جارج کلونی کے لیے ایمی ایوارڈ

Image caption کلونی نے ہیٹی کے زلزلہ متاثرین کے لیے چندہ اکھٹا کرنے کی مہم چلائی تھی

امریکی ڈرامہ سیریز ’میڈ مین‘ نے لگاتار تیسرے سال بہترین ڈرامے کا ایمی ایوارڈ جیت لیا ہے جبکہ ہالی وڈ اداکار جارج کلونی کو انسانیت کی خدمت کے لیے کام کرنے پر ایمی ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

ایمیز امریکہ میں ٹی وی سکرین کے سالانہ ایوارڈز ہیں لیکن اس سال دو فلمی اداکاروں کو بھی ایمیز ملے۔

جارج کلونی نے ہیٹی کے زلزلہ متاثرین کے لیے چندہ اکھٹا کرنے کی مہم چلائی تھی جس پر انہیں انسانیت کی خدمت کا خصوصی ایمی ایوارڈ دیا گیا جبکہ ہالی ووڈ کے ایک اور اداکار ایل پچینو کو ٹی وی فلم ’یو ڈونٹ نو جیک‘ میں شاندار اداکاری پر ایمی ایوارڈ کا حقدار قرار دیا گیا۔

برطانوی اداکارہ آرچی پنجابی اس ایوارڈ تقریب میں اعزاز حاصل کرنے والی واحد برطانوی ثابت ہوئیں۔ ایسٹ از ایسٹ اور بینڈ اٹ لائک بیکھہم جیسی فلموں میں کام کرنے والی آرچی کو ٹی وی سیریز ’گڈ وائف‘ میں اداکاری پر بہترین معاون اداکارہ قرار دیا گیا۔

سِٹ کام ماڈرن فیملی کو بہترین کامیڈی ڈرامے سمیت تین ایمی ایوارڈ ملے تاہم ’ٹیمپل گرینڈن‘ ان ایوارڈز میں سب سے کامیاب پروگرام ثابت ہوا جس نے پانچ ایمیز جیتے۔ اس کے علاوہ ’میڈ مین‘، ’گلی‘ اور ’بریکنگ بیڈ‘ نے بھی دو، دو ایمی ایوارڈ حاصل کیے۔

اسی بارے میں