قطرینہ کے نخرے، سلمان کا نیا نام

قطرینہ کے نخرے

قطرینہ کیف
Image caption قطرینہ کیف کے نخرے بالی وڈ میں مشہور ہیں

کہتے ہیں خدا جب حسن دیتا ہے نزاکت آ ہی جاتی ہے۔ لیکن بالی وڈ کی حسیناؤں کے نخرے ہیں کہ وہ ناک پر مکھی بھی نہیں بیٹھنے دیتیں۔ اور کیٹ بے بی تو کندھے پر بھی ہاتھ رکھنےنہیں دیتیں چاہے وہ پھر بیچاری ایئر ہوسٹس کا ہی کیوں نہ ہو۔

ہمارے خبری نے بتایا ہے کہ دوران سفر کیٹ سوگئیں۔ جہاز لینڈ کرنے والا تھا اس لیے ایئر ہوسٹس نے دو مرتبہ قطرینہ کا نام لے کر اعلان کیا کہ وہ سیٹ بیلٹ باندھ لیں۔ کیٹ سوتی رہیں تب ایئر ہوسٹس نے انہیں سیٹ پر آکر آواز دی۔ سب بے سود آخر اس نے کندھے پر ہاتھ رکھ کر انہیں جگا دیا۔ بس کیٹ کو ہوسٹس کی یہ '' بیباکی'' پسند نہیں آئی اور انہوں نے ہنگامہ کھڑا کر دیا۔

ویسے ایک بات اور بتائیں آپ کو کہ کیٹ جہاز میں کیا کھانا چاہتی ہیں اور انہیں کیا چاہئے وہ خود ایئر ہوسٹس سے کبھی مخاطب نہیں ہوتیں بلکہ ان کی پرسنل اسسٹنٹ ان کی فرمائش پیش کرتی ہیں۔ وللہ کیا انداز ہے!

شادی مبارک

آخر کار عمران خان شادی کے بندھن میں بندھ ہی گئے۔ ویسے بالی وڈ میں نئی نسل کے ہیروز میں عمران ہی اتنے وفادار ثابت ہوئے ہیں کہ انہوں نے اپنے کریئر کی پرواہ نہ کرتے ہوئے اپنی گرل فرینڈ آونتیکا سے شادی رچا لی ہے۔ ورنہ ہیروئین ہو یا ہیرو سبھی صرف کیریئر کی طرف بھاگتے نظر آتے ہیں۔

Image caption عمران نے اپنی دوست سے شادی کر لی ہے

عمران کے اس قدم کے بارے میں ان کی قریبی دوستوں کا کہنا ہے کہ وہ دراصل اپنے ماموں کو اپنا آئیڈیئل مانتے ہیں اس لیے اپنے ماموں کی ہی طرح انہوں نے اپنے کریئر کے آغاز میں ہی شادی کر لی۔ اچھی بات ہے لیکن ہم چاہتے ہیں کہ آپ اپنے ماموں کی طرح کریئر کی بلندیوں پر تو پہنچیں لیکن ان کی طرح نجی زندگی کی گتھیوں میں نہ الجھیں۔

چلبل پانڈے

سلمان خان کا نیا نام چلبل رابن ہڈ پانڈے ہے۔ فلم دبنگ میں ان کے کردار نے سب سے زیادہ یوپی بہار کے پولیس والوں کو متاثر کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ چاہے دبنگ کا سیکوئیل دو ہزار بارہ میں شروع ہو، ارباز خان نے اس شہرت کو کیش کرنے کے لیے اب موبائیل فون اور ٹی وی شو میں اینی میٹییڈ چلبل پانڈے کو کیش کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ لوگ اب چلبل پانڈے کے ساتھ کھیل سکیں گے۔

ماں نہیں بنوں گی

Image caption مادھوری ابھی ماں کا رول نہیں کرنا چاہتی ہیں

مادھوری ڈکشت نے ماں بننے سے انکار کر دیا۔ انیل کپور نے ہوم پروڈکشن کی فلم میں اپنی بیٹی سونم کپور کی ماں کا رول مادھوری ڈکشت کو دینے کی پیشکش کی لیکن مادھوری ماں بننا نہیں چاہتی ہیں۔ دھک دھک گرل نے اگر کسی فلم میں ماں کا رول قبول کر لیا تو پھر شاید وہ ہیروئین کے رول کبھی نہیں کرسکیں گی۔ مادھوری جی آپ کون سی دنیا میں رہ رہی ہیں؟ آپ سے کم عمر ہیروئینوں کو تو اچھی فلمیں نہیں مل رہی ہیں تو پھر آپ۔۔۔۔۔۔؟

کرن جوہر شادی پلانر

کرن جوہر جیسا ہمہ صفت انسان آپ نے دیکھا ہے؟ وہ ایک اچھے ہدایت کار ہیں۔ فلم پروڈیوسر ہیں، اداکار بھی ہیں ایک آدھ فلم میں چھوٹا سا رول ہی سہی، اچھے ٹی وی اور شو اینکر بھی ہیں سب کو اپنےمشہور شو میں کافی بھی پلاتے ہیں ، اچھے ڈریس ڈیزائنر بھی ہیں۔

لیکن اب ایک نیا کام انہوں نے ڈھونڈھ نکالا ہے۔۔ اب وہ لوگوں کی شادی بھی کروائیں گے۔ جی ہاں اور اس میں سب سے اچھی بات تو یہ ہے کہ انہوں نے یہ قبول کر لیا کہ چونکہ ان کی قسمت میں شادی نہیں ہے ( اور آپ جانتے ہیں کہ کیوں نہیں ) تو پھر کیوں نہ وہ لوگوں کی شادیاں کروائیں؟ اسے کہتے ہیں گڈ سپرٹ۔ تو سی گریٹ ہو کرن

راکھی پھولن بننا چاہتی ہیں

Image caption راکھی اپنے بولڈ رولز کے لیے جانی جاتی ہیں

پھولن دیوی کو کون نہیں جانتا۔ ٹھاکروں کے ظلم سہنے کے بعد ان سے بدلہ لینے کے لیے ڈاکو بنی پھولن بعد میں سیاست میں بھی آئیں۔ اب ان کی زندگی پر ٹی وی سیرئیل بن رہا ہے۔ حیرت کی بات تو یہ ہے کہ راکھی ساونت نے ٹی وی چینل کو فون کر کے کہا کہ وہ پھولن دیوی کا رول کرنا چاہتی ہیں۔ راکھی نے معصومیت کے ساتھ یہ بھی کہا کہ آخر اس میں شرم کی کیا بات ہے؟ راکھی آپ کو نہیں بلکہ اگر یہ کردار آپ نے کیا تو شاید ہمارے ساتھ پھولن دیوی کو بھی شرم محسوس ہو؟

سونم کی آنکھ مچولی

سونم کپور آنکھ مچولی کھیلنے میں ماہر ہیں۔ فلم آئی ہیٹ لو سٹوری کے ہدایت کار پنیت ملہوترہ کے ساتھ فلم بنانے کے دوران جو نزدیکیاں ان کے رشتے میں آئی تھی، وہ کچھ عرصہ کے لیے کم ہوگئی تھیں لیکن ہمارے خبری کے مطابق یہ سب آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے تھا کیونکہ پاپا انیل کپور اور پنیت کے چاچا اور فیشن ڈیزائنر منیش ان دونوں کے رشتوں کی مخالفت کرتے ہیں بس اسی وجہ سے سونم اپنے رازدار سپاٹ بوائے کے ساتھ جیل لگا کر پنیت کے گھر کیمرے کی نظروں سے چھپ کر پہنچ ہی جاتی ہیں۔

اسی بارے میں