منی اور شیلا میں مقابلہ اور کیٹ کِس

شاہد اور پرینکا کی منگنی

پرینکا چوپڑا
Image caption پرینکا چوپڑا اور شاہد کپور کے رومانس کے چرچے عام ہورہے ہیں

اس برس ہم نے سوچا تھا کہ شروعات کسی بھی طرح کی گپ شپ سے نہیں کریں گے لیکن ہم کریں بھی کیا کہ جب ایسی چٹپٹی خبریں ہمارا راستہ روک کر کھڑی رہتی ہیں۔

خبر آئی کہ شاہد کپور اور پرینکا چوپڑہ نے گوا میں نیا سال منانے کے دوران منگنی کر لی۔ خبر پھیلانے والوں کا بھی کچھ خاص قصور ہمیں نظر نہیں آیا کیونکہ شاہد چنڈی گڑھ میں اپنی فلم ’موسم‘ کی شوٹنگ چھوڑ کر نیا سال منانے گوا چلے آئے جہاں پرینکا کے گھر والے بھی موجود تھے۔

خبر پر ہم یقین نہیں کرتے کیونکہ اس وقت شاہد کے گھر والے موجود نہیں تھے اور اصل بات تو یہ ہے یاروں کہ شاہد اور پرینکا کے درمیان محبت جیسا رشتہ کبھی نہیں رہا۔ جو کچھ سامنے ہے وہ سب چھلاوہ ہے۔ خبروں میں رہنے کے لیے دونوں کو ایک دوسرے کی ضرورت ہے۔

منی اور شیلا میں مقابلہ

Image caption ملائکہ ارورہ خان کا منی بدنام ہوئی نغمہ بے حد مقبول ہوا ہے

بالی وڈ میں منی بدنام اور شیلا جوان ہوئی۔ ان دو آئٹم گیتوں اور ان کے رقص پر سنجیدہ فلم ناظرین چاہے کتنی تنقید کر لیں لیکن حقیقت تو یہ ہے کہ یہ بے انتہا مقبول ہوئے ہیں۔

نئے سال میں پانچ ستارہ ہوٹلوں میں بھی جشن منانے آنے والوں کے درمیان ملائکہ ارورہ خان نے منی کی بدنامی اور ملکہ شیراوت نے شیلا کی جوانی پر رقص کیا۔ اور ہر پروڈیوسر چاہتا ہے کہ ان کی فلم میں ایک آئٹم رقص ضرور ہو۔ سنجیدہ سنیما ، ادب اور ثقافت کو کون پوچھتا ہے بھئی اس شو بزنس میں۔

کیٹ کِس

Image caption رانی مکھرجی بہت دن بعد نو ون کلڈ جیسیکا میں نظر آئیں گی

آپ یہ سوال ضرور کریں گے کہ یہ کون سا بوسہ ہے۔ یہ ہماری ایجاد ہے۔ جیسے کیٹ فائٹ ہوتی ہے۔ بالی وڈ میں اداکاراؤں کے درمیان کی کیٹ فائٹ سے کون واقف نہیں ہے۔

رانی مکھرجی اور ودیا بالن دونوں فلم ’نو ون کلڈ جسیکا‘ میں ایک ساتھ کام کر رہی ہیں۔ فلم نمائش کے لیے بھی تیار ہے اس دوران خبریں آنے لگیں کہ دونوں ہیروئین کے درمیان کیٹ فائٹ جاری ہے اسی لیے تو دونوں ایک ساتھ فلم کی تشہیر کے لیے نظر نہیں آرہی ہیں۔

اب اسی گپ شپ کو غلط ثابت کرنے کے لیے میڈیا کے سامنے دونوں نے ایک دوسرے کو کِس کر لیا۔ ویسے یہ الگ بات ہے کہ کیٹ فائٹ کو بھول کر اب اس ’ کیٹ کِس‘ کے چرچے ہیں۔ خبروں میں رہنے کے لیے کچھ تو مصالحہ چاہئے بھئی۔

کنگ خان کا سال

Image caption شاہ رخ خان ان دنوں کم فلموں میں دکھائی دیتے ہیں

گزشتہ برس بالی وڈ کے کنگ خان کا جلوہ نظر ہی نہیں آیا لیکن یہ سال شاید ان کے نام ہو!

اس سال ان کی اپنی ہوم پروڈکشن فلم ’را ڈاٹ ون‘ سائنس اور ایکشن سے بھر پور فلم میں خان ایک نئے روپ میں نظر آنے والے ہیں۔

ویسے ابھی اس کی گارنٹی نہیں دی جا سکتی کہ فلم کامیاب ہو گی یا نہیں لیکن لوگوں کو اس کا شدت سے انتظار ضرور ہے۔

ڈان ٹو اور نیا ٹی وی شو زور کا جھٹکا یہ سب کچھ خان کے پرستاروں کو رجھانے کے لیے کافی ہے۔

عمران کی شادی ٹوٹ گئی

Image caption اس برس عمران خان کی کئی فلمیں ریلیز ہوئی لیکن کوئی بھی ہٹ نہیں ہوئی

عمران خان کی دیپکا سے شادی ٹوٹ گئی۔ حیرت ۔ آپ کا چونکنا لازمی ہے۔ عمران کی شادی تو آونتیکا سے دس جنوری کو ہونے والی ہے پھر۔ دراصل عمران خان دیپکا کے ساتھ فلم ’شارٹ ٹرم شادی‘ میں کام کرنے والے تھے۔

انہوں نے لاس ویگاس میں فلم کی کچھ دنوں تک شوٹنگ بھی کی تھی لیکن پھر پتہ چلا کہ عمران کو بغیر بتائے ہی فلم میں ان کی جگہ سیف علی خان کو لے لیا گیا ہے۔ عمران اس فیصلہ سے بہت ہی بد دل ہیں لیکن کیا کریں اِمی آپ کی ساری فلمیں فلاپ جو ہو رہی ہیں۔ آپ کو اس سال کم سے کم ایک کامیاب فلم کی شدت کے ساتھ ضرورت ہے۔

خان فائٹ

بالی وڈ میں ہیروئینوں کے درمیان ہونے والی کیٹ فائٹ کی ہی طرز پر خان فائٹ بہت مقبول ہے۔ بالی وڈ کے چار خانوں میں سے ایک سیف علی خان کو ہم نکال ہی دیتے ہیں کیونکہ وہ کبھی نمبر ون گیم میں شامل ہی نہیں ہوئے۔ البتہ شاہ رخ خان عامر خان اور سلمان خان کے درمیان نمبر ون پوزیشن کے لیے ہمیشہ ہی لفظی جنگ جاری رہتی ہے۔ شاہ رخ خان نے اسی سلسلہ میں کرن جوہر کے ٹی وی شو ’ کافی وتھ کرن‘ میں یہ کہہ کر سب کو چونکا دیا کہ میں عامر اور سلمان کی طرح بڑا سٹار نہیں ہوں میں ان کی طرح بڑھنا چاہتا ہوں۔

اسی بارے میں