بیٹ مین سیریز، نئی فلم کے نام کا اعلان

Image caption اس فلم میں تھری ڈی کیمروں کی بجائے آئی میکس کا استعمال ہوگا

بیٹ مین سیریز کی نئی فلم کے ہدایتکار کرسٹوفر نولین کا کہنا ہے کہ اس سیریز کی اگلی فلم کا نام ’دی ڈارک نائٹ رائزر‘ ہوگا اور یہ تھری ڈی میں نہیں بنائی جائے گی۔

یہ اس سیریز کی تیسری فلم ہوگی۔ اس سے قبل سنہ 2005 میں ’بیٹ مین بگنز‘ اور سنہ 2008 میں ’دی ڈارک نائٹ‘ کے نام سے بیٹ مین سیریز کی فلمیں بنائی گئی تھیں۔

’دی ڈارک نائٹ رائزر‘ بیس جولائی سنہ دو ہزار بارہ کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

چالیس سالہ نولین نے کہا کہ اس فلم میں تھری ڈی کیمروں کی بجائے آئی میکس اور جدید ترین کیمروں کا استعمال کیا جائے گا۔ امریکی اخبار لاس اینجلس ٹائمز کے ایک بلاگ میں نولین کا کہنا تھا کہ ان کی آئندہ آنے والی فلم بھی ماضی کی فلموں کی طرح دیکھی اور محسوس کی جا سکے گی۔

انھوں نے کہا کہ نئی فلم بنانے کا مقصد پہلی دو فلموں میں شروع کی جانے والی کہانی کو مکمل کرنا ہے۔

اس فلم میں برطانوی ایکٹر ٹام ہارڈی بھی شامل ہوں گے اور یہ اشارہ دیا گیا ہے کہ وہ فلم میں وائلن نواز کا کردار ادا کریں گے۔

ٹام ہارڈی نے کرسٹوفر نولین کی فلم ’انسیپیشن‘ میں کام کیا تھا اور اسی فلم میں ان کے ساتھی اداکار سر مائیکل کین بھی دوبارہ بیٹ مین سیریز کی اس تیسری فلم میں سکرین پر دکھائی دیں گے۔