لیڈی گاگا، فرانس میں کنسرٹ ملتوی

لیڈی گاگا
Image caption لیڈی گاگا نے اپنے مداحوں سے کنسرٹ ملتوی پر معذرت کی ہے

پاپ گلوکارہ لیڈی گاگا نے فرانس میں ہڑتالوں کی وجہ سے وہاں ہونے والے اپنے کنسرٹ دسمبر تک کے لیے ملتوی کر دیے ہیں۔

اپنی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تاریخیں اس لیے بدلی جا رہی ہیں کہ یقینی طور پر یہ نہیں کہا جا سکتا کہ ٹرک مقررہ جگہ (وینیو) تک پہنچ بھی سکتے ہیں کہ نہیں۔

فرانس میں مظاہرین ملازمت سے ریٹائر ہونے کی عمر بڑھا کر باسٹھ سال کرنے کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔

لیڈی گاگا کے مداح اپنی ٹکٹیں واپس کر کے پیسے بھی لے سکتے ہیں اور انہیں بدل کر نئی ٹکٹیں بھی لے سکتے ہیں۔

پاپ گلوکارہ نے بائیس اور تیئس اکتوبر کو پیرس میں پرفارم کرنا تھا۔

اب ان تاریخوں کو بدل کر انیس اور بیس دسمبر کر دیا گیا ہے۔

لیڈی گاگا نے اپنے مداحوں سے تاریخیں بدلنے کی وجہ سے پیدا ہونے والی زحمت پر معذرت کی ہے۔

اسی بارے میں