مخالفت کے باوجود آئیفا کولمبو میں

ایفا ایوارڈ کے لیے امیتابھ بچن برانڈ امبیسڈر ہیں ممبئی اور جنوبی ہندستان میں تمل فلم انڈسٹری کے بیشتر فلمساز اور اداکاروں کی مخالفت کے باوجود انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی آئیفا ایوارڈ فنکشن سری لنکا میں ہی ہو گا۔

آئیفا ایوارڈ پروگرام کی منتظم کمپنی ’وز کرافٹ‘ کے چیئرمین سباس جوزف نے بی بی سی کی ریحانہ بستی والا کو بتایا ہے کہ آئیفا ایوارڈ پروگرام مقررہ وقت اور تاریخ پر ہی سری لنکا کے شہر کولمبو میں منعقد ہوں گے اور اس کے برانڈ سفیر امیتابھ بچن بھی اس میں شریک ہوں گے۔

گیارہویں آئیفا ایوارڈ کی تقریب تین سے پانچ جون کے درمیان ہوگی۔

جب سے سری لنکا کے شہر کولمبو میں آئیفا ایوارڈز کے انعقاد کا اعلان کیا گیا ہے تبھی سے جنوبی ہند میں رہنے والے تمل افراد اس کی مخالفت کر رہے ہیں۔ تملوں کی نمائندہ تنظیم ’نام تمیلیار‘ نے اسی سلسلے میں تین روز قبل بالی وڈ اداکار امیتابھ بچن کے بنگلہ کے باہر احتجاجی دھرنا دیا تھا اور بھوک ہڑتال بھی کی تھی۔

ان کا مطالبہ تھا کہ امیتابھ بچن اس پروگرام کا بائیکاٹ کریں۔ تنظیم کے جنرل سیکریٹری سی راجندرن کا کہنا تھا کہ ’امیتابھ جیسے اداکار جن کی ہم سبھی عزت کرتے ہیں، اگر انہوں نے سری لنکا کا دورہ کیا تو دنیا کو یہ پپیغام جائے گا کہ کہ جو کچھ سری لنکا نے اب تک کیا وہ سب درست ہے‘۔

Image caption بھارتی فلم انڈسٹری کو عالمی سطح پر روشناس کرنے کےلیے ایفا ایوارڈ کی شروعات ہوئی تھی

تملوں کی جانب سے مخالفت کیے جانے کے بعد امیتابھ بچن نے اپنے بلاگ میں لکھا تھا کہ ’ہر کسی کے جذبات کی قدر کی جانی چاہیے‘ اور وہ اب وز کرافٹ کمپنی کے نمائندوں سےملاقات کر کے اس سلسلہ میں مذاکرات کریں گے۔

تملوں کی مخالفت اور امیتابھ بچن کو بلاگ کے بعد یہ قیاس آرائیاں جاری تھیں کہ وز کرافٹ کمپنی شاید مقام کی تبدیلی پر کچھ غور کرے گی لیکن جوزف کے بیان کے بعد یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ پروگرام کولمبو میں ہی ہو گا۔

تاہم اس صورت میں جنوبی ہند کے بیشتر فلمساز اور اداکار اس میں شرکت نہیں کریں گے۔جنوبی ہند سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق وہاں کے فلم اداکار رجنی کانت ، کمل ہاسن، وجے اور سوریہ نے آئیفا کے اس اقدام کی مذمت کی ہے۔جنوبی ہند کے ہی فلساز منی رتنم جو آئیفا سے ہمیشہ سے جڑے رہے ہیں، اس مرتبہ آئیفا میں اپنی آنے والی فلم ’راون‘ کی تشہیری نمائش نہیں کریں گے۔ ان کی اس فلم میں ابھیشیک بچن اور ایشوریہ رائے بچن اہم کردار نبھا رہے ہیں۔

منی رتنم تملوں کے مفاد کی ہمیشہ سے حمایت کرتے آئے ہیں اور انہوں نے اسی موضوع پر تمل زبان میں فلم بھی بنائی ہے۔

اسی بارے میں