ٹوئٹر پر مقبول ترین الفاظ

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ٹوٹر ویب سائٹ نے مقبول الفاظ کی فہرست مختلف موضوعات کی بنیاد پر مرتب کی ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے سنہ دو ہزارگیارہ کے دس مقبول ترین الفاظ کی فہرست جاری کی ہے۔

اس فہرست میں سب سے مقبول لفظ ’مصر‘ جبکہ دوسرے نمبر پر لفظ ’ٹائیگر بلڈ‘ آیا ہے۔

لفظ مصر کی مقبولیت کی وجہ اس سال مصر میں آنے والا عوامی انقلاب ہے جس نے سابق صدر حسنی مبارک کی حکومت کا تختہ اُلٹا تھا اور ٹائیگر بلڈ کا تعلق مشہور اداکار چارلی شین کے بیان سے ہے۔

چارلی شین نے اپنے مزاحیہ شو ’ٹو اینڈ آ ہاف مین‘ کی انتظامیہ سے اختلافات کے بعد بہت سارے بیانات دیے تھے۔ اس سارے معاملے کو بیان کرتے ہوئے چارلی شین نے ریڈار آئن لائن نامی ویب سائٹ پہ لکھا تھا کہ ’میرے دانتوں سے چیتے کا خون ٹپک رہا ہے۔‘

ٹوئٹر ویب سائٹ نے مقبول الفاظ کی فہرستیں مختلف موضوعات کی بنیاد پر بھی مرتب کی ہیں۔

خبروں اور حالاتِ حاضرہ کے عنوان میں سرِفہرست الفاظ کا تعلق مصر کے انقلاب، امریکی فوج کی اوسامہ بن لادن کے خلاف کارروائی اور جاپان میں آنے والے زلزلے اور سونامی سے تھا۔

خوراک کے موضوع پر سب سے زیادہ استعمال ہونے والا لفظ ’مک لوبسٹر‘ تھا۔ یہ لفظ مکڈونلڈز کمپنی کے اُس سینڈوچ کا نام ہے جوکہ کینیڈا میں تو فروخت کیا جا رہا ہے لیکن امریکہ میں نہیں۔ رواں سال اس لفظ کی وجہِ شہرت کچھ افواہیں تھیں جن کے مطابق یہ سینڈوچ امریکہ میں بھی لائے جانے کے امکانات تھے۔

موسیقی کے عنوان کی فہرست میں تو پہلا نام ایک ایسی گلوکار کا تھا جو اِس سال کے شروع تک بلکل غیر معروف تھیں۔ ربیکا بلیک نے ’فرائیڈے‘ نامی ایک گانا یو ٹیوب پر جاری کیا تھا جس کی وجہ سے میڈیا میں اُن کا بہت مذاق بنایا گیا۔ حیران کن بات یہ ہے کہ نوجوانوں میں انتہائی مقبول گلوکار جسٹن بیئبر اس فہرست پر دکھائی نہیں دیے۔

اداکاروں میں سرِفہرست تو چارلی شین ہی تھے مگر برطانوی ناموں میں رکی جارویس، کولن فرتھ اور پیٹ پوسٹلتھویٹ شامل تھے۔ رکی جارویس نے اس سال گولڈن گلوبز کی میزبانی کی تھی جبکہ کولن فرتھ نے فلم ’کنگز سپیچ‘ میں ’کنگ جارج ششم‘ کا کردار ادا کر کے آسکر انعام جیتا تھا۔ پیٹ پوسٹلتھویٹ کی اس سال وفات ہو گئی تھی۔

اسی بارے میں