شاہ رخ، فرح ساتھ ساتھ اور عامر کا نیا پینترا

اپ کی ڈیوائس پر پلے بیک سپورٹ دستیاب نہیں

شاہ رخ فرح ساتھ ساتھ

Image caption شاہ رخ خان اور فرح خان کے درمیان دوبارہ دوستی ہوگئی ہے

تقریباً ایک برس سے زیادہ سے شاہ رخ خان اور ان کی دوست ہدایت کار فرح خان کے کشیدہ تعلقات کی بات عام تھی۔

ایک وقت تھا کہ بالی وڈ میں شاہ رخ اور فرح خان کی دوستی مثالی تھی۔ دونوں نے ساتھ کئی فلمیں کیں لیکن کچھ ایسا ہوا کہ دونوں ایک دوسرے کا نام بھی لینا پسند نہیں کرنے لگے۔

حال میں یہ کشیدگی اخبارات کی صفحۂ اول کی سرخی اس وقت بنی جب ایک پارٹی میں شاہ رخ خان نے فرح خان کے خاوند کے ساتھ لڑائی جھگڑا کیا اور مبینہ طور پر نشے کے حالت میں انہیں مارا بھی۔

اس خبر کے شائع ہونے کے بعد فرح خان کے بھائی ساجد خان اور شاہ رخ کی اہلیہ گوری خان نے دونوں دوستوں کو شاہ رخ کے گھر بلا کر دوستی کرائی۔ دونوں گلے ملے، شکوہ شکایت کیں، روئے اور پھر کہا ہم ایک بار پھرساتھ ساتھ ہیں۔

رتیش کی ہوئیں جینیلیا

تصویر کے کاپی رائٹ pr
Image caption رتیش اور جنیلیا کی شادی میں سیاستدان اور فلمی ستارے شریک ہوئے

بالی وڈ اداکارہ جینیلیا ڈیسوزا اور اداکار رتیش دیش مکھ کی آٹھ سالہ پرانی دوستی ازدواجی رشتے میں تبدیل ہوگئی ہے۔

دونوں نے ممبئی میں شادی کی جس میں نامی گرامی فلمی ستاروں کے علاوہ سرکردہ سیاسی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

رتیش دیش مکھ مہاراشٹر کے سابق وزیراعلی ولاس را‎‎ؤ دیش مکھ کے بیٹے ہیں اس لیے سیاستدانوں کی شرکت تو لازمی تھی لیکن شادی میں شاہ رخ خان، ابھیشیک بچن، آسین، کاجول اور جیا بچن جیسی شخصیات کی موجودگی دیکھ کر لگتا ہے کہ رتیش اور جینیلیا بھلے ہی بہت کامیاب اداکار نہ ہوں لیکن بالی وڈ میں ان کے دوست بہت ہیں۔ ۔

عامر کا نیا پینترا

تصویر کے کاپی رائٹ bbc
Image caption عامر کی نئی فلم تلاش کا ڈیجیٹل پوسٹر لانچ کیا گیا

عامر خان اپنے بہترین کام اور ہر فلم کے ساتھ کچھ نیا کرنے کے لیے جانے جاتےہیں۔ اپنے اسی انداز کو برقرار رکھتے ہوئے انہوں نے اپنی نئی فلم تلاش کا ڈیجیٹل پوسٹر شائع کیا ہے۔

ہندوستانی فلموں کی تاریخ میں یہ پہلی بار ہے جب کسی فلم کا ڈیجیٹل پوسٹر شائع کیا گیا ہو۔

عامر خان نے اپنی فلم کا ٹریلر جیسے ہی اپنے فیس بک پیج پر شائع کیا ویسے ہی اسے ہزاروں لوگوں نے پسندیدگی کی سند دے دی۔ اس فلم میں عامر خان کے علاوہ رانی مکھرجی، فرحان اختر اور کرینہ کپور بھی کام کر رہے ہیں۔

کرینہ کو پروموشن کی کیا ضرورت

تصویر کے کاپی رائٹ PR Agency
Image caption سیف کی فلم ایجنٹ ونود کو کرینہ پروموٹ نہیں کر رہیں

آج کل کرینہ کپور کے ہونے والے شوہر سیف علی خان اپنی نئی فلم ’ایجنٹ ونود‘ کی تشہیر کررہے ہیں لیکن کرینہ کپور کہیں نظر نہیں آ رہیں۔

حالانکہ کرینہ کپور اس فلم میں اہم کردار بھی ادا کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے انہیں پروموشن کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور سب کو پتہ ہے کہ وہ اس سال کی تین بڑی فلموں، ایجنٹ ونود، ایک میں اور ایک تو اور تلاش میں کام کررہی ہیں تو انہیں پرموشن کی کیا ضرورت؟

کرینہ کیا آپ یہ کہنا چاہتی ہیں کہ آپکے دوست سیف علی خان کو اس کی ضرورت ہے؟ ہم نہیں مانتے کیونکہ سب کو معلوم ہے کہ آپ دونوں میں سےبہتر اداکار کون ہے۔

اسی بارے میں