بالی وڈ راؤنڈ اپ

تصویر کے کاپی رائٹ PR Picture

ودیا بالن کی نئی اوتار کا چرچہ آج کل ہر جگہ ہے۔ اس کی وجہ ودیا بالن کا سِلک سمتھا کا کردار ہے۔ فلم ڈرٹی پکچرز میں ودیا بالن کے کردار کی تصاویر منظرِ عام پر آئی ہیں۔

اس فلم کے ہدائتکار ملن لتھریا ہیں اور پروڈیوسر ہیں ایکتا کپور۔ جن کو نہیں معلوم کہ آحر سِلک سمتھا میں ایسی کیا خاص بات تھی تو لیجیے جانیے آحر سِلک کیوں اتنی مشہور تھیں۔ اسّی کی دہائی میں سمتھا کا نام سِلک اس لیے پڑا کہ انہوں نے اپنے سیکسی ڈانسز سے زیادہ تر مردوں کے خیالات پر حکمرانی کی ہے۔

اس کردار کے بارے میں ودیا بالن نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ان کو یہ کردار ادا کرنے میں تھوڑی سی بھی ہچکچاہٹ نہیں تھی۔ اور ان کو اس بات کی بھی فکر نہیں تھی کہ ان پر فحش کردار ادا کرنے کا ٹھپہ لگ جائے گا۔

اس فلم میں ودیا بالن کے ساتھ عمران ہاشمی، توشا کپور اور نصیرالدین شاہ ہیں۔

سلو کی سرجری، شاہ رخ کی دعا

تصویر کے کاپی رائٹ official website

ہمارے سلو میاں یعنی سلمان خان نے اپنے مداحوں کو عید کے موقع پر اپنی تازہ فلم باڈی گارڈ کا تحفہ دیا۔ لیکن جب ان کے مداح اس فلم سے لطف اندوز ہو رہے تھے تو وہ خود امریکہ میں چھری کے نیچے لیٹے ہوئے تھے۔ ارے کوئی فکر کی بات نہیں ہے، ان کا آپریشن ہو رہا تھا۔ اور اب وہ صحت یاب ہیں۔ ان کے اس آپریشن پر بالی وڈ کے ستاروں نے ان کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ ان ستاروں میں شاہ رخ خان بھی شامل تھے جن کے سلمان خان کے ساتھ تعلقات کچھ ٹھیک نہیں ہیں۔

سلمان خان کی فلم باڈی گارڈ کو بہت پسند کیا گیا۔ اور یہ تیسری عید ہے جب سلمان خان کی فلم ریلیز کی گئی اور نہایت کامیاب رہی۔ باڈی گارڈ سے قبل ان کی فلم وانٹڈ تھی اور اس کے بعد ۔۔۔ دبنگ کو کون بھول سکتا ہے۔

ارباز کا میل اکاؤنٹ

ارباز خان نے حال ہی میں سماجی رابطے کی انٹرنیٹ سائٹ پر ٹوئیٹ کیا ہے کہ ان کا ای میل اکاؤنٹ دوسری بار ہیک ہو گیا ہے۔ چونکہ کسی کے ای میل اکاؤنٹ کو ہیک کرنا جرم ہے اس لیے ارباز نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ سائیبر سیل میں پرچہ کٹوائیں گے۔ ٹوئیٹ میں انہوں نے لکھا ہے ’لوگوں کو شائد معلوم نہیں ہے کہ اس عمل سے وہ جیل جا سکتے ہیں۔ اس جرم کی سزا تین سال ہے۔‘

رشی کی سالگرہ

تصویر کے کاپی رائٹ PR Agency

چار ستمبر کو مشہور اداکار اور ابھی بھی کئی دلوں کی دھڑکن رشی کپور نے اپنی انسٹھویں سالگرہ مائی۔ انہوں نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ اپنی طرز سے کام کرتے ہیں اور کسی کی بھی نقل نہیں کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ نئے اداکاروں اور ہدائتکاروں سے بے حد متاثر ہیں کیونکہ وہ نہایت ذہین ہیں اور ان کے پاس بڑے نئے نئے خیالات ہیں اور ان پر عمل کرنے سے یہ نئے لوگ گھبراتے نہیں ہیں۔

رشی کپور کرن جوہر کی نئی فلم میں بھی ہیں جو اصل میں اگنی پتھ کی ری میک ہے۔ اس فلم میں وہ منفی کردار ادا کر رہے ہیں۔ رشی کے مطابق وہ یہ کردار ادا کرنے پر ہچکچا رہے تھے کیونکہ انہوں نے کبھی منفی کردار ادا نہیں کیا۔ اسی لیے انہوں نے فلم کی ٹیم سے کہا کہ پہلے ان کا سکرین ٹیسٹ لیا جائے اور دیکھا جائے کہ وہ اس کردار میں فٹ بھی ہو رہے ہیں یا نہیں۔ ان کے مطابق چالیس سال میں یہ پہلا موقع ہے کہ انہوں نے سکرین ٹیسٹ دیا ہے۔

اسی بارے میں