بالی وڈ ڈائری:علی ظفر یش راج فلم میں

علی ظفر یش راج فلم میں

Image caption علی ظفر کی پہلی بالی وڈ فلم ہٹ ثابت ہوئی ہے

پاکستانی اداکار علی ظفر نے شاید خواب میں بھی نہیں سوچا ہو گا کہ صرف ایک فلم کی کامیابی انہیں یش چوپڑہ کیمپ تک لے آئے گی۔ علی ظفر کی فلم ’تیرے بن لادن‘ میں ان کی اداکاری نے یش چوپڑہ کے بیٹے آدتیہ چوپڑہ کا دل جیت لیا اور انہوں نے علی ظفر کو اپنے آنے والی فلم میں عمران خان اور قطرینہ کیف کے ساتھ سائن کر لیا ہے۔ کسی پاکستانی اداکار کو اتنا بڑا بریک نہیں ملا۔ ویسے ماننے والی بات تو یہ ہے کہ علی ظفر کی اداکاری نے آدی کو یہ فیصلہ لینے پر مجبور کر دیا۔ نیک خواہشات۔

پرینکا کا الوداعی بوسہ

Image caption پرینکا شاہد کو الوداعی بوسہ دینا نہیں بھُولیں

پرینکا چوپڑہ اور شاہد کپور کی میڈیا کے ساتھ آنکھ مچولی ابھی بھی جاری ہے۔ لیکن میڈیا ہے کہ انہیں چھوڑتا ہی نہیں ہے۔ ٹی وی شو ’خطروں کے کھلاڑی‘ کی میزبانی کے لیے پرینکا کو برازیل جانا تھا اس لیے تمام فوٹوگرافرز کے لینز کے نشانے پر پگی چاپ تھیں۔ ممبئی ایئرپورٹ پر اچانک شاہد کپور کی کار دیکھ کر فوٹوگرافرز چونک گئے۔ ویسے چونکنا تو نہیں چاہیے تھا لیکن خیر جب شاہد نے میڈیا کا جمِ غفیر دیکھا تو فورا ہوشیاری کے ساتھ اپنی کار کو دوسرے ٹرمینل تک لے گئے۔ جہاں سے انتہائی تیزی کے ساتھ پرینکا باہر نکلیں۔ کوشش پوری تھی کہ میڈیا وہاں بھی نہ پہنچ سکے لیکن اتنی جلدی میں بھی وہ شاہد کو الوداعی بوسہ دینا نہیں بھُولیں۔

جب دیپکا کے آنسو چھلکے

Image caption شاید دیپکا کو اپنا پرانا پیار رنبیر کپور یاد آگیا

دیپکا پادوکون کیا اتنی ہی جذباتی ہیں؟ کسی کو اس وقت تک پتہ نہیں تھا جب تک انہوں نے دیپکا کو روتے ہوئے نہیں دیکھا۔ فلم کی شوٹنگ کے دوران نہیں بلکہ گلوکار راحت فتح علی خان کے گائے گیت کی وجہ سے۔

کہانی کچھ یوں ہے کہ دیپکا اپنی ٹی وی شو میں بطور مہمان پہنچیں۔ ہندستان پاکستان کے کم عمر بچوں کی گائیکی کے ٹیلینٹ والے شو میں دیپکا نے راحت فتح علی خان سے فرمائش کی کہ وہ دو گیتوں میں سے ایک گیت گائیں۔ راحت نے مائیک لیا اور گانا شروع کیا۔ ’تو جہاں رہے، میں وہیں رہوں ، تیری یاد ساتھ ہے‘ ۔ ابھی گیت مکمل بھی نہیںہوا تھا اور دیپکا کی آنکھیں چھلک گئیں۔ وہ سٹیج پر کھڑے اداکار نیل نتن مکیش کے کندھے پر سر رکھ کر رونے لگیں۔ آپ کو شیاد یہ بتانے کی ضرورت تو نہیں ہے نا کہ دیپکا کو اپنا پرانا پیار رنبیر کپور یاد آگیا ہو گا!

لتا کا چہیتا گلوکار

Image caption لتا نے سونو نگم کے بیٹے کے ہمراہ گانا گایا

اگر بلبل ہند لتا منگیشکر کسی کے ساتھ گانے کی خواہش ظاہر کریں تو یہ اس گلوکار کے لیے کتنے بڑے اعزاز کی بات ہو گی! یہ آپ اور ہم سب سمجھتے ہیں لیکن تین سالہ نیوان کو اس کا پتہ نہیں ہے۔ نامور گلوکار سونو نگم کے تین سالہ بیٹے نیوان میں شاید گائیکی کی خداداد صلاحیت ہے جسے لتا نے پہچان لیا اور انہوں نے اپنی ایک البم میں نیوان کے ساتھ سُر سے سُر ملائے ہیں۔

سلمان کو خون چاہئے

Image caption سلو کی بات ٹالنے کی ہمت کسی میں نہیں ہے۔

سلمان خان کو خون چاہیے۔ یہ سننا تھا کہ بالی وڈ کا جمگھٹا سا لگ گیا۔ عامر خان سمیت کئی بڑے اداکاروں نے سلو کے ایک مرتبہ کہنے پر خون کا عطیہ دینا شروع کر دیا۔ شام تک یہ پروگرام چلتا رہا۔ ویسے آج بھی بالی وڈ میں مشہور ہے کہ سلو نے جب بھی آواز دی ان کے کیمپ کے سارے ہی ستارے بغیر حیل حجت موقع پر پہنچ گئے ویسے لوگ کہتے ہیں کہ موڈی سلو کی بات ٹالنے کی ہمت کسی میں نہیں ہے۔ اوہو ہم یہ بتانا ہی بھول گئے کہ سلو کو خون کی نہیں بلکہ سلو نے بالی وڈ دوستوں سے خون کا عطیہ لے کر مقامی ہسپتال کو دے دیا۔

عامر کے در پر

Image caption عامر خان کی فیس ہی کندن شاہ کی فلم کے بجٹ سے زیادہ ہے

فلمساز کندن شاہ آج کل عامر خان کے دفتر اور ان کے گھر کے چکر لگا رہے ہیں۔ پہلے آپ کو بتا دیں کہ کندن شاہ ہی وہ فلمساز تھے جنہوں نے شاید بالی وڈ کی پہلی بلیک کامیڈی فلم ’جانے بھی دو یارو‘ بنائی تھی جو اپنے وقت کی سپر ہٹ فلم تھی۔ اب وہ اس فلم کا سیکوئیل بنانے کی تیاری میں ہیں۔ ان کا بجٹ صرف پانچ کروڑ روپے کا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ ان کی فلم میں عامر کام کریں۔ اب یہ کیسے ہو سکتا ہےکیونکہ عامر کی فیس ہی فلم کے بجٹ سے کہیں زیادہ ہے۔ آپ قیاس کیجیے کیا عامر اپنی کم فیس لے کر اس فلم میں کام کرنے تیار ہوں گے؟

شاہ رخ کا ڈر

Image caption شاہ رخ خان کو اپنی اہلیہ کے ساتھ شوٹنگ کرتے ہوئے ڈر لگا

اداکاری شاہ رخ کو بھی اداکاری کرتے ہوئے ڈر لگتا ہے؟ یہ کہیں گے یہ کیسا سوال ہے بھلا اتنے منجھے ہوئے اداکار کے لیے یہ اب کون سا مشکل کام ہے؟ ہے بھئے اگر سامنے ہیروئین کے بجائے بیوی ہو! جی ہاں ایک فرنیچر کمپنی کے اشتہار میں خان کو اپنی بیگم گوری کے ساتھ شوٹنگ کرنی تھی اور خان نے خود اعتراف کیا کہ انہیں پہلی مرتبہ ڈر لگا۔

نئی ہیرا پھیری

فلمساز فیروز نڈیاڈ والا نے ہیرا پھیری کر ہی دی۔ اپنی کامیاب ترین فلم ’ہیرا پھیری‘ کی پوری کاسٹ کو ہی انہوں نے بدل دیا۔ اکشےکمار، سنیل شیٹی اور پریش راول کے بجائے اب ان کی فلم میں سنجے دت، ابھیشیک بچن اور نانا پاٹیکر ہیرا پھیری کریں گے۔

اسی بارے میں