’باکس آفس پر کامیابی کی پرواہ نہیں‘

تصویر کے کاپی رائٹ pr
Image caption کوئی مجھے یہ نہ بتائے کہ مجھے کیا کرنا چاہیے:انوراگ

بلیک فرائیڈے، دیو ڈی اور نو سموکنگ جیسی فلمیں بنانے والے فلم ساز انوراگ كشيپ کا کہنا ہے کہ وہ باکس آفس کی پرواہ نہیں کرتے۔

ممبئی میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران انوراگ کا کہنا تھا، ’بالی ووڈ میں میں شاید اكلوتا ایسا انسان ہوں جسے باکس آفس کے نتائج سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ مجھے جیسی فلمیں بنانا پسند ہے میں ویسی ہی فلمیں بناتا ہوں، ہاں یہ ضرور ہے کہ میری فلمیں زیادہ تر لوگوں کو پسند نہیں آتیں‘۔

جہاں انوراگ ایک طرف باکس آفس کی بالکل پرواہ نہیں کرتے وہیں دوسری اور ان کے چھوٹے بھائی ابھینو كشيپ نے اپنی پہلی ہی فلم ’دبنگ‘ سے باکس آفس پر کئی ریکارڈ قائم کیے ہیں۔

دونوں بھائیوں کی سوچ اور کام میں اتنا فرق کیوں ہے؟، اس سوال کا جواب دیتے ہوئے انوراگ کا کہنا تھا، ’میرے والد صاحب نے دو بیٹے پیدا کیے۔ انہوں نے ابھینو سے کہا جا تو پیسے کما اور مجھ سے کہا جا تو نام کما‘۔

انوراگ کی فلمیں بھلے ہی باکس آفس پر کامیاب نہ ہوں لیکن ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے کام سے بے حد خوش ہیں اور انہیں اپنی زندگی سے کوئی شکایت نہیں ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ فلمی دنیا کے بڑے نام ایک اچھی فلم بنانے کے لیے ضروری نہیں، ’ایک اچھی فلم بنانے کے لیے آپ کو بڑے اداکاروں یا اداکاراؤں کی ضرورت بالکل نہیں ہے، ہاں یہ ضرور ہے کہ ایک ’بلاك بسٹر‘ فلم بنانے کے لیے آپ کو ضرور بڑے اداکار چاہیئیں‘۔

اس سوال پر کہ کیا وہ کبھی بڑے فنکاروں کے ساتھ کام نہیں کریں گے، انوراگ کہتے ہیں کہ ’اگر بڑے فنکاروں کو میری طرح کا کام پسند ہے تو میں ضرور ان کے ساتھ کام کرنا چاہوں گا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’مجھے سلمان، شاہ رخ، عامر، اجے، ہریتك، رنبیر تمام کے ساتھ کام کرنے کی خواہش ہے۔ میں ان تمام کے ساتھ کام کرنا چاہوں گا اگر انہیں میرا کام پسند ہو تو۔ بس کوئی مجھے یہ نہ بتائے کہ مجھے کیا کرنا چاہیے‘۔