وینس فلمی میلے الپچینو کی پذیرائی

فائل فوٹو
Image caption وینس فیسٹیول ہر برس ستمبر کے اوائل میں ہوتا ہے

وینس فلم فیسٹیول کے منتظمین کا کہنا ہے کہ امریکی اداکار اور ہدایتکار الپچینوکو اس برس فلمی میلے میں فلم سازی کے لیے ’گلوری‘ جیسے خاص اعزاز سے نوازا جائےگا۔

یہ انعام اس فلم ساز کو دیا جاتا ہے جس نے عصری سینیما میں اپنی اہم چھاپ چھوڑی ہو۔

گاڈ فادر جیسی فلموں میں کام کرنے والے الپچینو سے قبل یہ اعزاز سیلوسٹر سٹالون اور جاپان کے تیکشی کیٹانو جیسے اداکاروں کو دیا جا چکا ہے۔

اکہتر سالہ الپچینو فیسٹیول میں اپنی نئي فلم ’وائلڈ سلوم‘ کے پریمیئیر سے پہلے ہی چار ستمبر کو یہ انعام حاصل کریں گے۔

یہ دستاویزی فلم آ‎سکر وائلڈ کے مشہور ڈرامہ سلوم پر مبنی ہے اور بطور ہدایات کار الپچينیو کی تیسری فلم ہے۔

آسکر انعام یافتہ ہدایات کار کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ ذاتی طور پر ان سے بہت قریب ہے اور اس میں انہوں نے ہیروڈ کا کردار بھی نبھایا ہے۔

وینس فلم فیسٹیول کے ڈائریکٹر مارکو مولیر نے الپچینیو کو ایک ایسا بہترین ہدایت کار بتایا ہے جن کے تجربات عالمی سنیما کے لیے بڑے قیمتی ہیں۔

وینس فلمی میلہ اکتیس اگست سے شروع ہوتا ہے اور دس ستمبر تک چلتا ہے۔

اسی بارے میں