تمل ناڈو میں ’ڈیم 999‘ پر پابندی

تصویر کے کاپی رائٹ Official Website
Image caption ڈیم 999 کی کہانی تمل ناڈو اور کیرالا کے درمیان تنازع کی وجہ بننے والے بند کے بارے میں ہے

بھارتی ریاست تمل ناڈو کی حکومت نے ریاست میں فلم ’ڈیم 999‘ کی ریلیز پر پابندی لگا دی ہے۔

ایک سرکاری بیان کے مطابق ’یہ فلم لوگوں میں ملاپریئر بند کے حوالے سے خوف پھیلاتي ہے اس لیے تمل ناڈو حکومت نے فلم ڈیم 999 پر فوری طور پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے‘۔

اس سے پہلے ریاست کے سنیما گھر کے مالکان اور یونین نے فلم کی نمائش نہ کرنے کے فیصلہ کیا تھا جبکہ ریاست کی مختلف سیاسی جماعتیں بھی حکومت سے فلم پر پابندی لگانے کا مطالبہ کر رہی تھیں۔

انگریزی زبان میں بنائی جانے والی یہ فلم پچیس نومبر کو بھارت میں ریلیز ہو رہی ہے جبکہ تمل ناڈو میں یہ فلم تمل زبان میں ڈب ہو کر ریلیز ہونی تھی۔

کہا جا رہا ہے کہ ڈیم 999 کی کہانی تمل ناڈو اور کیرالا کے درمیان تنازع کی وجہ بننے والے ملاپریئر بند کے بارے میں ہے۔

تمل ناڈو کی وزیراعلٰی جے للتا نے بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ کو اس بند کے بارے میں ایک خط بھی لکھا ہے جس میں انہوں نے وزیراعظم سے درخواست کی ہے کہ ’وہ کیرالا حکومت کو ایک نیا ڈیم نہ بنانے کا مشورہ دیں کیونکہ موجودہ بند ٹھیک کام کر رہا ہے اور پورا معاملہ سپریم کورٹ میں ہے‘۔

خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کیرالہ حکومت کو یہ مشورہ بھی دیا جائے کہ وہ سیاسی فائدے کے لیے لوگوں میں خوف نہ پھیلائے۔