ثانیہ مرزا اپنی ’دوبارہ شادی‘ سے خفا

ثانیہ مرزا اپنی ’دوبارہ شادی‘ سے خفا ہیں۔ معاف کیجئے گا حقیقی نہیں پردے پر۔ اور ان کا خفا نہیں بلکہ غصہ ہونا لازمی ہے کیونکہ بالی وڈ کے ایک تقریباً گمنام فلمساز نے ہندوستانی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی شادی سے قبل ہوئے تنازعہ پر ایک فلم ’حیدرآبادی داماد‘ بنانے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔

فلم کے اداکاروں کا بھی اعلان ہو چکا ہے۔ ثانیہ کو جب اس بات کا پتہ چلا تو وہ ناراض ہو گئیں۔ ثانیہ کو اس بات کا دکھ ہے کہ لوگ ان کی نجی زندگی میں دخل دے رہے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ فلمساز نے ذرائع ابلاغ کی خبروں کی بنیاد پر ہی فلم کی کہانی لکھی ہو گی۔

اب ثانیہ اس فلمساز کے خلاف کیس کریں گی یہ ابھی واضح نہیں ہے لیکن یہ طے ہے کہ شادی کی ہی طرح فلم بھی بہت سی پبلسٹی حاصل کر لے گی۔

ہالی وڈ میں کرینہ

کانز فلم فیسٹیول میں چاہے ایشوریہ یا پھر دیپکا اور ملکہ نے ریڈ کارپیٹ پر جلوے بکھیرے لیکن بازی تو کرینہ نے مار لی۔ گیارہ جون سے گیارہ جولائی تک چلنے والے فیفا ورلڈ کپ میں ایک میوزک البم میں وہ ہالی وڈ اداکار میٹ ڈیومن کے ساتھ رقص کرتے نظر آنے والی ہیں۔

فیفا میں اس مرتبہ بالی وڈ موسیقار لیم سلیمان کے لائیو پرفارمنس ہوگی لیکن بے بو کا یہ میوزک ویڈیو بہت سے بالی وڈ ہیروئین کی نیند حرام ضرور کر دے گا کہ آخر ان کے ایجنٹ اس موقع کا فائدہ اٹھانےمیں ناکام کیوں رہے۔

شلپا کی چکن کری

شلپا شیٹی کی چکن کری ( مرغ کا سالن جو انہوں نے بگ برادر شو میں بنایا تھا) اور خود شلپا بگ برادر سے مشہور ہیں یہ دنیا جانتی ہے لیکن اب یہ چکن کری شاہ رخ کھانے والے ہیں۔

خان اپنی فلم ’را۔ون‘ کی شوٹنگ کے لیے پورے یونٹ کے ہمراہ لندن پہنچنے والے ہیں اور جتنے دن وہ وہاں شوٹنگ کریں گے شلپا اور راج کندر کی ہوٹل سے پورے یونٹ کا کھانا آئے گا۔ چلیے شلپا فلموں میں فلاپ سہی لیکن بزنس میں تو کامیاب ہو گئیں۔

تیرا ہی سہارا

فلمساز واشو بھگنانی اپنے بیٹے جیکی بھگنانی کو بالی وڈ میں کامیاب کرنے کے لیے اب دوسری سیریز کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔

کامیاب فلمیں دینے والے واشو نے بڑے زور شور سے اپنے بیٹے کو انڈسٹری میں انٹری دلائی تھی لیکن فلم کامیاب ہونا تو دور سپر فلاپ ہو گئی۔

خیر اب انہوں نے فلم کو کامیاب کرانے کے لیے ایک نیا فارمولا اپنایا ہے۔ وہ اپنی فلم میں امیتابھ بچن، سلمان خان، کرینہ کپور، گووندہ، ابھیشیک بچن، اور سشمیتا سین کو مہمان اداکار کے طور پر کاسٹ کر رہے ہیں۔ بھگنانی سٹارز کی بیساکھی کے سہارے اپنے بیٹے کو چلانے کی کوشش میں ہیں دیکھیں فلم کتنی کامیاب ہوتی ہے۔

بریانی نہیں پاستہ

یہ مکالمے رتیک روشن نے اپنی فلم ’کائٹس‘ کے لیے بولے تھے۔ رتیک کا کہنا تھا کہ ان کی فلم ہندستانی بریانی کے بجائے غیر ملکی ماڈرن پاستہ ہے۔

لیکن اس کا کیا کہ یہ پاستہ ہمارے ہندستانی گاؤں کا کلچر رکھنے والوں کو ہضم ہی نہیں ہو رہا ہے۔ بہار کے ایک ڈسٹری بیوٹر نے راکیش روشن کے خلاف کیس کرنے کی ٹھان لی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فلم میں ہسپانیہ اور انگریزی زبان میں مکالموں کی بھر مار ہے اور اس لیے ناظرین اپنا سر پیٹ رہے ہیں۔ فلم اس علاقے میں فلاپ ہو رہی ہے اور انہیں خسارہ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

تشار کپور شان کے ساتھ کہتے ہیں کہ انہیں تاریخ بہت یاد رہتی ہے۔ یعنی ان کی سالگرہ کی تاریخ ، انہوں نے پہلی مرتبہ کب کیمرے کا سامنا کیا تھا۔ ان کی پہلی فلم کون سی تھی؟ وہ تو ٹھیک ہے تشار لیکن کیا آپ کو یاد ہے کہ آپ کی کامیاب فلم کون سی تھی؟ اگر آپ کو یاد آجائے تو ہمیں بھی بتا دیجئے گا۔

اسی بارے میں