سلمان خان کا دبنگ

سلمان کا دبنگ

دبنگ کی ایک تصویر
Image caption دبنگ فلم کی زبردست تشہیر کی گئی تھی

سلمان خان کی دبنگئی کام کر گئی۔ ان کی فلم نے باکس آفس پر عامر خان کی فلم ’تھری ایڈیٹس‘ کا بھی ریکارڈ توڑ دیا۔ پہلے ہی دن دبنگ نے چودہ کروڑ روپیوں کا بزنس کر لیا۔

بالی وڈ کے تجزیہ نگاروں کو حیرت ہے کہ مزاح سے بھرپور فلم تھری ایڈیٹس جس کی کہانی لائن تھی۔ ایک مقصد اور پیغام دیا گیا تھا، اسے ایک ایسی فلم نے باکس آفس پر پچھاڑ دیا جو محض ایک مصالحہ فلم تھی۔ ملٹی پلیکس میں بھی لوگوں کو سیٹیاں اور تالیاں بجاتے دیکھا گیا تھا۔ ویسے ان تجزیہ نگاروں کا ماننا ہے کہ فلم کی کامیابی کا پورا سہرا صرف سلمان خان کے سر باندھا جا سکتا ہے جنہوں نے عامر خان کے نقش قدم پر چل کر فلم کی تشہیر کا ذمہ لیا تھا نتیجہ سامنے ہے کہ سلو اپنے پرستاروں کو باکس آفس تک لانے میں آخر کامیاب ہو ہی گئے۔

کرینہ کی گھبراہٹ

Image caption حال میں ریلیز ہونے والی کرینہ کی فلم ’وی آر فیملی‘ بری طرح فلاپ ہوئی

کرینہ کپور فلمساز مدھر بھنڈارکر کی فلم ’ہیروئن‘ کے لیے تاریخیں دے ہی نہیں رہی ہیں۔ وجہ؟

بے بو کو فلم کی کہانی پریشان کر رہی ہے جس کے مطابق وہ فلم میں کئی ہیرو سے پیار کرتی ہے ہیں اور آخر میں ایک ایسے بالی وڈ ٹاپ سٹار سے ان کا معاشقہ پروان چڑھتا ہے جس کی اپنی بیوی سے طلاق ہو چکی ہے۔ جس کے دو بچے بھی ہیں۔ آپ کو یہ سب کچھ سُنا سُنا سا نہیں لگتا؟ لگے گا ہی بھئی۔ یہی تو اصل میں کرینہ کی اصل زندگی کی حقیقت ہے۔ کرینہ نے فلم کی کہانی میں کچھ تبدیلی کے لیے کہا ہے لیکن مدھر اس کے لیے تیار ہی نہیں ہیں۔ بے بی آپ حقیقت سے آخر منہ کیوں چھپا رہی ہیں یہی آپ کی زندگی کی حقیقت ہے نا!

خان کی عید پارٹی

Image caption سلمان خان کا خاندان ہندو اور مسلم دونوں تہوار مناتا ہے

سلمان خان نے اپنی فلم دبنگ کی شاندار کامیابی کے ساتھ عید کے موقع پر پارٹی دی۔

ویسے عید کے موقع پر سلمان خان اور فیملی کی پارٹی بالی وڈ میں مشہور ہے لیکن اس مرتبہ کی پارٹی کچھ الگ تھی اور کیسے نہیں ہوتی جب کہ شاہ رخ کیمپ کے سٹارز اور ان کے دوست اب سلو کے کیمپ میں نظر آئے۔

شاہ رخ کیمپ کی طاقت اس وقت سے ٹوٹنا شروع ہوئی جب سے فرح خان اور شاہ رخ کے درمیان دوریاں بڑھنے لگی اور فرح نے سلو کیمپ میں داخلہ لیا۔ آگے کا تو پتہ نہیں لیکن اس وقت بالی وڈ میں سلو کا دبنگ ہی کام کر رہا ہے۔

دیا کا پروڈکشن ہاؤس

Image caption آج کل دیا مرزا فلموں میں نظر نہیں آتی ہیں۔

دیا مرزا نے زید خان کے ساتھ مل کر اپنا پروڈکشن ہوم بنا لیا ہے۔

یہ کوئی چونکانے والی بات نہیں ہے۔ اب پروڈکشن ہاؤس بنا ہے تو کوئی فلم ضرور بنائے گا، یہ بھی بنا رہے ہیں اور پہلی ہی فلم میں دیا مرزا اور زید خان کے بطور ہیرو ہیروئین کے کام کریں گے۔

اور تو اور اس فلم کی ہدایت دیا کے بوئے فرینڈ ساحل سنگھا دیں گے۔ چلیئے فیملی ہوم پروڈکشن کمپنی میں سب کو اپنا اپنا کام مل گیا۔ یہ ٹھیک ہے اب جب کہ دونوں اداکاروں کو فلم نہیں مل رہی ہے اور جو فلمیں آرہی ہیں وہ بھی فلاپ۔ تو دونوں نے سوچا کہ چلو اپنے پروڈکشن ہاؤس کی فلم بنائیں شاید وہ کامیاب ہو ہی جائے۔ ہاں اب یہ چونکانے والی بات ہو شاید۔

ذاتی سوال نہیں

Image caption اس طرح کی خبریں ہیں کہ قطرینہ کیف نے سلمان خان سے علیحدگی اختیار کرلی ہے

قطرینہ کیف نے اب میڈیا اور خود کے درمیان ایک لکیر کھینچ لی ہے ' کوئی ذاتی سوال نہیں '۔

ویسے اتنا سخت فیصلہ کیٹ نے اس وقت لیا جب ایک نجی ایئرلائنز کے برانڈ سفیر ہونے پر میڈیا کے روبرو ایک صحافی نے سوال کر دیا کہ سلمان نے میڈیا کو بتایا ہے کہ وہ اب سنگل ہیں آپ کیا کہتی ہیں؟

ایک لمحے کے لیے سکتے میں آئی کیٹ نے کہہ دیا کہ اگر سلو اکیلے ہیں تو وہ بھی سنگل ہیں۔ دیکھنے والوں نے بتایا کہ اس کے بعد سیٹ کے پیچھے کیٹ کے آنسو تھے کہ تھمنے کا نام نہیں لے رہے تھے۔ تب سے کیٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اب کسی بھی طرح کے ذاتی سوال کا جواب نہیں دیں گی۔ ویسے بے بی پہلے آپ اپنے بوائے فرینڈ یا سابقہ بوائے فرینڈ ، دیکھا ہم یہیں پریشان ہیں کہ آپ دونوں کے رشتے کی سچائی کیا ہے تو اسی لیے میڈیا بھی سچ جاننے کے لیے سوال کرے گا ہی ناں! آپ کو ہر حال میں ایسے سوالات کا سامنا تو کرنا ہی پڑے گا کیونکہ آپ شو بزنس کا حصہ جو ہیں۔

ودیا، رانی کنگنا کے بعد سوہا۔۔۔

Image caption کنگنا راناوت کی ' ونس اپون آ ٹائم' میں اداکاری کی زبردست تعریف ہوئی ہے

ودیا بالن نے فلم میں کام کرنے کے لیے حامی بھیر لیکن چھوڑ دی، رانی نے کام قبول کیا لیکن پھر انکار کردیا، انہی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کنگنا نے بھی فلم میں کام کرنا منظور کیا لیکن پھر اچانک کام نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔

اب آپ پریشان ہو گئے ہوں گے کہ آخر یہ کون سی ایسی فلم ہے جس میں اس طرح تین باصلاحیت اداکاراؤں نے کام کرنے کا فیصلہ کیا لیکن پھر فیصلہ بدل دیا۔ وہ ہے سلمان رشدی کے ناول ' مڈ نائٹ چلڈرنس ' پر دیپا مہتہ کی فلم۔ دیپا کا نام انہیں فلم کی جانب کھینچ کر لاتا ہے لیکن پھر فلم میں ان کا رول انہیں انکار کرنے پر مجبور کرتا ہے۔

اب سنا گیا ہے کہ مصنف رشدی نے خود سوہا علی خان نے خصوصی ملاقات کی ہے اور انہیں توقع ہے کہ سوہا یہ رول ضرور کریں گی۔ ویسے یقین ہمیں بھی ہے کیونکہ سوہا کے پاس ویسے بھی کوئی فلم نہیں ہے۔

اسی بارے میں