کروڑپتی کے فاتح کا بگ باس سے انکار

سشیل کمار تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سشیل کمار کا تعلق بہار سے ہے

ہندوستان کے مقبول ترین ٹی وی شو ’کون بنے گا کروڑپتی‘ میں پانچ کروڑ روپے کی انعامی رقم جیتنے والے شہری سشیل کمار نے ٹی وی شو بگ باس میں شامل ہونے سے انکار کردیا ہے۔

پانچ کروڑ کا انعام جیتنے کے بعد سشیل کمار بےحد مقبول ہوگئے ہیں۔

بہار کے ایک بے حد غریب گھر سے تعلق رکھنے والے سشیل کمار نے یہ رقم جیتنے کے لیے دو سال تک بے حد محنت کی تھی۔

ان کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے ’ بگ باس‘ پروگرام بنانے والی پروڈکشن کمپنی اینڈمال انڈیا نے سشیل کمار کو اپنے شو میں شامل ہونے کی پیشکش کی لیکن سشیل کمار نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا۔

بی بی سی بات کرتے ہوئے سشیل کمار نے بتایا ’بگ باس پروگرام بنانے والوں نے مجھ سے رابطہ کیا تھا۔ وہ چاہتے تھے کہ میں بگ باس میں شامل ہوجاؤں۔ لیکن میں نے صاف انکار کردیا۔ میں ایسا کچھ بھی نہیں کرنا چاہتا جس سے میری ساکھ متاثر ہو‘۔

حال ہی میں سرکردہ سماجی کارکن سوامی اگنی ویش نے بگ باس میں حصہ لیا ہے اور ایسا کرنے پر ان کی کافی تنقید بھی ہوئی ہے۔ لیکن سوامی اگنی ویش کا کہنا ہے کہ انہوں نے کچھ بھی غلط نہیں کیا۔

اسی بارے میں