عامر کی فیس سو کروڑ روپے؟

عامر خان
Image caption عامر اب ’دھوم ٹو‘ میں کام کرنے کے ساتھ منافع میں شراکت داری کرنے والے ہیں

بالی وڈ میں اب تک شاہ رخ خان سب سے مہنگے سٹار تھے جو اپنی فیس کے ساتھ فلم کے منافع میں بھی شراکت داری کرتے تھے اور انہوں نے مائی نیم از خان میں تقریبا سو کروڑ روپے کی رقم کمائی تھی۔ لیکن اب عامر خان ان سے ایک قدم آگے نکلنے کی تیاری میں ہیں۔

فلم ’دھوم تھری‘ میں عامر ویلن کے رول میں ہیں اور یہ فلم ان کی اپنی پروڈکشن کمپنی نہیں بلکہ یش راج فلمز کر رہی ہے اس لیے عامر اب اس فلم میں کام کرنے کے ساتھ منافع میں شراکت داری کرنے والے ہیں۔ دھوم ٹو نے ایک سو چونتیس کروڑ روپیوں کا منافع کیا تھا اس لیے بزنس پنڈتوں کا ماننا ہے کہ عامر کے ساتھ فلم اس سے کہیں زیادہ بزنس کرے گی۔ اب اندازہ لگانے کی آپ کی باری ہے!!!!!!!!!!!!!!

امتیاز کی عقل مندی

ہم کہاں ہدایت کار امتیاز کی عقل مندی کا امتحان لے رہے ہیں ویسے بھی وہ بہت ہی کامیاب ہدایت کار ہیں لیکن یہاں بات اس عقل کی ہو رہی ہے جسے زبان عام میں چالاکی کہہ سکتے ہیں۔ انہوں نے اپنی فلم ’راک سٹار‘ کے لیے سنیچر کے روز شوٹنگ کی جب برائن ایڈم اپنی موسیقی اور آواز کا جلوہ بکھیر رہے تھے۔ کم سے کم بیس ہزار کا مجمع بے قابو ہو رہا تھا۔ اب امتیاز اس فوٹیج کو اپنی فلم میں استعمال کریں گے جب فلم کے پروے پر ناظرینایڈم کو نہیں بلکہ ہیرو رنبیر کپور کو دیکھیں گے۔ واہ بھئی ہینگ لگے نہ پھٹکری رنگ بھی چوکھا آئے۔ جونئیر فنکاروں کو مجمع میں کھڑا کرکے ان سے اداکاری کے بجائے حقیقی منظر فلمانے کی یہ کوشش کیسی لگی آپ کو؟

پریشان ماں

Image caption ایشا نے بالی وڈ میں کامیاب ہونے کے لیے بکنی تک پہن لی

بالی وڈ میں سب سے زیادہ پریشان ماں آج کل کون ہیں؟ ہیما مالنی، وہ کتنی ہی کوششیں کر رہی ہیں کہ ان کی دونوں بیٹیوں ایشا اور آہانا کا بالی وڈ میں مستقبل سنور جائے۔ ایشا نے بالی وڈ میں کامیاب ہونے کے لیے بکنی تک پہن لی لیکن کچھ فائدہ نہیں ہوا اس لیے مما نے ایشا کے لیے فلم ’ٹیل می او خدا‘ بنائی لیکن فلم ہے کہ ریلیز ہی نہیں ہو پا رہی ہے اب مما نے چھوٹی بیٹی آہانا کے لیے کامیاب اور تجربہ کار ہدایت کارہ اپرنا سین کا انتخاب کیا ہے تاکہ کم سے کم ان کی چھوٹی بیٹی کی فلم انڈسٹری میں آمد ایک کامیاب فلم سے ہو۔ پتہ نہیں کیوں سٹار والدین کے بچے وہ کامیابی حاصل نہیں کر پاتے؟ کچھ اندازہ؟

وشال کا ڈرامہ

ممبئی کے ایک فائیو سٹار ہوٹل میں ماتم کا سا ماحول تھا۔ پادری موجود تھے۔ ایک خوبصورت خاتون بیوہ کے لباس میں کھڑی اپنے شوہر کی روح کی تسکین کے لیے پادری کے ساتھ زیر لب دعائیں پڑھ رہی تھی۔ ہمیں پتہ ہے کہ آپ کو کسی کی تعزیت کی خبر سے کوئی دلچسپی نہیں ہو گی ہم تو بات کر رہے ہیں وشال بھاردواج کی فلم ’سات خون معاف‘ کی تشہیری پارٹی کی۔ جس میں وشال نے فلم کی تشہیر کے لیے اسی طرح کا سیٹ بنایا تھا۔فلم کے ساتھ ساتھ اس کی تشہیر پارٹی بھی ہالی وڈ کی نقل تھی۔

کم عمر حسینائیں

قطرینہ کیف، دیپکا پادوکون، پرینکا چوپڑہ اور فریڈہ پنٹو سبھی اس انتظار میں ہیں کہ کب یش راج فلمز کی جانب سے انہیں فون موصول ہو کہ وہ عامر خان کے مقابل ہیروئین کا رول نبھانے کے لیے منتخب کر لی گئی ہیں۔ لیکن جناب حقیقت تو یہ ہے کہ آدتیہ چوپڑہ عامرکے مقابل ہیروئین کے لیے اٹھارہ یا بیس سالہ نیا چہرہ تلاش کرنے کی فکر میں ہیں۔ ویسے بھی بالی وڈ کے خانوں کی قسمت اچھی ہے اب دیکھئے نا دبنگ میں پہلے سوناکشی سنہا سلو کے مقابل ہیروئین بنی تھیں اور اب دبنگ ٹو میں ان کے مقابل میکسیکو کی مس یونیورس ہیروئین بننے والی ہیں۔

فیورٹ کرینہ

Image caption کرینہ کپور بالی وڈ ہیروز کی بیویوں کی پہلی پسند ہیں

کرینہ کپور بالی وڈ ہیروز کی بیویوں کی پہلی پسند ہیں۔ شاہ رخ کی بیوی گوری خان، اجے دیوگن کی بیوی کاجول، اکشے کمار کی بیوی ٹوئنکل کھنہ، رتیک کی بیوی سوزین خان سبھی چاہتے ہیں کہ اگر کرینہ ان کے شوہروں کے مقابل ہیروئین بنتی ہیں تو انہیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔ ویسے بتا دیں کہ اکثر شوہروں کو ہیروئین کے لیے گھر کی منسٹری سے بھی اجازت لینی ہوتی ہے تو پھر کرینہ جیسی حسین کے لیے ان کے دل میں نرم گوشہ کیوں؟ وہ اس لیے بھئی کہ کرینہ سے انہیں خطرہ ہو ہی نہیں سکتا کیونکہ وہ سیف کے پیار میں دیوانی ہیں اس لیے کسی اور کی جانب دیکھنے کا سوال ہی نہیں اٹھتا۔

شاہد کی جیت

شاہد کپور نے بالی وڈ کے تمام ہیروز کو پچھاڑ دیا ہے۔ ناں! ناں! ان کی کوئی فلم سپر ڈوپر ہٹ نہیں ہوئی ہے بلکہ اپنی فلم ’موسم‘ کے لیے انہوں نے ایس سکسٹین جنگی طیارہ اڑا کر بالی وڈ کے پہلے ہیرو بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

فرحان کی نہ

فرحان اختر نے عامر خان کو اپنی آواز دینے سے منع کر دیا۔ جی ہاں ویسے آپ سبھی جانتے ہیں کہ فرحان اپنی فلموں میں خود اپنے گیت گاتے ہیں۔ ان کی آواز اتنی اچھی لگی کہ یش راج چاہتے تھے کہ دھوم تھری میں فرحان عامر کے لیے نغمہ گائیں لیکن فرحان نے منع کر دیا وہ اس لیے کہ فرحان کا کہنا ہے کہ وہ خود نہیں جانتے کہ ان کی آواز دوسروں کو سوٹ کرے گی بھی یا نہیں؟

اسی بارے میں