ستاروں کا جھرمٹ اور دیپکا کی خواہش

گوا میں ستاروں کا جھرمٹ

اجے دیوگن
Image caption اجے دیوگن اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ گوا میں موجود ہیں

گوا کے ساحل اس وقت بالی وڈ ستاروں کی موجودگی کے گواہ ہیں۔ وہ گرمی چھٹیاں منانے نہیں گئے ہیں بلکہ فلم ’گول مال تھری‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ لیکن سوال یہ اٹھتا ہے کہ کیا ایک ہی فلم میں اتنے سارے ستارے کام کر رہے ہیں؟ نہیں بھئی دراصل اجے دیوگن اس فلم کے ہیرو ہیں تو ان کی بیوی کاجول اپنی بیٹی کے ساتھ وہاں پہنچ گئیں۔ کرینہ اس فلم کی ہیروئن ہیں تو بھلا سیف کیسے انہیں اکیلا چھوڑ دیتے۔ فلم میں کنال کھیمو بھی ہیں اس لیے ان کی دوست سوہا علی خان بھی ’اچھا وقت گزارنے‘ گوا میں موجود ہیں۔ اب متھن چکرورتی کی بیوی یوگیتا بالی انہیں کیسے تنہا چھوڑ دیتیں؟ ارشد وارثی کی بیوی ماریا بھی بچوں کے ساتھ گوا چھٹیاں منانے پہنچی ہیں۔ اب ہمیں بیچارے فلمساز کی جیب کا خیال آرہا ہے۔

ملیں ہم دور دور سے

Image caption شائنی آہوجہ عدالتی حکم کی وجہ سے ممبئی نہیں آ سکتے

آپ کو اداکار شائنی آہوجہ یاد ہیں؟ آپ کہیں گے کیسے یاد نہیں جبکہ ایک عرصہ تک وہ ٹی وی سرخیوں میں تھے۔ جنہیں یاد نہیں ان کے لیے ہم بتا دیں کہ ممبئی پولیس نے انہیں ان کی گھریلو ملازمہ کے ساتھ مبینہ طور پر جنسی زیادتی کےالزام میں گرفتار کیا تھا اور بعد میں عدالت نے انہیں ضمانت پر یہ کہتے ہوئے رہا کیا کہ کیس کے اختتام تک وہ ممبئی نہیں آسکتے۔ اتنی لمبی تمہید کی وجہ اس لیے پیش آئی کہ ان کی فلم ’ایکسیڈنٹ‘ کی ہیروئین سوہا علی خان نے ان کے ساتھ کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔ اب بیچارے فلمساز کیا کرتے جبکہ فلم کا کلائمکس ہی فلمانا باقی رہ گیا تھا۔ سوہا کو منانے کی کوشش کی گئی لیکن بے سود آخر کار ایک آئیڈیا ذہن میں آیا اور فلمساز نے ممبئی میں سوہا کے ساتھ شوٹنگ کی اور دہلی میں شائنی کے ساتھ۔ اس کے بعد دونوں مناظر کو ملا دیا جائے گا۔

قطرینہ کی راج نیتی

Image caption سونیا گاندھی قطرینہ سے ملاقات پر تیار نہیں ہوئیں

کیٹ نے فلم ’راج نیتی‘ میں چاہے اداکاری کی ہو لیکن سیاسی میدان کی چند خواتین ان کے دل دماغ میں بس گئی ہیں تبھی تو انہوں نے سونیا گاندھی، شیلا دکشت، پرینکا گاندھی اور امبیکا سونی سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی ہے۔ ویسے کیٹ نے اِنہی خواتین کی سی ڈی دیکھ کر اُنہی کے انداز میں اداکاری کی کوشش کی ہے۔ فلم کے ہدایت کار پرکاش جھا نے کیٹ کی خواہش پوری کرنے کی کوشش کی ہے اور کیٹ بہت جلد ان سے دہلی میں ملاقات بھی کریں گی لیکن سونیا گاندھی سے ملاقات کی خواہش ادھوری ہی رہ جائے گی۔

وویک کی گھبراہٹ

Image caption وویک اوبرائے سلمان خان کا سامنا نہیں کرنا چاہتے

اب یہ بات کسی سے بھی چھپی نہیں رہی ہے کہ وویک ہر اس جگہ جانے سے کتراتے ہیں جہاں سلمان خان ہوں۔ کیوں؟ وہ سلو کے غصہ سے ڈرتے ہیں۔ لیکن اس کا کیا کریں کہ بالی وڈ کی دنیا بہت چھوٹی ہے۔ ایک پروگرام میں سلمان خان کو رقص کرنا تھا اور اسی پروگرام میں وویک کا بھی آئٹم رقص تھا حالانکہ پروگرام کے منتظمین نے شیڈول اس طرح کا بنایا تھا کہ دونوں کا آمنا سامنا نہ ہو لیکن قسمت کے مارے وویک وقت سے پہلے پہنچ گئے اس سے پہلے کہ وہ اپنی وینٹی وین سے باہر نکلتے ان کے دوستوں نے خبر پہنچائی کہ سلو وہیں باہر کچھ دور پر کھڑے ہیں۔ گھبراہٹ کے مارے وویک نے خود کو وین میں بند کر لیا اور پچھہتر منٹ بعد جب سلو وہاں سے ہٹے تو بیچارے وویک باہر نکلے۔

تیرا میرا ساتھ رہے

Image caption دیپکا اور رنبیر کپور ساتھ ساتھ نظر آنےلگے ہیں

یہ دعا سانولی سلونی دیپکا پادوکون کے دل سے نکلی دعا ہو گی۔ یہ ہم سب جانتے ہیں لیکن اب شاید اب یہ دعا اثر کرنے لگی ہے کیونکہ دیپکا اور رنبیر کپور ساتھ ساتھ نظر آنےلگے ہیں۔ لوگوں نے انہیں ملٹی پلیکس میں فلم ’ہاؤس فل‘ سے باہر ساتھ نکلتے دیکھا۔ ویسے آپ کو معلوم ہی ہو گا کہ اس فلم میں دیپکا اکشے کمار کے ساتھ ہیں۔ خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیلی اور اب پتہ چلا ہے کہ دیپکا نے رنبیر اور پرینکا کی جوڑی والی فلم ’سائلنس‘ میں کام کرنے کی حامی اس شرط پر بھری ہے کہ انہیں پرینکا کے برابر معاوضہ دیا جائے۔

کلاسیکل فلمی لائبریری

بالی وڈ کی کلاسیکل کامیاب نادر فلمیں بنانے کی دلچسپ کہانی اب آپ بہت جلد کتابی شکل میں دیکھ سکیں گے۔ فلمساز ودھو ونود چوپڑہ کے ذہن کا یہ آئیڈیا ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ پرانے دور کی ہر کامیاب فلموں کے سکرپٹ، اس فلم کے وہ مناظر جو کٹ کر دیے گئے فلم بنانے کے دوران کے واقعات وغیرہ اس کتاب کاحصہ بنیں۔ چوپڑہ کی اس کوشش سے یقیناً فلم انسٹی ٹیوٹ کے طلباء اور فلموں کے شوقین فیض حاصل کر سکیں گے لیکن اگر چوپڑہ اس میدان کے شہسوار بن رہے ہیں تو بے شک پہلی کتاب تھری ایڈیٹس اور منا بھائی سیریز سے شروع ہو گی۔

شاہ رخ کے ساتھ نہیں

Image caption بالی وڈ ہیرو شاہ رخ کے ساتھ کام کرنے سے کترانے لگے ہیں

کون سا ایسا اداکار ہو گا جو بالی وڈ کنگ خان کے ساتھ کام کرنا نہ چاہے؟ ہر ہیروئین! لیکن ہم یہاں ہیروئین نہیں ہیروز کی بات کر رہے ہیں۔ اور ہمیں یقین ہے کہ بہت سے ہیروز ایسا کرنا نہیں چاہیں گے کیونکہ انہیں ڈر ہوگا کہ خان کی موجودگی میں وہ کچھ زیادہ نہ کر دکھا سکیں اسی لیے تو اس وقت بالی وڈ میں ٹاپ نوجوان ہیرو رنبیر کپور نے شاہ رخ کے ساتھ کام کرنے سے انکار کر دیا۔

کنگنا کی شکایت

کنگنا کو شکایت ہے کہ ہمیشہ اس کے ساتھ ہی ایسا کیوں ہوتا ہے کہ انہیں وہ شہرت نہیں ملتی جتنی ملنی چاہیے ۔ مطلب؟ مطلب یہ کہ جب انہوں نے فلم فیشن میں کام کیا تو ان کے بجائے زیادہ شہرت پرینکا کو ملی اور اب جب ان کی رتیک کے ساتھ فلم ’ کائٹس‘ ریلیز کے لیے تیار ہے تو ان سے زیادہ شہرت میکسیکو کی ماڈل اور اداکارہ باربرا موری کو مل رہی ہے۔ کنگنا بے بی ایسا ہوتا ہے اب آپ ہی بتائیے اگر فلمساز رتیک اور باربرا کے بوسے اور ان کے فلم میں دیگر ہاٹ سین کی پبلسٹی نہ کریں تو فلم کون خریدے گا؟

اسی بارے میں