الزبتھ ٹیلر کے زیورات کی ریکارڈ نیلامی

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption الزبتھ ٹیلر منفرد زیورات کی بہت شوقین تھیں

امریکی شہر نیو یارک میں ہالی وڈ کی مشہور زمانہ اداکارہ الزبتھ ٹیلر کے زیرِاستعمال زیورات کی ہونے والی نیلامی میں ایک سو سولہ ملین ڈالرز کی رقم اکھٹی ہوئی۔

اس نیلامی میں اسی کے قریب اشیاء رکھی گئی تھیں جن کے بارے میں یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ ان سے بیس ملین ڈالرز اکھٹے ہو سکیں گے۔ تاہم منتظمین کی توقعات کے برعکس نیلامی میں ان زیوارت کی دگنی قیمتیں لگیں۔

اس نیلامی میں سولہویں صدی کا موتیوں کا بنا ایک ہار بھی رکھا گیا تھا جو گیارہ اعشاریہ آٹھ ملین ڈالرز میں فروخت ہوا۔

واضح رہے کہ الزبتھ ٹیلر منفرد زیورات کی بہت شوقین تھیں۔ ان کی ہیرے کی ایک انگوٹھی جسے ان کے شوہر رچرڈ برٹن نے تحفہ دیا تھا آٹھ اعشاریہ آٹھ ملین ڈالرز میں فروخت ہوئی۔

اس کے علاوہ لا پریگرینا موتی، جو الزبتھ ٹیلر نے ہیروں کے ہار میں جڑوایا تھا، کی قیمت تقریباً سوا کروڑ ڈالر لگی۔ یہ موتی ہسپانوی ملکہ کے استعمال میں رہا تھا اور سترہویں صدی میں دریافت ہوا ، الزبتھ ٹیلر کو یہ نادر موتی ان کے شوہر رچرڈ برٹن کی جانب سے تحفے میں ملا۔

نیلامی میں موجود بی بی سی کی نامہ نگار لارا کے مطابق اس نیلامی نے گزشتہ تمام ریکارڈ توڑ دیے۔

نامہ نگار کے مطابق سونے کا ایک بریسلیٹ دو لاکھ ستر ہزار ڈالرز میں فروخت ہوا۔

اس نیلامی میں شریک ایک شخص نے الزبتھ ٹیلر کو ان کے قریبی دوست مائیکل جیکسن کی جانب سے دی جانے والی ہیرے کی انگوٹھی کو چھ لاکھ ڈالرز میں خریدا۔

اس نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم کو الزبتھ ٹیلر ایڈز فاؤنڈیشن کو دیا جائے گا۔

ہالی وڈ کی مشہور زمانہ اداکارہ الزبتھ ٹیلر کا لاس انجیلیز میں اناسی برس کی عمر میں انتقال ہو گیا تھا۔

اسی بارے میں