راک بینڈ کنسرٹ کے چار منتظمین گرفتار

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption ہمارے لیے ہمیشہ سب سے اہم اپنے مداحوں کی سکیورٹی رہی ہے:میٹیلکا

بھارت میں امریکی راک میوزک گروپ میٹیلیکا کے کنسرٹ کا انتظام کروانے والے چار افراد کوگرفتار کیا گیا ہے۔

میٹیلیکا نے جمعہ کو دارالحکومت نئی دلّی میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنا تھا تاہم یہ تقریب منسوخ کر دی گئی جس کے بعد موقع پر موجود شائقین نے سٹیج پر توڑ پھوڑ کی۔

راک گروپ کا کہنا ہے کہ کنسرٹ سٹیج کے سامنے نصب ایک سکیورٹی بیریئرگرنے کی وجہ سے ملتوی کیا گیا۔

اتوار کو بھارتی پولیس نے بتایا کہ ڈی این اے اینٹرٹینمنٹ نیٹ ورک نامی کمپنی کے چار افراد کو دھوکہ دہی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

دلی کے علاقے گڑگاؤں میں تعینات جوائنٹ کمشنر پولیس الوک متل نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ عوام میں سے ایک فرد نے پولیس میں درخواست دی تھی کہ کمپنی ان کے پیسے واپس نہیں کر رہی ہے۔

ڈی این اے نے اپنی ویب سائٹ پر ٹکٹ کی رقم واپس لینے کا طریقہ بیان کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق جب کنسرٹ منسوخ کرنے کا اعلان کیا گیا تو وہاں پر پچیس ہزار کے قریب افراد موجود تھے۔ بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق تقریب کی منسوخی کے اعلان پر یہ مجمع بپھرگیا اور انہوں نے توڑ پھوڑ کی۔

اس کنسرٹ کے منتظمین نے سنیچر کو یہ تقریب منعقد کروانے کی کوشش کی لیکن انہیں اس کی اجازت نہیں مل سکی۔

میٹیلیکا کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ انہیں بتایا گیا تھا کہ اس تقریب کو دیکھنے کے لیے آنے والے افراد کی سکیورٹی کے سلسلے میں شدید خدشات موجود ہیں۔ بینڈ کا کہنا ہے کہ ’ہمارے لیے ہمیشہ سب سے اہم اپنے مداحوں کی سکیورٹی رہی ہے‘۔

یہ پہلا موقع تھا کہ امریکی راک بینڈ بھارت میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے والا تھا۔ اب یہ گروپ اتوار کو بنگلور میں اپنے فن کا مظاہرہ کرے گا۔