پاکستانی سینما میں تھوڑی بہتری

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

پاکستان میں ایک برس کے بعد عید کے موقع پر سینما گھروں میں اردو زبان میں تیار ہونے والی فلمیں نمائش کے لیے پیش کی گئی ہیں۔

دوسری جانب اس سال عید پر بھارتی فلم کو بھی نمائش کی اجازت مل گئی ہے۔

اس سال سینماگھروں میں کل پانچ پاکستانی فلمیں نمائش کے لیے پیش کی گئی ہیں جن میں تین فلمیں علاقائی اور دو اردو زبان میں ہیں۔

گزشتہ برس عید الفطر اور عید الاضحیٰ پر مجموعی طور پر سات فلمیں نمائش کے لیے پیش کی گئی تھیں لیکن یہ تمام کی تمام فلیمں علاقائی زبان میں تھیں۔

اس سال عید پر اردو کی دو فلمیں نمائش کے لیے پیش کی گئی ہیں ان میں ’لو میں گم‘ اور ’بھائی لوگ‘ْ شامل ہیں۔

ان کے علاوہ پشتو زبان کی ایک فلم بھی ملک کے سینما گھروں میں دکھائی جارہی ہے۔

عید پر پیش کی گئی اردو فلم ’لو میں گم‘ْ اداکارہ ریما خان کی بطور ہدایت کار دوسری فلم ہے جو گزشتہ برس نمائش کے لیے پیش کی جانے تھی لیکن سیلاب اور دیگر وجوہات کی بنا پر فلم کی ریلیز موخر کردی گئی تھی۔

کیثر رقم سے تیار ہونے والے اس فلم میں بھارتی مزاحیہ اداکار جونی لیور نے بھی کام کیا ہے اور اس فلم کے گانے پاکستانی اور بھارتی گلوکاروں نے گائے ہیں۔ فلم کی ہدایت کارہ ریماخان خود فلم کا مزکری کردار ادار کررہی ہیں۔

ریماخان اپنی نئی فلم کی کامیابی کے لیے بڑی پر امید ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ان کی فلم لازوال کا شکار پاکستانی فلمی صنعت کی بحالی کے لیے مددگار ہوگی۔

عید پر نمائش کے لیے پیش کی جانے والی دوسری اردو فلم ’بھائی لوگ‘ ایک ایکشن فلم ہے۔اس فلم کا موضوع جرائم پیشہ گروہوں کی باہمی رقابتیں ہیں۔

فلم ’لو میں گم‘ْ کی طرح ندیم اور جاوید شیخ بھائی لوگ میں اکٹھے دکھائی دیں گے۔ اس فلم میں یہ دونوں اداکار جرائم پیشہ گروہوں کے سرغنہ کی حیثیت سے ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گے۔

ندیم اور جاوید شیخ کئی برس کے وقفے کے بعد کسی پاکستانی فلم میں اکٹھے جلوہ گر ہورہے ہیں۔

ہر سال کی طرح اس عید پر بھی مشہور ہدایت کار سید نور کی فلم سینماگھروں میں زینت بنے گی۔ اس سال سید نور کی پنجابی فلم ’جگنی‘ میں معروف لوک گیت گلوکار عارف لوہار لگ بھگ دس برس کے وقفے کے بعد بڑے پردے پر دکھائی دیں گے۔

عید پر ریلیز ہونے والی دوسری پنجابی فلم ’شاہ مراد‘ ہے جو ایک روایتی فارمولا فلم ہے۔

فلمیں صنعت سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے اس سال بھی یہ کوشش کی تھی کہ عید کے موقع پر گزشتہ برس کی طرح کسی بھارتی فلم کو نمائش کی اجازت نہ دی جائے تاہم انہیں اس میں کوئی کامیابی نہیں ہوئی۔

گزشتہ برس حکومت پاکستان نے عید پر بھارتی فلم کی نمائش عارضی بنیاد پر روک دی تھی۔

اس سال عید بھارتی اداکاروں سلمان خان اور کرینہ کپور کی فلم باڈی گارڈ کو پاکستانی سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا ہے۔ عید کے ایک ہفتے کے بعد نو ستمبر کو ایک اور بھارتی فلم ’میرے برادر کی دلہن‘ بھی نمائش کے لیے سینماگھروں میں پیش کی جارہی ہے۔

اسی بارے میں