شوخ وچنچل زا زا کی حالت بگڑ گئی

Image caption ہالی وڈ کی اداکارہ زا زا، جو لاس انجلیس کے ایک ہسپتال میں کولہے کے اپریشن کے بعد تشویشناک حالت میں ہیں

ہالی وڈ کی ہنگری نثراد اداکارہ زا زا گبور کی انتقالِ خون کے بعد حالت بگڑ گئی ہے۔ لاس انجلیس کے ایک ہسپتال میں پیر کو اُن کی سرجری ہوئی تھی جس میں ان کے کولہے کی ہڈی تبدیل کردی گئی تھی۔

اس آپریشن کے نتیجے میں ان کی ٹانگوں میں انفیکشن ہوگئی جس کے علاج کے لیے ڈاکٹروں نے ایک نئی دوا استعمال کی ہے۔

ترانوے سالہ اداکارہ زا زا کے شوہر پرنس فریڈرک وان آنہالٹ نے بتایا ہے کہ ڈاکٹرز نے جو نئی دوا استعمال کی ہے، اس سے زا زا کی صحت میں بہتری کے بارے میں وہ بہت پر امید ہیں۔

گزشتہ اختتام ہفتہ کی اپنی رہائش گاہ میں اُس وقت کولہے کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی جب وہ ٹیلی فون کال کا جواب دینے کے لیے اٹھتے ہوئے اپنے بستر سے گر گئی تھیں۔

جس کے بعد پیر کو کولہے کی ہڈی تبدیل کرنے کے لیے ان کا آپریش کیا گیا۔

وان ہالٹ کہتے ہیں کہ جمعے کو انتقال خون کے بعد ان کی اہلیہ با ہوش حواس تھیں اور انھوں نے بہت دھیرے سے کان میں ان سے مختصر سی بات بھی کی۔

زا زا گبور انیس سو پچاس اور ساٹھ کے عشرے میں ہالی وڈ کے روشنیوں میں ایک شوخ و چنچل اداکارہ کے طور پر پہنچانی جاتی ہے، تاہم ان کی ذاتی زندگی بھی وجہ شہرت رہی ہے اور متعدد شادیاں کرنے اور ایک پولیس افسر کو تھپڑ مارنے کی وجہ سے وہ میڈیا میں رہی ہیں۔ 1989 پولیس افسر کو تھپڑ مارنے کے جرم میں انھیں تین دن کے لیے جیل بھیج دیا گیا تھا۔

گبور 2002 میں ایک کار حادثے کے بعد سے چیئر استعمال کررہی تھیں۔