بالی و ڈ ڈائری

ودیا بالن
Image caption ودیا ایکتا کپور کی فلم’دی ڈرٹی پکچرز‘ میں جنوبی ہند کی سیکسی اداکارہ سلک سمیتا کے رول میں نظر آئیں گی

ودیا بالن کو آپ نے ہمیشہ ہی ہندوستانی لڑکی کے کردار میں دیکھا اور تو اور فلم انڈسٹری میں انہیں ماڈرن نہیں بلکہ روایتی ہندوستانی اداکارہ کا نام دیا جاتا ہے۔ ویسے یہ ان کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے لیکن بے بی آج کے اس ماڈرن دور میں یہ اوتار کب تک؟

ہم ابھی اسی بات کے لیے فکرمند تھے کہ خبر آئی ودیا ایکتا کپور کی فلم’دی ڈرٹی پکچرز‘ میں جنوبی ہند کی سیکسی اداکارہ سلک سمیتا کے رول میں نظر آئیں گی۔ ودیا نے ابھی کردار کرنے قبول نہیں کیا ہے لیکن ہمارا مشورہ ہے کہ ودیا کو یہ رول کر لینا چاہیے کم از کم اس کردار کے ذریعے وہ دوسری’ماڈرن‘ہیروئینوں اور اپنی تنقید نگاروں کو آسانی سے جواب تو دے سکتی ہیں۔

ڈبے میں جان

جان ابراہم کے ستارے آج کل گردش میں ہیں تبھی تو وہ جو بھی فلم کرتے ہیں، ڈبے میں چلی جاتی ہے۔ آپ کو یاد ہے ان کی آخری فلم کون سے تھی؟

آں۔۔آں، یاد نہیں آرہی ہے۔ لیکن ہمیں یہ ضرور یاد ہے کہ ان کی فلم’ آشائیں‘ بن کر تیار ہے لیکن ابھی تک ریلیز نہیں ہو سکی۔ اس کے بعد جان نے یو ٹی وی جیسی بڑی فلمی کمپنی اور ہدایت کار ڈیوڈ دھون کے ساتھ فلم ’ہک یا کروک‘ شروع کی۔ اب تک اس پر بیس کروڑ روپے خرچ بھی ہوئے لیکن پتہ نہیں کیوں فلم اب تک ریلیز کے لیے تیار ہی نہیں ہے۔ اگر یہی حال رہا تو آپ کو فلموں اور اشتہار دونوں سے غائب ہونا پڑے گا۔

شاہ رخ کا گھٹنا

Image caption ہاتھ اور پیٹھ کی تکلیف کا علاج کرانے کے بعد شاہ رخ کے گھٹنے میں درد ہو گیا ہے

شاہ رخ خان ابھی اپنے ہاتھ اور پیٹھ کی تکلیف کا علاج کرا کےچین سے بھی نہیں بیٹھے تھے کہ اب ان کے گھٹنے کے درد نے انہیں اپنی فلم’را۔ون‘ کی شوٹنگ کرنے سے روک دیا۔ خان اپنی اس فلم میں سپر ہیرو بنیں گے اور سپر ہیرو کے ساتھ سٹنٹ تو لازمی ہے۔ بس اسی لیے خان اب اپنی آئی پی ایل ٹیم کے فزیو تھیراپسٹ اینڈریو سے علاج کروا رہے ہیں۔

پھر پیار ہوا

منیشا کوئرالا کو پھر پیار ہوا لیکن اس مرتبہ وہ انہی کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔ جیسے جیسے منیشا کی فلمیں فلاپ ہونے لگیں ان کے دوستوں کی تعداد بڑھتی گئی۔ اب یہ فرسٹریشن کی وجہ سے تھا یا کچھ اور خیر دیر آید درست آید منیشا کو تو کچھ سمجھ آئی لیکن سشمیتا سین کا کیا؟ ہمیں یقین ہے کہ وہ بھی جلد ہی منیشا کے نقش قدم پر چلیں گی۔

ڈان بھیا

فلم ’ڈان‘ کو امیتابھ بچن کی فلم کہیں یا شاہ رخ خان کی؟ چلیے یہ تنازعہ چھوڑیں کیونکہ اب سے کچھ دنوں بعد آپ ڈان کو ڈان نہ کہہ کر ڈان بھیا کہنے لگیں گے اور یوپی بہار کے لوگ تو ڈان بھیا کہیں گے۔ وہ اس لیے کہ فلم ڈان اب بھوجپوری زبان میں بنے گی اور بطور ہیرو روی کشن ڈان بنیں گے۔ ویسے یہ فلم کچھ اور ریکارڈ توڑنے کے لیے تیار ہو گی کیونکہ یہ پہلی بھوجپوری فلم ہو گی جس کا بجٹ ساڑھے چار کروڑ روپے ہو گا اور شوٹنگ لندن میں ہو گی۔

شاہد بے روزگار

Image caption شاہد کی آخری فلم چانس پر ڈانس ریلیز ہوئی تھی

شاہد کپور اپنے کو آج کل بے روزگار کہتے ہیں۔ ان کی ایک فلم’چانس پہ ڈانس‘ ریلیز ہوئی اور فلاپ ہو گئی۔ دو فلمیں آرہی ہیں جس کی تشہیر کے لیے وہ دہلی جائیں گے لیکن وہ کہتے ہیں کہ جب جب وہ فلم کی شوٹنگ نہیں کرتے خود کو بے روزگار سمجھتے ہیں۔ ویسے شاہد اسے آپ اپنی خوش قسمتی بھی تو سمجھ سکتے ہیں کہ مصروف اوقات سے کچھ وقت آرام کا مل جاتا ہے۔

تھری ڈی فلمیں

فلم اوتار کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے اب بالی وڈ فلمسازوں میں دوڑ لگ گئی ہے تھری ڈی فلمیں بنانے کی۔ اب پوجا بھٹ بھی اپنی فلم’جسم ‘ کا سیکوئیل تھری ڈی میں بنانے کی تیاری میں ہیں۔ پاپا مہیش بھٹ فلم کا سکرپٹ لکھنے کی تیاری میں ہیں۔ آپ کو اگر یاد نہ ہو تو ہم یاد دلا دیں کہ فلم جسم میں جان ابراہام اور بپاشا نے اداکاری کی تھی اور یہ ہندی فلموں کی بہت ہی سیکسی فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ پوجا بے بی دوسرے درجے کے طرز پر بنی فلموں سے کچھ تو پرہیز کرو۔

جادو کی جھپی

Image caption پریتی زنٹا اپنی آئی پی ایل ٹیم کے کھلاڑیوں کی اچھی کارکردگی پر انہیں جادو کی جھپیاں دیتی تھیں

منا بھائی کے سنجے دت نے اپنی فلم جادو کی جھپی دی تھی لیکن یہاں تو کھیل کے میدان میں جادی کی جھپیاں دی جا رہی ہیں۔ پریتی زنٹا اپنی آئی پی ایل ٹیم کے کھلاڑیوں کی اچھی کارکردگی پر انہیں جادو کی جھپیاں دیتی تھیں اور اب شلپا کی باری ہے۔ آپ نے سکرین پر تو دیکھا ہی ہو گا کہ کس طرح ٹیم کے جیتنے پر شلپا نے بالرز اور ٹیم کے کپتان کو گلے لگا لیا۔ یہ دیکھ کر کرکٹ کی دنیا کے معروف ہرشا بھوگلے یہ کہنے سے نہیں چونکے کہ بھئی انہیں کرکٹ کی خدمت کرتے اتنا وقت ہو گیا لیکن انہیں کبھی کسی نے گلے نہیں لگایا۔

سنجو بابا کی تیاری

خبروں پر اگر یقین کریں تو بہت جلد سنجو بابا یعنی سنجے دت آپ کو ٹی وی کی کسی گیم شو یا ریالٹی شو کے میزبان کے طور پر نظر آئیں گے۔ خبریں یہ ہیں کہ کئی ٹی وی چینل سنجو بابا کو اپنے چینل پر ریالٹی شو کرتے دیکھنا چاہتے ہیں لیکن یہ تو سنجے دت پر منحصر ہے کہ وہ کس شو کو پسند کریں۔

اسی بارے میں