بگ باس کےسیٹ پر ہنگامہ، گرفتاریاں

وینا ملک
Image caption پاکستانی اداکارہ وینا ملک اس شو میں حصہ لے رہی ہے

کلرز ٹی وی چینل کے ریالٹی شو ' بگ باس ' کے سیزن فور میں پاکستانی فنکاروں کی شمولیت کےخلاف احتجاج کر رہے علاقائی سیاسی جماعت شیوسینا کے کار کنان نے سیٹ پر ہنگامہ اور توڑ پھوڑ کی ہے۔

ممبئی سے تقریبا پچاسی کلومیٹر کے فاصلے پر لوناولہ میں بگ باس فور کا سیٹ بنا گیا ہے۔

لوناولہ پولیس کنٹرول سے ملی اطلاع کےمطابق دوپہر ساڑھے تین بجے کے قریب دس سے پندرہ شیوسینک سیٹ پر پہنچے۔ وہ وہاں پاکستانی فنکاروں کو شو سے نکالنے کی ضد کر رہےتھے۔ پولیس کے مطابق جب احتجاج کرنے والوں کو روکنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے وہاں توڑ پھوڑ شروع کر دی۔

پولیس نے ہنگامہ کرنے، توڑ پھوڑ اور غیر قانونی طور پر کسی جگہ پر داخل ہونے کی کوشش کرنےجیسے الزامات کے تحت پندرہ افراد کے خلاف کیس درج کیا ہے۔ فی الحال وہ سب حراست میں ہیں۔

اس دوران سیٹ کے اطراف پولیس بندوبست کو بڑھا دیا گیا ہے اور ساتھ ہی ممبئی میں کلرز چینل کے دفتر پر پولیس کا پہرہ لگا ہے۔

مہاراشٹر کی علاقائی سیاسی جماعتیں شیوسینا اور مہاراشٹر نو نرمان سینا شو میں پاکستانی فنکاروں کو لیےجانے کی مخالفت کر رہے ہیں۔ شیوسینا لیڈر سنجے راؤت نے گزشتہ روز میڈیا کو دیےگئے بیان میں اسے ہندستانیوں کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ قرار دیا تھا اور ساتھ ہی متنبہہ کیا تھا کہ وہ اس شو کو چلنے نہیں دیں گے۔

اسی طرح منسے کے سربراہ راج ٹھاکرے نے بھی پاکستانی فنکاروں کی اس شو میں شمولیت پر سخت اعتراض کیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ ہندستان میں فنکاروں کی کمی نہیں ہے اور محض ٹی آر پی بڑھانے کے لیے پاکستان سے فنکاروں کو بلانے کی کیا ضرورت ہے۔

پاکستانی اداکارہ وینا ملک اور ٹی وی شو میزبان بیگم نوازش علی کے ساتھ اس شو میں پاکستانی حملہ آور اجمل امیر قصاب کے وکیل عباس کاظمی، چمبل گھاٹی کی ڈاکو سیما پریہار، مہیش بھٹ کے بیٹے راہول بھٹ ، ٹی وی اداکارہ شویتا تیواری، سارہ خان ، ماڈل آنچل کمار، سمیر سونی، اشمیت پٹیل، ریشانت گوسوامی اور منوج تیواری ہیں۔

شو سے بدنام زمانہ چور دیویندر عرف بنٹی کو شو سے نکال دیا گیا ہے۔

اسی بارے میں