’دو ہزارگیارہ میں سلمان اور ودیا کا راج‘

سلمان خان تصویر کے کاپی رائٹ bbc
Image caption سلمان خان اس برس کے سب سے کامیاب اداکار مانے جاتے ہیں

دو ہزارگیارہ میں بھارتی فلمی دنیا میں شاہ رخ خان، سلمان خان، امیتابھ بچپن، رنبیر کپور، اجے دیوگن اور ودیا بالن جیسے ستارے اپنا جلوہ بکھیرنے میں کامیاب رہے۔

سلمان خان

دو ہزار گیارہ میں کامیاب ترین شخصیت کے لیے فلمی دنیا کے زیادہ تر مبصر جس ایک نام پر متفق ہیں وہ سلمان خان کا نام ہے۔

انہوں نے اس برس باڈی گارڈ اور ریڈی جیسی دو سپر ہٹ فلمیں دیں۔ کاروباری لحاظ سے سلمان خان کی فلم باڈی گارڈ سب سے کامیاب رہی جس نے تقریباً ایک سو پچاس کروڑ روپے کمائے۔ اس فلم نے ریلیز کے پہلے دن ہی تقریباً بیس کروڑ روپے کا بزنس کر کے ایک نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔

ان کی دوسری فلم ریڈی نے بھی اچھا بزنس کیا اور یہ فلم بھی اس برس تقریباً سو کروڑ کا کاروبار کرنے میں کامیاب ہوئی۔

معروف فلمی مبصر سبھاش کے جھا کے مطابق ’سلمان کچھ بھی کریں، لوگ انہیں دیکھنے جاتے ہیں۔ ایک وقت یہ صورت حال راجیش کھنہ کی ہوتی تھی‘۔

انہوں نے کہا کہ ’سلمان کی فلموں کا پلاٹ کیا ہے، موسیقی کیسی ہے یا کہانی کیا ہے اس کے کوئی معنی نہیں ہیں، فلم میں صرف سلمان کا ہونا ہی کافی ہے۔ باڈی گارڈ جیسی عام فلم کا ہٹ ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ بالی وڈ میں سلمان از دی کنگ‘۔

فلموں کے تجارتی پہلو کے ماہر کومل ناہاٹا کہتے ہیں کہ سلمان کا جادو ان کے مداحوں کے سر چڑھ کر بولتا ہے۔ کومل کے مطابق سلمان خان بڑے شہروں اور چھوٹے شہروں کی حدود و قیود سے آزاد ہیں۔

باڈی گارڈ میں سلمان خان کی ہیروئن کرینہ کپور کہتی ہیں کہ ’فلم چاہے ہٹ ہو یا فلاپ سلمان ہر سیزن کے خان ہیں۔ سلمان کو لوگ مذہب کی طرح چاہتے ہیں اور یہی انہیں خاص بناتا ہے‘۔

شاہ رخ خان

شاہ رخ خان بھی اس برس میڈیا میں چھائے رہے۔ ان کی فلم را ون گر چہ ان کی امیدوں پر کھرا نہیں اتری لیکن پھر بھی اسے ایک کامیاب فلم کہا جا سکتا ہے۔ ان کی مقبولیت کے سبب یہ فلم بھی ابتداء میں باکس آ‌فس پر کامیاب رہی۔

را ون فلم اپنی ریلیز کے دوسرے روز تیئس کروڑ روپے کمار کر ایک ہی روز میں اتنا پیسہ کمانے کا ایک نیا ریکارڈ بنایا اور یہ فلم بھی سو کروڑ روپے سے زیادہ کمانے میں کامیاب ہوئی۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption شاہ رخ خان کی دونوں فلمیں اچھی تھیں لیکن سلمان کے مقابلے کم ہی رہے

سال کے آخری مہینے میں ان کی فلم ڈان ٹو ریلیز ہوئی اور یہ بھی کامیاب رہی ہے۔ شاہ رخ خان نے اس برس اپنی دونوں فلموں کی تشہیر کے لیے مختلف شہروں کا دورہ بھی کیا۔

کومل ناہاٹا کے مطابق اس برس شاہ رخ سلمان سے چاہے تھوڑا پیچھے رہے ہوں لیکن ان کی ایک فلمی ستارے کی حیثیت پوری طرح برقرار ہے۔ سبھاش کے جھا کے مطابق بھی شاہ رخ خان کا جادو کم نہیں ہوا ہے۔

لیکن فلم مبصر نمرتا جوشی کی رائے شاہ رخ خان کے متعلق اس برس اچھی نہیں ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ شاہ رخ خان جیسے بڑے اداکار کی فلم کی اوپننگ اچھی رہنا کوئی بڑی بات نہیں ہے۔

ان کے مطابق را ون جیسے بڑے بجٹ کی فلم کا پیسہ وصول کرنے کے لیے انہیں کئی برانڈز کے ساتھ سمجھوتہ کرنا پڑا جو کسی بڑے سٹار کے لیے کوئی حوصلہ بخش بات نہیں ہے۔

ودیا بالن

اس سال کے اختتام پر اداکارہ ودیا بالن کا جادو کچھ ایسا چلا کہ اس سے کوئی بھی متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکا۔ ان کی فلم ’دی ڈرٹی پکچر‘ میں کوئی بڑا ستارہ نہیں تھا۔ معروف اداکارہ نصیر الدین شاہ، عمران ہاشمی اور تشار کپور جیسے اداکار فلم میں ضرور تھے لیکن دراصل فلم کی ہیرو خود ودیا بالن ثابت ہوئیں۔

کسی بڑے ادا کار کے نہ ہوتے ہوئے بھی اس فلم نے اس برس کی کسی بھی بڑی فلم سے اچھا بزنس کیا۔

اس فلم کو تجزیہ کاروں نے بھی سراہا اور عوام نے بھی خوب پسند کیا۔ اس برس کی شروعات میں بھی ان کی فلم ’نو ون کلڈ جیسکا‘ بھی خوب چلی تھی اور اس میں ان کی اداکاری کی بھی تعریف ہوئی تھی۔

Image caption ودیا بالن کو بالی وڈ کا ہیرو کہا جانے لگا ہے

فلمی مبصر نمرتا جوشی ڈرٹی پکچر کو اس برس کی بہترین فلم مانتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’بھارتی فلم انڈسٹری پر مردوں کا غلبہ ہے لیکن اس کے باوجود ڈرٹی پکچر کو ودیا نے اپنے بل بوتے کامیابی دلائی ہے‘۔

فلم مبصر کومل ناہاٹا کہتے ہیں کہ ’میں ودیا بالن کو ہیرو مانتا ہوں۔ ان پر نکتہ چینی کرنے والے کہتے ہیں تھے کہ ودیا اچھی اداکارہ ضرور ہیں لیکن ان میں سیکس اپیل نہیں ہے۔ ودیا نے ان سب باتوں کو غلط ثابت کر دیا اور اپنی سیکس اپیل اور ادا کاری سے فلم ڈرٹی پکچر کو سپر ہٹ بنا دیا‘۔

دیگر اہم شخصیات

یہ برس فلموں کی مناسبت سے امیتابھ بچن کے لیے کوئی خاص نہیں رہا لیکن ٹی وی پر ان کا شو کون بنےگا کروڑ پتی بہت کامیاب رہا اور ایک بار پھر یہ شو پہلے کی طرح مقبول ہوگيا۔

رنبیر کپور کے لیے بھی یہ برس کوئی خاص نہیں تھا لیکن فلم راک سٹار میں ان کی اداکاری کو پسند کیا گيا۔ کومل کہتے ہیں کہ ’راک سٹار زیادہ نہیں چلی لیکن اس بات سے سبھی متفق ہیں کہ آنے والے دنوں کے بڑے سٹار رنبیر کپور ہیں۔ انہوں نے اپنا رول بہت اچھا کیا ہے‘۔

اسی بارے میں