیارے سے لٹکے رہنا

’مشن امپوسیبل: روگ نیشن‘ کے ایک منظر میں وہ طیارے کی اڑان کے وقت اپنی اُنگلیوں کی مدد سے اس کے ساتھ لٹکے رہتے ہیں۔ وہ واقعی ٹام کروز تھے اور وہ حقیقی جہاز ہی تھا۔

انھوں نے دو دن میں یہ سٹنٹ چار مرتبہ دہرایا اور انھیں رسی سے باندھا گیا تھا، مگر فلم کے عملے کو رن وے کی اچھی طرح جانچ پڑتال کرنی پڑی تاکہ کوئی چھوٹی سے چھوٹی چیز بھی اُڑ کر انھیں نہ لگ جائے۔

کروز نے یو ایس اے ٹوڈے کو بتایا: 'رن وے پر ہم پرندوں کے طیارے سے ٹکرانے اور کسی بھی ایسی چیز کے بارے میں فکرمند تھے جن کے بارے میں خدشہ تھا کہ طیارے کے پنکھے انھیں اپنی جانب کھینچ لیں گے۔

'مجھے یاد ہے کہ مجھے ایک پتھر لگا تھا، وہ اتنا چھوٹا تھا کہ آپ یقین نہیں کریں گے۔ مجھے لگا کہ اس نے میری پسلی توڑ دی ہے۔ خوش قسمتی سے وہ میری جیکٹ میں لگا۔ اگر وہ میرے چہرے یا ہاتھوں پر لگا ہوتا تو دوسری جانب سے نکل جاتا۔'

4: چٹان سے گرنا

ان کے مشہور سٹنٹس میں سے ایک مشن امپوسیبل 2 کے شروع میں ہی ہے جب ہنٹ ایک چکرا دینے والی چٹان پر بظاہر بغیر رسیوں کے چڑھتے ہیں اور تقریباً گِر ہی جاتے ہیں۔

لیکن ٹھنڈا مزاج رکھنے والے ٹام کروز درحقیقت ایک باریک سی حفاظتی تار سے بندھے ہوئے تھے جسے بعد میں مٹا دیا گیا تھا، لیکن اس سے ہدایت کار جون وو کی پریشانی میں کوئی خاطر خواہ کمی نہیں ہوئی۔

انھوں نے انٹرٹینمٹ ویکلی کو بتایا کہ، 'مجھے اُن پر بہت غصہ تھا کہ وہ خود سے یہ کیوں کرنا چاہتے ہیں۔ میں نے انھیں روکنے کی کوشش کی اور میں کامیاب نہیں ہوا۔

'میں اتنا ڈرا ہوا تھا کہ میرے پسینے چھوٹ رہے تھے۔ جب ہم یہ منظر فلما رہے تھے، تب میں مانیٹر کو بھی نہیں دیکھ پا رہا تھا۔

Presentational grey line