کرینہ کی ’شارٹ ٹرم شادی‘، ریکھا کا جلوہ

کرینہ کی ’شارٹ ٹرم شادی‘

کرینہ کپور
Image caption کرینہ کپور ان دنوں کم فلموں میں نظر آتی ہیں

’شارٹ ٹرم شادی‘ کے لیے بیچاری کرینہ کپور کو کیا کچھ نہیں کرنا پڑ رہا ہے۔

کرینہ کے سامنے سے چاکلیٹ اور آئس کریم ہٹا لی گئی ہیں اور ایک بار پھر انہیں دن میں محض دو مرتبہ ہلکی غذا کھانی ہے اور اگر پھر بھی بھوک لگے تو چنا اور کرمرے! لیکن کرینہ کرے بھی تو کیا انہیں اگر عمران خان کے ساتھ شارٹ ٹرم شادی کرنی ہے تو انہیں یہ سب تو کرنا ہو گا کیونکہ امی آج کل اپنے سکس پیک ایبس کے ساتھ بالکل فٹ ہیں۔

اوہو بھول ہو گئی، شروع میں ہم یہ لکھنا تو بھول ہی گئے کہ کرینہ اور عمران خان ایک ساتھ ایک نئی جوڑی کے طور کرن جوہر کی آنے والی فلم ’شارٹ ٹرم شادی‘ میں پردے پر نظر آئیں گے اور کرن نے کرینہ کو سائز زیرو میں نظر آنے کی سخت ہدایت دی ہے۔

قطرینہ کا آئٹم رقص

کیٹ بے بی بالی وڈ کا سب سے سیکسی اور دھماکہ دار آئٹم رقص کرنے کی تیاریاں کر رہی ہیں۔ ویسے فلم تیس مار خان کی ہدایت کار فرح خان کا یہ دعویٰ کیا ہے کہ بالی وڈ میں اس سے قبل ایسا آئٹم رقص کبھی کسی نے نہیں فلمایا ہو گا؟ ہفتے میں چار دن کیٹ کو گھنٹوں اس رقص کی ریہرسل کرنی ہوتی ہے۔ چھوٹی سی چولی اور گھاگرا میں کیٹ دیسی اور بدیسی دونوں نغموں پر تھرکیں گی۔ ہم اور آپ فرح کے دعوے پر یقین کریں یا نہ کریں لیکن فرح نے اس رقص سے متعلق ایک بات تو چونکانے والی کی ہے انہوں نے کیٹ سے وعدہ لیا ہے کہ فلم کی نمائش کے بعد جب بھی وہ یہ رقص کسی پروگرام میں کریں گی اس کا ایک فیصد معاوضہ وہ فرح کو دیں گی۔

ریکھا کا جلوہ

Image caption کہا جارہا ہے کہ قطرینہ کیف جس آئٹم نمبر کی تیاری کررہی ہیں ایسا رقص بالی وڈ میں پہلے کبھی نہیں ہوا

بالی وڈ حسینہ ریکھا کی نئی تصویروں نے تو اچھی اچھی بیس سالہ بالی وڈ حسیناؤں کو مات دے دی ہے۔ فلمی میگزین فلم فیئر کے لیے فوٹو گرافر جگدیش مالی نے چھپن سالہ ریکھا کی بہت ہی پرکشش تصویریں کھینچی ہیں جس میں ریکھا آپ یقین مانئے بیس سالہ حسینہ نظر آتی ہیں۔ ویسے مالی نے یہ اعتراف ضرور کیا کہ انہوں نے تصویر میں کچھ ڈجیٹل تبدیلیاں کی ہیں لیکن ریکھا واقعی آج بھی اتنی ہی پرکشش ہیں۔ وہ سب تو ٹھیک ہے لیکن ایک بات سمجھ میں نہیں آئی کیا آپ ہمیں بتا سکتے ہیں کہ اس عمر میں اس طرح کی تصویریں ریکھا نے کیوں کھنچوائی اس کے پیچھے ان کا کیا مقصد تھا یا پھر میگزین کو ریکھا کے ’اِس‘ حُسن کی ضرورت تھی؟

سنجیدہ فلموں سے توبہ

Image caption راون فلم سے بہت امیدیں وابسطہ تھیں

راون کو راون نے مار ڈالا۔ جی ہاں ابھیشیک بچن نے فلم راون کے سپر فلاپ ہونے کے بعد سنجیدہ فلموں سے نہ صرف توبہ کر لی بلکہ اپنے سے ہی یہ وعدہ بھی کر لیا کہ آئندہ وہ اپنی ملکہ حسن بیوی ایشوریہ کے ساتھ بھی پردے پر نظر نہیں آئیں گے۔ تو اب کیا؟ ابھی کی جوڑی کس کے ساتھ؟ فلمسازوں کو لگتا ہے کہ اب کیٹ اور ابھی کی جوڑی پردے پر ہاٹ لگے گی اور لوگوں کی توجہ کا مرکز بن سکتی ہے۔ کیوں نہ بنے اس جوڑی کے ساتھ لوگون کے تجسس بھی تو بلندیوں پر ہوں گے۔ اس لیے ابھی اور کیٹ کی ایک ساتھ لگاتار تین فلمیں آئیں گی جس کی تیاریاں شروع ہو چکی ہیں۔ فلمساز بھی موقع کا فائدہ اٹھانے سے نہیں چوکتے نا آخر وہ کیٹ اور سلمان کی دوریوں کو بھی تو کیش کرنا جانتے ہیں؟

خان بمقابلہ ٹام

Image caption لمحہ فلم کشیمر کے بارے میں ہے

بالی وڈ کے شاہ رخ خان کا مقابلہ اکثر ہالی وڈ کے ٹام کروز سے کیا جاتا ہے یہ سبھی جانتے ہیں لیکن کیا لوگ یہ جانتے ہیں کہ لندن میں ٹام سے زیادہ خان کی فلمیں چلتی ہیں اور خان کے پرستار ٹام کے مقابلہ زیادہ ہیں یہ ہم نہیں کہتے بھئی یہ تو اکنامک ٹائمز اخبار کا سروے کہتا ہے۔ خیر مقابلہ چھوڑیے ہم یہاں بات کر رہے ہیں کہ دونوں اداکاروں کے شوق اور سٹائل کی۔ دونوں کو مہنگی بائیکس چلانے کا شوق ہے اور اسی لیے تو ٹام نے اپنی نئی فلم ’نائٹ اینڈ ڈے‘ میں جو بائیک چلائی ہے وہی تو فلم ’را۔ون میں خان کے پاس بھی ہے‘۔

شکایت نہیں

بپاشا باسو کو واقعی شکایت نہیں ہے کہ انہیں فلم ’لمحہ‘ میں کام کرنے کا پورا معاوضہ نہیں ملا۔ بپ بے بی کو فلم میں کام کرنے کے لیے ایک کروڑ روپے کی پیشکش ہوئی تھی اور معاہدہ بھی ہوا تھا لیکن اب تک انہیں پچپن لاکھ روپے نہیں ملے اس کے باوجود بے بی نی کوئی شکایت نہیں کی وہ کہتی ہیں کہ انہیں اس فلم سے بہت شہرت ملی ہے اس لیے وہ اس وقت ان باتوں کی پرواہ نہیں کرتی ہیں۔ ٹھیک بھی ہے اگر پچپن لاکھ روپیوں کے بدلے شہرت اور تعریف ملے تو یہ سودا کچھ برا بھی تو نہیں ہے۔

اسی بارے میں