’ کنگز سپیچ‘ گولڈن گلوب میں اول نمبر پر

امریکہ کی فلمی صنعت ہالی وڈ میں ایوارڈز کی تقریبات کا سلسلہ اتوار کو گولڈن گلوب ایوارڈ سے شروع ہو رہا ہے جس میں برطانوی فلم ’دی کنگز سپیچ‘ سات نامزدگیوں کے ساتھ سرِ فہرست ہے۔

گولڈن گلوب فلم ایوارڈ میں دو اور فلمیں ’سوشل نیٹ ورک‘ اور ’دی فائٹر‘ چھ چھ نامزدگیوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

ہالی وڈ کی ’فارن پریس ایسوسی ایشن‘ کی طرف سے منعقد کرائے جانے والے گولڈن گلوب ایوارڈ ہر سال ہالی وڈ کی پہلی بڑی فلمی ایوارڈ کی تقریب ہوتی ہے۔

مزاحیہ اداکار رکی گیروس اس تقریب میں میزبان ہوں گے جو کہ بیورلی ہلٹن ہوٹل میں گرنیج کے معیاری وقت کے مطابق ایک بجے شروع ہو گی۔

اس تقریب میں ٹی وی پروگراموں کو بھی ایوارڈ دیئے جاتے ہیں اور ٹی وی پرگرواموں کو تین مختلف زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں ڈرامہ، مزاحیہ اور موسیقی کے پروگرام شامل ہیں۔

ٹی وی پروگراموں میں طنز و مزاح کا پروگرام ہائی سکول کامیڈی ’گلئی‘ پانچ نامزدگیوں کے ساتھ سب سے آگے ہے۔

برطانوی فلم ’کنگز سپیچ‘ میں کالن فرتھ ایسے بادشاہ کا کردار ادا کر رہے ہیں جو کہ لکنت کا شکار ہیں اور توقع ہے کہ وہ اس اداکاری پر بہترین اداکار کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

پچاس سالہ کالن فرتھ ان چار اداکاروں میں شامل ہیں جن کو تاریخی شخصیات کی اداکاری کرنے پر بہترین اداکار کے لیے نامزد کیا گیاہے۔

جیسی ایزنبرگ بھی بہترین اداکار کا ایوارڈ جیتنے کی دوڑ میں شامل ہیں انھیں فلم ’دی سوشل نیٹ ورک‘ میں فیس بک کے بانی مارک زوکربرگ کا کردار ادا کرنے پر اس ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ اسی دوڑ میں جیمز فراکو بھی ہیں جن کو فلم ’127 آور‘ میں کوہ پیما ایرون رالسٹن کا کردار ادا کرنے پر نامزد کیا گیا ہے۔

فلم ’دی فائٹر‘ میں امریکہ کے باکسر مکی وارڈ کا کردار ادا کرنے پر والبرگ نے بھی بہترین ایوارڈ کی نامزدگی حاصل کی ہے۔