’سوشل نیٹ ورک‘ کے لیے چار ایوارڈ

Image caption جیسی نے اس فلم میں فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کا کردار نبھایا ہے

امریکی فلم ’سوشل نیٹ ورک‘ نے چار فلم کریٹکس ایوارڈ حاصل کر کے آسکر ایوارڈ کے دعویداروں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

امریکہ کی نیشنل سوسائٹی آف فلم کریٹکس نے ’فیس بک‘ کے آغاز کے بارے میں بنائی جانے والی اس فلم کو بہترین فلم قرار دیا۔

سوشل نیٹ ورک کو آسکر نامزدگیوں کا یقینی حقدار قرار دیا جا رہا ہے۔ آسکر ایوارڈز کے لیے نامزدگیوں کا اعلان پچیس جنوری کو ہوگا۔

بہترین فلم کے علاوہ ڈیوڈ فچنر کو اس فلم کے لیے بہترین ہدایتکار جبکہ مصنف آیران سورکن کو اسی فلم کے لیے بہترین سکرین پلے کا ایوارڈ بھی ملا۔

فلم کے چوتھا ایوارڈ جیسی آئزن برگ نے بہترین اداکار کے زمرے میں حاصل کیا۔ جیسی نے اس فلم میں فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کا کردار نبھایا ہے۔

اس ایوارڈ کے لیے ان کا مقابلہ کالن فرتھ سے تھا جنہوں نے’دا کنگز سپیچ‘ میں برطانوی بادشاہ کا کردار نبھایا ہے۔ کالن تو ایوارڈ نہ جیت سکے لیکن اس فلم میں ان کے ساتھی اداکار جیفری رش کو بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ ملا۔

اطالوی اداکارہ گیووانا میزوگیورنو کو فلم ’ونسیئر‘ میں میسولینی کی محبوبہ کا کردار نبھانے پر ایوارڈ ملا جبکہ غیر ملکی زبان کی بہترین فلم کا ایوارڈ ’کارلوس‘ کو ملا۔ یہ فلم جیکال کے نام سے پہچانے جانے والے عالمی دہشتگرد کی زندگی کے بارے میں ہے۔