سٹراس کان: سیکس سکینڈل پر فلم

جیرار دیپادیوں تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption فرانسیسی اداکار جیرار دیپادیوں کی عمر 63 سال ہے

نیویارک کے مشہور سیکس سکینڈل کے بارے میں بننے والی فلم میں آئی ایم ایف کے سابق سربراہ سٹراس کان کا رول جیرار دیپادیوں کریں گے۔

اس سکینڈل کی وجہ سے عالمی مالیاتی ادارے یعنی آئی ایم ایف کے سابق سربراہ ڈومینک سٹراس کان کو استعفٰی دینا پڑا تھا۔

امریکی ہدایتکار ایبل فریرا نے ایک فرانسیسی اخبار کو بتایا کہ وہ اس سکینڈل پر فلم بنا رہے ہیں جس میں ایزابیل اجانی مسٹر سٹراس کان کے اہلیہ کا رول ادا کریں گی۔

ڈومینک سٹراس کان کو گزشتہ مئی میں ہوٹل کی ایک خادمہ کے ریپ کے الزام میں اپنے عہدے سے استعفٰی دینا پڑا تھا۔

ان کے خلاف یہ کیس تو ختم ہو گیا لیکن فرانس کا صدر بننے کا ان کا خواب بھی اپنے ساتھ لے گیا۔

کہا جاتا ہے کہ اس سکینڈل سے قبل فرانس کے سابق وزیرِ خارجہ مسٹر کان ملک کے صدر کے عہدے کے لیے سوشلسٹ پارٹی کے امیدوار تصور کیے جا رہے تھے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ڈومینک سٹراس کان کو عالمی مالیاتی فنڈ کے سربراہ کے عہدے سے استعفٰی دینا پڑا تھا۔

اس کیس کے بعد فرانسیسی مصنفہ ترستین بینن نے بھی ان پر 2003 میں ایک انٹرویو کے دوران جنسی زیادتی کی کوشش کرنے کا الزام لگایا تھا جس کی مسٹر کان تردید کرتے ہیں۔

کان کو ایک اور جنسی مقدمے کا سامنا

اس سلسلے میں ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی کیونکہ محترمہ بینن نے قانون کے تحت تین سال کی مدت کے اندر اندر اس مبینہ واقعہ کی رپورٹ نہیں کی تھی۔

ہدایتکار ایبل فریرا نے بتایا کہ یہ فلم ایک دولت مند اور بااثر شخصیت کی کہانی ہے جس کی شوٹنگ نیویارک، پیرس اور واشنگٹن میں ہوگی۔

اسی بارے میں