برطانوی فلم نامزدگیوں میں آگے

کولن فرتھ
Image caption کولن فرتھ نے ’دا کنگز سپیچ‘ میں شہنشاہ جارج ششم کا کردار نبھایا ہے

برطانوی فلم ’دا کنگز سپیچ‘ کو بہترین فلم سمیت سات شعبوں میں گولڈن گلوب ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

اس فلم میں برطانوی بادشاہ جارج ششم کا کردار ادا کرنے والے کالن فرتھ کو بہترین اداکار کے ایوارڈ کے لیے نامزدگی ملی ہے جبکہ اسی فلم کی اداکارہ ہیلینا بونہیم کارٹر بہترین معاون اداکارہ کے ایوارڈ کے لیے نامزد ہوئی ہیں۔

بہترین فلم کے لیے ’دا کنگز سپیچ‘ کا مقابلہ ’بلیک سوان‘ اور ’انسپشن‘ جیسی فلموں سے ہے۔

’دا کنگز سپیچ‘ کے علاوہ فیس بک پر بننے والی فلم ’سوشل نیٹ ورک‘ اور ’فائٹر‘ کو چھ چھ شعبوں میں ایوارڈ کے لیے نامزدگی ملی ہے۔

ڈرامہ فلم شعبے میں بہترین اداکار کے لیے نامزد ہونے والے کولن فرتھ ’دا کنگز سپیچ‘ میں اپنی اداکاری پر حال ہی میں نیویارک فلم کریٹکس سرکل کی جانب سے بہترین اداکار کا اعزاز جیت چکے ہیں۔

ہالی وڈ کے مشہور اداکار جانی ڈیپ کو بھی دو شعبوں میں گولڈن گلوب ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ انہیں یہ نامزدگی موسیقی اور مزاحیہ فلموں کے شعبے میں فلموں’ایلس ان ونڈر لینڈ‘ اور ’ٹورسٹ‘ کے لیے بہترین اداکار کے زمرے میں ملی ہے۔ ڈیپ کے علاوہ کیون سپیسی، پال جیاماتی اور جیک گلین ہال بھی اس ایوارڈ کی دوڑ میں شامل ہیں۔

بہترین اداکارہ کے شعبے میں بلیک سوین کی ہیروئن نیٹیلی پورٹ مین کا مقابلہ ہیلے بیری، نکول کڈمین، جینیفر لارنس اور مشیل ولیمز سے ہے۔

گولڈن گلوب ایوارڈز کی تقریب سولہ جنوری کو منعقد ہوگی۔

اسی بارے میں