لبنانی فلم کے لیے ’سنہری مہر‘

Image caption یہ جارجز ہاشم کا پہلا ایوارڈ ہے

لبنانی فلم ’سٹرے بلٹ‘ کو دبئی میں منعقدہ عالمی فلمی میلے کی بہترین فلم قرار دیا گیا ہے۔

لبنان میں سنہ 1975 سے سنہ 1990 تک جاری رہنے والی خانہ جنگی کے تناظر میں بنائی گئی یہ فلم ایک نوجوان خاتون کے بارے میں ہے جسے اپنے خاندان یا منگیتر میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہوتا ہے۔

فلم کے ہدایتکار جارجز ہاشم نے بہترین فلم کا ’سنہری مہر‘ ایوارڈ فرانسیسی اداکارہ ایزابیل ہوپرٹ سے وصول کیا۔

اردن کے ہدایتکار محمد الہشکی کی فلم ’ٹرانزٹ سٹیز‘ کو جیوری کا خصوصی انعام دیا گیا۔

ہالی وڈ کے مشہور اداکار شان پین کو اس فلمی میلے میں افریقی اداکار سلیمان سیسے اور عرب آئیکون صباح کہ ہمراہ لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا تھا۔

دبئی فلم فیسٹیول میں مغد القدوانی کو فلم سکس، سیون، ایٹ کے لیے بہترین اداکار اور بشرٰی کو اسی فلم کے لیے بہترین اداکارہ قرار دیا گیا۔

پیپلز چوائس اور بہترین دستاویزی فلم کے ایوارڈ فلم ’مائی فادر فراہم حیفہ‘ کو ملے۔ یہ فلم ایک فلسطینی خاندان کے سنہ 1948 میں فلسطین سے ہجرت کے بارے میں ہے۔

یہ دبئی فلم فیسٹیول کا ساتواں سال تھا اور اس برس ستاون ممالک کی ڈیڑھ سو سے زائد فلمیں اس میلے میں دکھائی گئیں۔