’امیتابھ بچن کا آپریشن کامیاب، مداح دعاگو‘

تصویر کے کاپی رائٹ bbc
Image caption امیتابھ نے سرجری سے پہلے بھی بلاگ میں مداحوں کی دعاؤں پر ان کا شکریہ ادا کیا

بھارتی اداکار امیتابھ بچن کا ممبئی کے ہسپتال میں کامیاب آپریشن کیا گیا ہے۔

امیتابھ کے بیٹے ابھیشیک بچن نے ایک ٹويٹ میں بتایا ہے کہ ’آپ (مداحوں) کی دعاؤں کا شکریہ، بابو جی کا آپریشن کامیاب رہا ہے۔ وہ ٹھیک ہیں اور آرام کر رہے ہیں‘۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ امیتابھ کی سرجری ممبئی کے اندھیری علاقہ میں واقع سیون ہلز ہسپتال میں ہوئی۔ یہ وہی ہسپتال ہے جہاں گزشتہ سال ایشوریا رائے بچن نے بیٹی کو جنم دیا تھا۔

یہ واضح نہیں کہ انہتر سالہ امیتابھ کو کیا بیماری ہے لیکن انہوں نے نو فروری کو اپنے بلاگ میں کہا تھا ’میرا پیٹ ایک جنگ کا میدان رہا ہے اور اسے یہ بھی جھیلنا پڑے گا‘۔

سنیچر کو آپریشن سے قبل امیتابھ نے بلاگ میں لکھا،’میں ہسپتال میں ٹھیک ہوں اور کچھ طبی تجزیوں کا انتظار کر رہا ہوں جس کے بعد مجھے سونے کی اجازت دی جائے گی‘۔

سنہ انیس سو بیاسی میں فلم ’قلی‘ کے سیٹ پر ایک خطرناک حادثے میں امیتابھ بچن کے پیٹ میں شدید چوٹ لگی تھی جس سے ان کی انتڑیوں کو کافی نقصان پہنچا تھا۔ اس کے بعد سے وہ پیٹ کی بیماری کا شکار رہے ہیں۔

امیتابھ بچن گزشتہ چالیس برس سے بھارتی سینما پر چھائے ہوئے ہیں اور وہ اب تک ایک سو اسّی بھارتی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔

اس کے علاوہ امریکی فلم کمپنی وارنر برادرز کے ایک پروڈیوسر کے مطابق امیتابھ بچن پہلی بار ہالی وڈ کی ایک فلم میں ایک یہودی جواری کا کردار ادا کررہے ہیں۔

بارہ کروڑ ساٹھ لاکھ ڈالر کی لاگت سے تیار ہونے والے اس فلم میں مرکزی کردار اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو ادا کر رہے ہیں۔

اسی بارے میں