’بپاشا اکیلی ہیں اور خوش ہیں‘

اپ کی ڈیوائس پر پلے بیک سپورٹ دستیاب نہیں

بپاشا اکیلی ہیں اور خوش ہیں

بالی وڈ اداکارہ بپاشا باسو نے جب سے اپنے قریبی دوست جان ابراہم سے علٰیحدگی اختیار کی ہے تب سے یہ قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ بپاشا ’سنگل‘ ہیں کہ کسی کے ساتھ رومانی رشتے میں منسلک ہیں۔

حال ہی میں ایک پریس کانفرنس میں بپاشا نے کہا کہ وہ سنگل یعنی اکیلی ہیں اور بہت خوش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کے ساتھ رہنے کے فائدے بھی اور نقصان بھی ہوتے ہیں اور ہر رشتے کے فائدے اور نقصان ہوتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اپنی زندگی کےاس لمحے کا پورا مزہ لے رہی ہیں۔

بپاشا باسو کی نئی فلم ’جوڑی بریکر‘ جلد ہی ریلیز ہونے والی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ فلم کی کہانی ’میچ میکنگ‘ یعنی شادیاں طے کرنے کے بارے میں ہے۔

کرینہ کےبعد اب کرشمہ بھی سائز زیرو

تصویر کے کاپی رائٹ PR

کرینہ کپور نے جب وزن گھٹانا شروع کیا تو پوری میڈیا کی آنکھیں ان پر تھیں اور ان کی پتلی کمر یا سائز زیرو کا ہرطرف چرچا تھا۔

میڈیا میں یہاں تک کہا گیا کہ کرینہ کو دبلے ہونے کی بیماری ہے لیکن کرینہ ہمیشہ ان خبروں کی مذمت کرتی رہیں۔

حال ہی میں کرینہ کپور اور ان کی بڑی بہن کرشمہ کپور ایک تقریب میں ساتھ نظر آئیں اور دونوں نے پریس والوں سے خوب باتیں کی۔

سائز زیرو کے بارے میں جب کرینہ سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ان کی بہن کرشمہ سائز زیرو ہیں۔ کرشمہ کپور جلد ہی فلموں میں واپسی کررہی ہیں۔ کرینہ کپور کا کہنا ہے کہ انہیں خوشی ہے کہ ان کی بہن فلموں میں دوبارہ واپس آ رہی ہیں۔

شاہد شادی کے لیے تیار

تصویر کے کاپی رائٹ

اداکار شاہد کپور کا کہنا ہے کہ وہ شادی کے لیے بالکل تیار ہیں اور اگر کوئی خوبصورت لڑکی ان کے پاس آئے اور شادی کرنے کے لیے کہے تو اس کے بارے میں سوچیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ شادی ایک بے حد حسین رشتہ ہے۔ شادی کے بعد انسان زیادہ ذمہ دار اور اپنے آپ کو زیادہ مستحکم پاتا ہے۔

میڈیا کی خبروں کو مانیں تو شاہد کپور اور پریانکا چوپڑا کی دوستی گہری ہے اور وہ شاید جلد ہی شادی بھی کرلیں۔ حالانکہ شاہد کپور نے اس طرح کا کوئی اشارہ نہیں دیا ہے۔

اس سے پہلے شاہد کپور اور کرینہ کپور ایک دوسرے کے ساتھ تھے لیکن دونوں کا بریک اپ ہوگیا تھا۔ کرینہ کپور نے بھی کہا ہے کہ وہ سیف علی خان کے ساتھ جلد ہی شادی کرنے والی ہیں۔

’ایجنٹ ونود‘ کے پرومو

تصویر کے کاپی رائٹ AP

سیف علی خان کی نئی فلم ’ایجنٹ ونود‘ کے پرومو منظر عام پر آگئے ہیں۔

فلم کا پرومو دیکھنے کے بعد لگتا ہے کہ فلم ہالی وڈ کی جیمز بانڈ فلموں سے ملتی جُلتی ہے۔ لیکن جب سیف علی خان سے اس بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ یہ موازنہ بالکل غلط ہے کیونکہ یہ فلم بھارتی شائقین کو دھیان میں رکھ کر بنائی گئی ہے اور اس کی کہانی اور حقیقت ہالی وڈ کی فلموں سے بالکل جدا ہے۔

ایجنٹ ونود سیف علی خان کے پروڈکشن ہاؤس نے بنائی ہے اور اس فلم کے لیے سیف بہت پُرامید ہیں۔