’ہمارے لیے فلمیں کون بنائے گا‘

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption ہمارے لیے آج کے زمانے میں کوئی فلم کیوں بنائے گا: ہیما مالنی

دھرمیندر اور ہیما مالنی کی جوڑی ہندی فلم کی دنیا کی آج تک کی سب سے مشہور جوڑيوں میں سے ایک ہے۔

ان کی پرانی فلمیں آج بھی ان کے مداح شوق سے دیکھتے ہیں۔ لیکن ہیما مالنی سمجھتی ہیں کہ اب اس جوڑی کے لیے فلم نہیں بنائی جائے گی۔

یہ بات ہیما مالنی نے بی بی سی ہندی کی صائمہ اقبال سے ایک انٹرویو کے دوران کہی جب ان سے پوچھا گیا کہ آج کل وہ اتنی کم فلموں میں اداکاری کیوں کر رہی ہیں تو انہوں نے کہا ’میں تو اداکاری کرنے کے لیے ہمیشہ ہی تیار ہوں۔ جب تک میں اسکرین پر اچھی نظر آؤں گی اور لوگ مجھے دیکھنا پسند کریں گے، میں اداکاری کروں گی۔ ساتھ ہی اس کے لیے کردار بھی تو ملنے چاہیے۔‘

انہوں نے کہا ’ہمارے لیے آج کے زمانے میں کوئی فلم کیوں بنائے گا۔ وہ تو سلمان خان اور قطرینہ کیف کو لے کر بنائیں گے فلم ، ہیما مالنی اور دھرمیندر کو لے کر تو کوئی بنائے گا نہیں نا۔‘ وہ کہتی ہیں کہ ان کا اپنا پروڈکشن ہاؤس ہے جس میں وہ اپنی مرضی کی فلم بنا سکتی ہیں اور اس بات کا انتظار کرنے کی ضرورت نہیں کہ کوئی اور ہدایتکار انہیں پیشکش کرے۔

ہیما مالنی بطور ہدایتکار

ہیما مالنی کی دوسری فلم ’ٹیل می او خدا‘ دیوالی پر ریلیز ہو رہی ہے۔ اس سے قبل انہوں نے انیس سو بانوے میں ’دل آشنا ہے‘ کی ہدایتکاری کی تھی۔

اتنے لمبے وقفے کے بعد ہدایتکاری کرنے کی وجہ ہیما جی نے بتائی ’اس وقت میرے بچے بہت چھوٹے تھے اور میں ان کے ساتھ زیادہ وقت بِتانا چاہتی تھی، اس لیے میں نے اور فلموں کی ہدایتکاری نہیں کی۔ ساتھ ہی میں اپنے رقص میں مصروف تھی اور بعد میں پھر پارلیمنٹ کی رکن بنی۔ پھر جب ایشا فلموں میں آ گئی تو اب سوچا کہ اب مجھے ایشا کے ساتھ اپنے گھر کی فلم بنانی چاہیے۔‘

’ٹیل می او خدا‘ میں ہیما مالنی کی بیٹی ایشا دیول اہم کردار کررہی ہیں۔ ساتھ میں ان کے شوہر دھرمیندر بھی نظر آئیں گے۔ یہ پہلا موقع ہے جب دھرمیندر نے اپنی بیٹی کے ساتھ کام کیا ہے۔

بیٹی اور شوہر کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کے بارے میں ہیما جی کا کہنا تھا ’بیٹی کے ساتھ ہدایتکاری میں مشکل نہیں ہوئی، اگر کوئی اور ہیروئین ہوتی تو شاید مشکل ہوتی ہے۔ دھرمیندر کے ساتھ کام کرتے ہوئے دماغ میں نجی رشتے کی بات نہیں آئی، بس یہی لگا کہ یہ کتنے بڑے اداکار ہیں جنہیں میں ڈائریکٹ کر رہی ہوں۔ اتنا ہی نہیں، فلم میں ونود کھنہ ، رشی کپور اور فاروق شیخ جیسے بہترین اداکار بھی ہیں جن کے ساتھ میں نے کام کیا ہے اور آج انہیں ڈائریکٹ کر رہی ہوں۔‘

دیوالی پر ہی شاہ رخ خان کی بڑے بجٹ کی فلم بھی ریلیز ہو رہی ہے۔ لیکن ہیما مالنی اسے مقابلے کی طرح نہیں دیکھ رہی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ انہیں فخر ہے کہ انہوں نے شاہ رخ کو سب سے پہلے فلم دل آشنا ہے میں موقع دیا تھا اور آج جب وہ اتنے مشہور ہو گئے ہیں، تو دیکھ کر اچھا لگتا ہے۔

تقریبا بیس سال بعد پھر سے فلم بنانے والی ہیما مالنی کو فلم بنانے سے زیادہ مشکل کام اس کی تشہیر لگتی ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ وہ ایک انتہائی نجی طبیعت کی خاتون ہیں لیکن فلم کی تشہیر کے لیے انہیں لوگوں کے درمیان آنا پڑا ہے۔

ان سے جب یہ پوچھا گیا کہ اتنے برسوں میں کیا تبدیلی آئی ہے، تو ہیما مالنی کا کہنا تھا ’بہت تبدیلی آئی ہے۔ آج کل تو جتنا آپ نظر آئیں گے اتنا ہی آپ کی فلم چلے گی اور اگر فلم کو پروموٹ نہیں کریں گے تو شاید فلم نہیں چلے گی۔ اس كمپيٹیشن میں ہمیں بھی اترنا پڑا ہے۔ ہم اس طرح کے ہیں نہیں لیکن ہمیں بھی پروموشن کی بس میں چڑھنا پڑا ہے۔‘

اسی بارے میں