بالی وڈ ڈائری

قطرینہ کیف

قطرینہ کیف کو آئی پی ایل سے نفرت ہے! کیوں؟ کرکٹ میں دلچسپی نہیں ہے! نئیں ( نہیں) سلمان خان آئی پی ایل ٹیم خرید نہیں پائے! نئیں۔۔۔۔ تو پھر ۔۔ وہ اس لیے کہ تمام اخبارات ٹی وی چینلز صرف اور صرف آئی پی ایل اور اس کے تنازعہ کی خبریں ہی شائع کر رہے ہیں لیکن کوئی یہ نہیں بتا رہا کہ یورپی ممالک میں آتش فشاں کے گرد و غبار اڑنے کی وجہ سے وہاں جانے والی تمام پروازیں منسوخ ہو رہی ہیں۔ اب کیٹ بے بی بھی کیا کریں انہیں اپنے نانا کے 90 ویں سالگرہ کا جشن منانے لندن جانا تھا لیکن وہ وہاں پہنچ نہیں پائیں۔ کوئی بات نہیں بے بی ہم نے خیر آپ کے نہ پہنچنے کی تو خبر بنا دی ناں!

ناصر حسین اور اکشے کا ربط

ناصر حسین کا نام آتے ہی کہیں آپ انہیں دلیپ کمار کے بھائی نہ سمجھ بیٹھیں۔ برطانیہ کے کرکٹ ٹیم کپتان ناصر حسین اکشے کمار کی کرکٹ ٹیم کے کوچ ہوں گے۔ پھر کنفیوژن! دراصل اکشے فلم پٹیالہ ہاؤس میں ہیرو ہیں اور اس فلم میں کرکٹ اہم موضوع ہے۔ اکشے تیز بالر بنے ہیں اور اسی کے ساتھ اس فلم میں ہندستانی ہی نہیں پاکستانی ، برطانوی آسٹریلیا اور ساؤتھ افریقہ کے کرکٹر بھی اداکاری کریں گے۔ اکشے آج کل بالنگ سیکھ رہے ہیں اور فلم کی شوٹنگ بہت جلد اوول اور لارڈز کے میدان میں ہو گی۔

گوری میگزین کور پر

گوری یعنی مسز شاہ رخ خان اور رتیک روشن کی بیوی سوزین خان بہت جلد پیرس کے ایک میگزین کور پر نظر آئیں گی۔ ویسے انڈسٹری میں گوری اور سوزین کی دوستی بہت ہی مشہور ہے۔ بالی وڈ اداکاروں کی بیویوں کی کلب کی یہ دونوں جان ہیں اور ہمیں لگتا ہے کہ بالی وڈ ہیروئینوں کو مات دینے والے سیکسی سٹائلسٹ دیوا اوتار میں ان دونوں نے آخر بازی مار ہی لی۔

چوتھا ایڈیٹس بیورلی ہلز میں

اب ہمیں لگتا ہے کہ تھری ایڈیٹس نے واقعی باکس آفس پر ریکارڈ توڑ بزنس کیا اور ودھو ونود چوپڑہ کے خزانے میں تقریباً چار سو پچیس کروڑ روپیوں کا اضافہ کیا۔ اتنی لمبی تمہید اس لیے کہ اب چوپڑہ نے ہالی وڈ سٹار کے درمیان سب سے پوش علاقے بیورلی ہلز میں اپنا ایک اپارٹمنٹ خرید لیا۔ بالی وڈ کی پہلی ہستی جو یہاں اپارٹمنٹ خریدنے کی ہمت کر سکی۔ اور اب ان کے پڑوسی ہوں گے جارج کلونی، جینفر اینسٹن، سلویسٹ سٹالون پامیلا اینڈرسن اور میڈونا۔

سٹائل بھائی

بالی وڈ میں سلمان خان اپنے سٹائل اور اپنی شرطوں پر کام کرنے کے لیے مشہور ہیں۔ اسی لیے تو وہ جب اپنے کسی ذاتی کام سے کہیں جاتے ہیں تو چارٹرڈ طیارہ استعمال کرتے ہیں۔ ہمارے خبری نے بتایا کہ تین طیارے تیار کھڑے تھے اور سلمان کو ان میں سے اپنی پسند کے کسی ایک طیارے کا انتخاب کرنا تھا۔ سلمان اپنی پسند کے طیارے میں بیٹھے اور فورا سگریٹ جلا لی۔ اب انہیں یہ نہیں پسند کہ کوئی انہیں طویل سفر میں سگریٹ نوشی کرنے سے روکے۔

خان صرف پینتیس منٹ میں

امریکی ناظرین کے لیے ہالی وڈ نامور ایڈیٹر الان ایڈورڈ بیل نے شاہ رخ اور کرن جوہر کی فلم مائی نیم از خان کو اس طرح ایڈیٹ کر دیا کہ وہ صرف پینتیس منٹ کی فلم بن گئی۔ اس کا مطلب ہے کہ یہاں فلم بینوں کو ڈھائی گھنٹہ تک ملٹی پلیکس میں زبردستی بٹھایا جاتا ہے۔ کہیں ایسا تو نہیں کہ فلم سے سارے نغمے حذف کر دیے گئے۔ جواب تھا نہیں تو پھر؟ ارے وہ سارے سین کاٹ دیے گئے جو فلمانے تھے امریکہ میں اور جوہر نے اسے فلم سٹی میں فلمائے تھے۔

گیرارڈ پرینکا کے شوہر

آپ کو یاد ہے کس طرح پرینکا چوپڑہ کے گھر میں ہوئی پارٹی میں ہالی وڈ اداکار گیرارڈ بٹلر نے روایتی انداز میں اپنے گھٹنوں پر بیٹھ کر پرینکا سے شادی کی خواہش ظاہر کی تھی؟ اب وہ وشال کی فلم ’سات خون معاف‘ میں پرینکا کے سات میں سے ایک شوہر کا رول کریں گے۔ اب یہ بتانے کی تو ضرورت ہی نہیں کہ کس نے وشال سے گیرارڈ کو فلم میں رول دینے کی سفارش کی ہو گی؟

امیر ترین پریتی

بالی وڈ میں دیگر ہیروئین پریتی زنٹا کو چاہے فلموں میں مات دیں لیکن پریتی نے انہیں بزنس کےمیدان میں مات دے ہی دی۔ آئی پی ایل کی ٹیم کی مالکن ہونے کی وجہ سے وہ اس وقت کچھ نہیں تو ساڑھے تین سے چار سو کروڑ روپیوں کی مالک بن چکی ہیں۔ کوئی نہیں جی فلمیں نہ سہی آئی پی ایل تو ہے۔

ایش کا ریکارڈ

ایشوریہ رائے نے ویسے تو کئی ریکارڈ توڑے ہیں لیکن فلم ’ایکشن ری پلے‘ میں انہوں نے چالیس پچاس نہیں ایک سو پچیس کپڑے تبدیل کیے ہیں۔ عام طور پر کسی بھی فلم میں ہیروئین کو اوسطاً چالیس یا پچاس کپڑے پہنائے جاتے ہیں لیکن اس فلم میں ایش پر فلمائے گئے ایک ایک گیت میں انہیں پندرہ سے بیس مختلف کپڑوں میں دکھایا گیا ہے۔ اب ہمیں یہ نہیں پتہ کہ ایش کے سامنے ان کے ہیرو اکشے نے بھی کوئی ’کپڑا‘ ریکارڈ قائم کیا ہے نہیں۔

بالی وڈ کی گریٹا گاربو

تبو کو آپ بالی وڈ کی گریٹا گاربو کہہ سکتے ہیں۔ اتنی فنکارانہ صلاحیت والی اداکارہ آخر کیوں لوگوں سے بچتی رہتی ہیں۔ ایک تو آج کل وہ صرف چنیدہ فلموں میں کام کر رہی ہیں اس کے بعد بھی ان کی سوشل لائف بالکل نہ ہونے کے برابر ہے، حتی کہ ان کے دوست بھی انہیں ڈھونڈتے رہ جاتے ہیں۔ ہم نہیں چاہتے کہ کوئی انڈسٹری میں گریٹا گاربو یا پروین بابی بنے۔

اسی بارے میں