’پیسوں کیلیے شادیوں میں ناچنا پسند نہیں‘

یُوں تو بااثر افراد کے گھر پر ہونے والی شادیوں میں کئی فلمی ستاروں کے رقص کرنے کی خبریں میڈیا میں آتی رہتی ہیں لیکن اداکار جان ابراہم کو پیسوں کی خاطر شادیوں میں ناچنا ذرا بھی گوارا نہیں۔

ممبئی میں تعلیم کے فروغ کے لیے منعقد ایک تقریب میں شرکت کرنے والے بالی وڈ اداکار جان ابراہم کا کہنا تھا کہ ’مجھے اتنا پیسہ نہیں چاہیئے۔ شادیوں میں ناچنا مجھے ذرا بھی پسند نہیں ہے۔ اس کے بجائے میں ایسے پروگرام میں آ کر بچوں کے ساتھ وقت گزارنا زیادہ پسند کرتا ہوں۔‘

جان نے یہ بھی کہا ان کے جیسے مڈل کلاس سے آنے والے لوگ معاشرے کے لئے کچھ کرنے میں زیادہ یقین رکھتے ہیں، نا کہ مہنگی شادیوں کا حصہ بننے میں جہاں لوگ فضول خرچی کرتے ہیں۔

جان کے مطابق بھارت میں لوگ فلمی ستاروں اور کرکٹرز کو کافی پسند کرتے ہیں اس لئے دونوں کو ہی سماجی بہبود کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔ بقول جان، ’ماڈل بننے سے زیادہ ضروری ہے رول ماڈل بننا۔‘

جان نے کہا کہ پڑھے لکھے نوجوانوں کو چاہیئے کہ وہ سیاست میں آئیں اور غیر تعلیم یافتہ سیاستدانوں کو ہٹائیں تاکہ ملک کی ترقی کر سکے۔

اسی بارے میں